واٹر میٹرز کی تنصیب میں تاخیر ہوئی تو ایمرجنسی نفاذ پر غور کرینگے: ہائیکورٹ
اشاعت کی تاریخ: 15th, March 2025 GMT
لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت میں پی ایچ اے کے کھالے نہ چلنے اور واسا کی جانب سے واٹر میٹرز کی تنصیب میں سست روی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باور کرایا کہ اگر واٹر میٹرز کی تنصیب کے معاملے میں مزید تاخیر کی گئی تو ایمرجنسی نافذ کرنے پر غور کیا جائے گا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ لوڈر رکشہ کو الیکٹرک وہیکل میں تبدیل کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے۔ مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کرتے ہوئے عدالتی احکامات کی عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔ جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ عدالت نے واسا اور ٹرانسپورٹ سے متعلق مزید رپورٹیں آئندہ سماعت پر جمع کرانے کا حکم دیا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے بھی لوڈر رکشہ اور آٹو رکشہ سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ اٹھارہ ٹرانسپورٹ کمپنیوں سے میٹنگز کی گئیں اور انہیں آٹو اور لوڈر رکشہ بنانے کے لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے میٹنگ کرکے لوڈر رکشہ کو الیکٹرک وہیکل میں تبدیل کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ایک کمپنی نے تجویز دی ہے کہ میٹرو سٹیشنز کو چارجنگ پوائنٹس میں بدلا جائے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: لوڈر رکشہ
پڑھیں:
عمران خان کیخلاف توہینِ عدالت کی درخواست سماعت کیلیے مقرر
اسلام آباد:بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کی ہے۔ بینچ 21 مارچ کو اس کیس کی سماعت کرے گا۔
توہینِ عدالت کی درخواست وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کی گئی تھی ۔ یہ درخواست 25 مئی 2022ء کو لانگ مارچ مقررہ مقام کے بجائے ڈی چوک تک آنے پر دائر کی گئی تھی۔
گزشتہ سماعت پر عدالت نے حکومت سے درخواست کی مزید پیروی کرنے یا نہ کرنے پر جواب مانگا تھا ۔ بانی تحریک انصاف کی جانب سے سلمان اکرم راجا نے جواب جمع کروا رکھا ہے ۔ عدالت نے 2022ء میں لانگ مارچ کے لیے گراؤنڈ مختص کرنے کا حکم دیا تھا اور بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے مقررہ مقام تک لانگ مارچ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں لانگ مارچ 26مئی 2022ء کو جناح ایونیو پہنچ کر اختتام پذیر ہوا تھا اور کارکنان نے ڈی چوک کے قریب واقع درختوں کو آگ بھی لگائی تھی۔