ریلوے اسٹیشنز کی سولرائزیشن کا آغاز
اشاعت کی تاریخ: 14th, March 2025 GMT
لاہورریلوے ڈویژن نے پی سی ون کے تحت ریلوے اسٹیشنز کی سولرائزیشن پر منتقلی کے کام کا آغاز کر دیا ہے۔
رائیونڈ ریلوے اسٹیشن کی سولر پر مکمل منتقلی کے بعد گوجرانوالہ اور گجرات ریلوے اسٹیشنوں کی سولرائزیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر لاہور محمد ناصر کے مطابق ریلوے لاہور ڈویژن کے 14 بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر سولرائزیشن سسٹم انسٹال کیا جائے گا جن میں اوکاڑہ، اوکاڑہ کینٹ، سانگلہ ہل، چک جھمرہ، کوٹ لکھپت، والٹن، لاہور کینٹ، چھانگا مانگا، کالا شکاکو اور کوٹ رادھا کشن شامل ہیں۔
سولر سسٹم کی تنصیب کے بعدایک ریلوے اسٹیشن سے 3 ہزار یونٹ بجلی بچت کے ساتھ ماہانہ 15 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔ اسی طرح ریلوے لاہور ڈویژن میں سولرائزیشن سے ادارے کو ماہانہ 2 کروڑ 10 لاکھ روپے بجلی کی مد میں بچت ہوگی۔ ڈویژنل الیکٹریکل انجینیئر پاور نے مزید کہا کہ ڈی ایس ریلوے لاہور ڈویژن محمد حنیف گل کی لیڈرشپ میں سولرائزیشن پروجیکٹ جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
ریلوے اسٹیشنوں کی سولر پر منتقلی کے حوالے سے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور محمد حنیف گل کا کہنا ہے کہ سولرائزیشن سے اسٹیشنوں کو بلا تعطل بجلی دستیاب رہے گی جس سے ٹرین آپریشن مزید بہتر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں کی سولرائزیشن پر منتقلی سے محکمے کو ریونیو میں خاطرخواہ بچت ہوگی۔ واضح رہے ریلوے لاہور ڈویژن نے پی سی ون کے تحت سب سے پہلے سولرائزیشن سسٹم پر کام کا آغاز کیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ریلوے اسٹیشنوں کی سولرائزیشن
پڑھیں:
کراچی، اے وی ایل سی سائٹ ڈویژن کا مبینہ پولیس مقابلہ، بدنام زمانہ ڈکیت ہلاک
کراچی:شہر قائد میں اے وی ایل سی سائٹ ڈویژن نے مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈکیت کو ہلاک کر دیا۔
ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت عبدالواجد کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق عبدالواجد بدنام زمانہ لاشاری گینگ کا سرگرم رکن تھا اور کراچی میں کاریں چھیننے، چوری کرنے سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کے خلاف قتل، چوری، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں کے متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا تھا۔
یہ پولیس مقابلہ قبر والی گلی نزد حبیب چورنگی سائٹ اے کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس نے ملزم سے شارع نور جہاں کی حدود سے چوری شدہ سوزوکی ہائی روف اور 30 بور پستول برآمد کیے ہیں۔
برآمد شدہ سوزوکی ہائی روف 8 فروری 2025 کو چوری کی گئی تھی، جس کا مقدمہ الزام نمبر 12/2025 درج کیا گیا تھا۔
مزید تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ عبدالواجد کے خلاف بہاولپور میں بھی متعدد مقدمات درج ہیں۔