وفاقی کابینہ میں توسیع، مزید 3 وزرا نے حلف اٹھالیا‘ حلف اٹھانے والوں میں عمران شاہ، شذرا منصب ‘ ارمغان سبحانی شامل
اشاعت کی تاریخ: 15th, March 2025 GMT
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی +نیٹ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے وفاقی کابینہ میں کی گئی توسیع کے بعد ایوان صدر میں مزید تین وزرا نے حلف اٹھا لیا، جن سے قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے حلف لیا۔ ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں حلف اٹھانے والوں میں سید عمران احمد شاہ، شذرا منصب علی اور ارمغان سبحانی شامل ہیں۔حلف اٹھانے والے سید عمران احمد شاہ کو وفاقی وزیر برائے وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ‘ چوہدری ارمغان سبحانی وزیر مملکت برائے وزارت منصوبہ بندی اور ترقی اور شذرا منصب کو وزیر مملکت برائے وزارت ماحولیاتی تبدیلی کا قلم دان دیا گیا ہے۔ حلف برداری کے بعد تینوں وزرا کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیے گئے ہیں، جس کے مطابق وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد بڑھ کر 54 ہوگئی ہے۔اس وقت وفاقی کابینہ میں 31 وفاقی وزرا، 11 وزرائے مملکت، 4 مشیر اور 8 معاون خصوصی شامل ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: وفاقی کابینہ
پڑھیں:
ڈ ی آئی خان: گھریلو تنازع پر بھائیوں کے درمیان فائرنگ، 4افراد جاں بحق ،2زخمی
ڈیرہ اسماعیل خان کے گائوں شیر کہنہ میں گھریلو تنازع پر بھائیو ں کے درمیان فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی، بیٹی اور ایک رشتے دار شامل ہے۔لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتا ل منتقل کر دیا گیا،پولیس کے مطابق وجہ عداوت معلوم نہ ہوسکی ،پولیس کی جانب سے واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔جاں بحق ہونے والوں میں 55سالہ سعد اللہ ، 24سالہ ابوبکر ، 2 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 14 سالہ اسامہ اور 10 سالہ طفیل شامل ہیں۔