کراچی ایئرپورٹ، جعلی دستاویزات پر 2 بنگلادیشی شہریوں سمیت 3 مسافر آف لوڈ
اشاعت کی تاریخ: 14th, March 2025 GMT
ایف آئی اے نے تینوں مسافروں کو آف لوڈ کرکے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کیلئے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا۔ اسلام ٹائمز۔ ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر جعلی دستاویزات والے تین مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ حکام کے مطابق آف لوڈ کیے گئے مسافروں میں پائن ہنٹ، محمد یعقوب قریشی اور محمد حسین شامل ہیں۔ پائن ہنٹ نامی مسافر جعلی ویزے پر میانمار جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں اس کے پاسپورٹ پر ضروری سیکیورٹی فیچرز غائب پائے گئے، جبکہ پاسپورٹ کو ٹمپرڈ بھی کیا گیا تھا۔ ایک اور کارروائی میں محمد یعقوب قریشی اور محمد حسین نامی مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا، جو کہ بنگلہ دیشی شہری نکلے۔ تفتیش کے دوران ان کے پاس سے بنگلہ دیشی شناختی کارڈ برآمد ہوئے، جن پر مختلف نام درج تھے۔
حکام کے مطابق یہ ملزمان کئی سال قبل غیر قانونی طریقے سے لینڈ روٹس کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوئے اور یہاں مقامی ایجنٹوں کی مدد سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ حاصل کیے۔ مسافر اپنے اہل خانہ سے ملنے بنگلا دیش جا رہے تھے اور پاکستان میں ملازمت کی غرض سے مقیم تھے۔ ایف آئی اے نے تینوں مسافروں کو آف لوڈ کرکے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کیلئے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: مسافروں کو آف لوڈ
پڑھیں:
غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق امریکی ڈالرز کی غیر قانونی خریدوفروخت میں ملوث 3 گرفتار ملزمان کی شناخت واصف احمد ، عثمان مقبول اورعلی جوہن بھوجانی کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کو چھاپہ مارکارروائی میں کراچی سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان سے 7 ہزار امریکی ڈالر برآمد ہوئے۔ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہونے کے شواہد بھی برآمد کر لیے گئے۔ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔