Jang News:
2025-03-14@15:33:07 GMT
ایک پہیے پر لینڈنگ کرنیوالے پی آئی اے طیارے کا لاپتہ ویل مل گیا، پی اے اے
اشاعت کی تاریخ: 14th, March 2025 GMT
قومی ایئرلائن کی پرواز نے گزشتہ روز لاہور میں ایک پہیے پر لینڈنگ کی، لینڈنگ کے وقت اگلے پہیوں میں سے ایک ٹائر غائب تھا، تاہم اب اس کا لاپتہ ویل مل گیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی کراچی لاہور پرواز پی کے 306 کا لاپتہ ویل مل گیا۔
لاہور ایئرپورٹ پر معائنے کےدوران ایک ٹائر غائب ہونے کا پتا چلا، انتظامیہ اور سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ نے تحقیقات شروع کردی۔
لاپتہ ویل جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ریموٹ پارکنگ بے کے پاس سے ملا، ویل شاپ ٹیکنیشنز نے گراؤنڈڈ 777 جہاز کے لینڈنگ گیئر کے قریب سے ویل ملنے کی اطلاع دی۔
پی اے اے کا کہنا ہے کہ ویل کے جہاز سے علیحدہ ہونے کی وجہ سے کسی جانی یا مالی نقصان کے شواہد نہیں ملے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
پی آئی اے پرواز کا پہیہ غائب‘ طیارے کو ایک ٹائر پر لینڈنگ کرنا پڑی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مارچ 2025ء ) لاہور میں قومی ائیر لائن پی آئی اے کی پرواز کا لینڈنگ کے وقت ایک پہیہ غائب ہونے کے انکشاف پر پائلٹ نے طیارے کو ایک ٹائر پر لینڈنگ کرادی۔ جیو نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 کل رات 8 بجے کراچی سے لاہور روانہ ہوئی، روانگی کے بعد کراچی ائیر پورٹ پر طیارے کے کچھ پرزے ملے، تاہم طیارے کے غائب پہیے کا ابھی تک پتا نہیں چلا جو فلائٹ سیفٹی کی سنگین غلطی ہے، طیارے کے اگلے پہیوں میں دو ٹائر ہوتے ہیں لیکن لاہور میں لینڈنگ کے وقت ایک ٹائر غائب تھا جس پر قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 306 کو لاہور میں ایک پہیے پر ہی لینڈنگ کرنا پڑی، جہاز نے لاہور میں بحفاظت اور ہموار لینڈنگ کی کیوں کہ جہاز میں ایسی صورتحال کیلئے گنجائش موجود ہوتی ہے۔(جاری ہے)
اس معاملے پر ترجمان قومی ائیر لائن نے کہا کہ گزشتہ رات کراچی سے روانہ ہونے والی پرواز پی کے 306 پر لاہور لینڈنگ کے وقت ایک پہیہ کم تھا، انتظامیہ اور سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، حتمی رپورٹ آنے پر اصل وجہ سامنے آئے گی تاہم ابتدائی مشاہدے کے مطابق کراچی رن وے پر ممکنہ طور پر کسی بیرونی چیز کے ٹکرانے کے باعث پہیہ خراب ہوا۔ علاوہ ازیں پی آئی اے کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے طیارے میں بھی تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، پی آئی اے کا طیارے میں تکنیکی مسائل کے باعث روانگی سے قبل دو مرتبہ رن وے سے واپس لوٹ آیا، طیارے میں فلائٹ کنٹرول سٹیٹس پیغام کی خرابی سامنے آئی، اس پر پائلٹ نے احتیاطی تدابیر کے تحت طیارے کو واپس موڑ لیا، تکنیکی خرابی کے باعث پرواز تاخیر کا شکار ہو گئی۔