لاہور؛ شہری پر تشدد، نجی سیکیورٹی کمپنی کے خلاف کارروائی، دفاتر سیل
اشاعت کی تاریخ: 15th, March 2025 GMT
لاہور:
پنجاب کے محکمہ داخلہ نے بیجنگ انڈر پاس میں نجی سیکیورٹی کمپنی کے گارڈ کی شہری پر براہ راست فائرنگ کے واقعے پر کمپنی کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے دفاتر عارضی طور پر سیل کردیے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق نجی سکیورٹی کمپنی کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سیکیورٹی کمپنی کے دفاتر عارضی طور پر سیل کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی کمپنی پر پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیز (ریگولیشن اینڈ کنٹرول) (ترمیم) ایکٹ، 2004 ضابطے کی پابندی لازم تھی، ضابطے کے مطابق سیکیورٹی کمپنی کسی ایسے شخص کو گارڈ نہیں رکھ سکتی جو ذہنی یا جسمانی طور پر موزوں نہ ہو۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی کمپنی 30 یوم میں شوکاز نوٹس کا تحریری جواب جمع کروانے کی پابند ہے اور غیر تسلی بخش جواب پر سیکیورٹی کمپنی کا لائسنس منسوخ ہوگا۔
مزید بتایا گیا کہ سیکیورٹی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو پیر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان سیکیورٹی کمپنی کے
پڑھیں:
محکمہ داخلہ پنجاب کا تعلیمی نصاب میں گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ آگاہی شامل کرنے کی تجویز
لاہور:محکمہ داخلہ پنجاب نے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں تجویز دی گئی ہے کہ بچوں کو جنسی استحصال اور نامناسب رویوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تعلیمی نصاب میں "گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ" آگاہی شامل کی جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ایک جامع اور مؤثر آگاہی مہم کی ضرورت محسوس کی گئی ہے تاکہ بچوں کو اپنی حفاظت کے بارے میں تعلیم دی جا سکے اور وہ نامناسب رویوں کو پہچاننے اور رپورٹ کرنے کے قابل ہو سکیں۔
محکمہ داخلہ نے تجویز دی ہے کہ ابتدائی کلاسز کے نصاب میں ایک خصوصی ماڈیول شامل کیا جائے جو بچوں کو "گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ" کے حوالے سے آگاہ کرے اور انہیں ممکنہ استحصال اور بدسلوکی سے محفوظ رکھنے میں مدد دے۔
حکومت پنجاب نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ اس حساس معاملے پر فوری کارروائی کی جائے تاکہ بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس حوالے سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر آگاہی مہم چلائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو اس حوالے سے شعور دیا جا سکے۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن اور پنجاب اسمبلی کی رکن سارہ احمد کا کہنا ہے کہ بچوں کو اس اہم موضوع پر تعلیم دینا نہایت ضروری ہے تاکہ وہ کسی بھی نامناسب رویے کو پہچان کر اس کی اطلاع دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پہلے ہی "گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ" کے حوالے سے آگاہی مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور رمضان المبارک کے بعد اس میں مزید تیزی لائی جائے گی۔
سارہ احمد نے مزید کہا کہ جنسی استحصال کا شکار بچے زندگی بھر ذہنی اور جذباتی صدمے کا سامنا کرتے ہیں، لہٰذا یہ ضروری ہے کہ انہیں ابتدا سے ہی اس بارے میں آگاہی دی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس مہم کے ذریعے بچوں کو محفوظ بنایا جائے گا اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جائے گی۔