وفاقی حکومت نے باضابطہ طور پر کرپٹو کونسل قائم کردی
اشاعت کی تاریخ: 14th, March 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی حکومت نے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں باضابطہ طور پر کرپٹو کونسل قائم کر دی، جو مؤثر پالیسی سازی، جدیدیت کے فروغ اور محفوظ مالیاتی نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔
وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پاکستان کرپٹو کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے، وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر برائے پاکستان کرپٹو کونسل بلال بن ثاقب اس کونسل کے سی ای او مقرر کردیے گئے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ بلال ثاقب بلاک چین ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری حکمت عملی اور ڈیجیٹل جدت کے شعبے میں اپنی مہارت کے ذریعے اس اقدام کی قیادت کریں گے۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ پاکستان کرپٹو کونسل کے بورڈ ممبران میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی)، وفاقی سیکریٹری قانون اور وفاقی سیکریٹری شامل ہیں۔
کونسل سے متعلق کہا گیا کہ کونسل کرپٹو اپنانے کے لیے واضح ضابطہ جاتی ہدایات مرتب کرنے کی سفارشات پیش کرے گی، کونسل عالمی کرپٹو اور بلاک چین تنظیموں سے روابط قائم کر کے بہترین عالمی روایات اپنانے میں تجاویز دے گی۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ کونسل مالیاتی ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں اور بلاک چین ڈیولپرز کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ جدت کو فروغ دینے کی تجاویز دے گی۔
اسی طرح کونسل صارفین کے تحفظ اور مالیاتی سلامتی کے لیے مضبوط قانونی اور تعمیلی فریم ورک تیار کرے گی۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ پاکستان کرپٹو کونسل کے قیام سے ملک میں مالیاتی اور تکنیکی ترقی کا نیا باب کھلے گا اور کونسل ملک میں بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے فروغ اور ضابطہ کاری کی جانب ایک نمایاں پیش رفت ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ کونسل کرپٹو اپنانے کے لیے مؤثر پالیسی سازی، جدیدیت کے فروغ اور محفوظ مالیاتی نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاکستان کرپٹو کونسل کونسل کے کرے گی
پڑھیں:
اماراتی گروپ نے کرپٹو کرنسی میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کرکے تاریخ رقم کردی
اماراتی سرمایہ کاری گروپ ایم جی ایکس نے دنیا کے سب سے بڑے کرپٹو ایکسچینج بائنانس میں 2 ارب ڈالر کی بڑی سرمایہ کاری کر دی، جس سے متحدہ عرب امارات اور کرپٹو مارکیٹ کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، یہ معاہدہ کرپٹو انڈسٹری میں اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری میں سے ایک ہے، جسے بائنانس نے اپنی پہلی ادارہ جاتی سرمایہ کاری قرار دیا ہے۔
اس ڈیل کے تحت ایم جی ایکس، بائنانس کا اقلیتی شیئر ہولڈر بن جائے گا اور اسٹیبل کوائن میں سرمایہ کاری کرے گا، جو ڈالر جیسی روایتی کرنسی سے منسلک ایک مخصوص کرپٹو کرنسی ہے۔
بائنانس اور ایم جی ایکس دونوں نے سرمایہ کاری کے مکمل حجم اور گورننس رائٹس پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ تاہم، ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ شراکت داری کرپٹو ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور جدید مالیاتی نظام کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
2017 میں چینی ارب پتی چانگ پینگ ژاؤ المعروف سی زیڈ کے ذریعے قائم کیا گیا بائنانس، بٹ کوائن سمیت دیگر کرپٹو کرنسیز کی عالمی طلب کو پورا کرتے ہوئے دنیا کا سب سے بڑا کرپٹو ایکسچینج بن چکا ہے۔ تاہم، سی زیڈ کو گزشتہ سال امریکی منی لانڈرنگ قوانین کی خلاف ورزی کے اعتراف پر کئی ماہ جیل میں گزارنے پڑے۔
اب، بائنانس کے نئے سی ای او رچرڈ ٹینگ متحدہ عرب امارات کے ساتھ کمپنی کے تعلقات کو مزید مستحکم کر رہے ہیں۔ اس وقت، بائنانس کے 5 ہزار ملازمین میں سے تقریباً ایک ہزار امارات میں کام کر رہے ہیں، جس سے خطے میں کرپٹو انڈسٹری کی ترقی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
ایم جی ایکس کے لیے یہ کرپٹو مارکیٹ میں پہلا بڑا قدم ہے، جو ایک سال قبل جدید ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل فنانس کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ اس شراکت داری کے ذریعے کرپٹو کرنسی کی دنیا میں نئی راہیں کھلنے کی امید کی جا رہی ہے۔