سپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز، پاکستان نے گولڈ سمیت 4 میڈل جیت لئے
اشاعت کی تاریخ: 14th, March 2025 GMT
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں پاکستانی اتھلیٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گولڈ، ایک سلور اور 2 کانسی کے تمغے جیت لئے۔ اٹلی میں ہونے والے کراس کنٹری سکینگ مقابلے میں پاکستان نے گولڈ میڈل جیت لیا۔ پاکستان کے منیب الرحمٰن نے کراس کنٹری سکینگ ایونٹ میں مردوں کی 50 میٹر ریس میں پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا۔ کراس کنٹری سکینگ کے ویمنز ایونٹ میں پاکستان کی روبینہ قربان نے خواتین کی 50 میٹر ریس میں دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کیا۔ ورلڈ ونٹرگیمز میں سنو شوئنگ 200 میٹر کی ریس میں پاکستان کے صبور احمد اور علی رضا نے کانسی کا تمغہ جیت لیا جبکہ مناہل نے چوتھی، تبسم ناصر اور شاہ گالون پانچویں، آفاق خان چھٹی اور اقراء اکرم نے ساتویں پوزیشن حاصل کی۔ گولڈ میڈلسٹ منیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پہلی بار ورلڈ ونٹر گیمز میں حصہ لیا ہے جس کیلئے پچھلے 7 سال سے تیاری کر رہا تھا۔ میرے کوچز شمائلہ ارم اور محمد سلیم نے میری ٹریننگ پر بھرپور توجہ دی، میری خواہش ہے کہ آنے والے انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کے لیے مزید میڈلز جیت سکوں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پاکستان سپر لیگ میں مزید 2 ٹیمیں شامل کرنیکا فیصلہ
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں مزید 2 ٹیمیں شامل کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ سال کے آخر تک ہمیں پی ایس ایل کے لیے مزید 2 مزید ٹیمیں مل سکتی ہیں۔خیال رہے کہ اس وقت پی ایس ایل میں 6 ٹیمیں ہیں جن میں کراچی کنگز، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز شامل ہیں۔ مزید 2 ٹیموں کی شمولیت کے بعد پی ایس ایل کی ٹیموں کی تعداد 8 ہوجائیگی۔ پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیرکا مزیدکہنا تھا کہ اس لیگ کا آغاز ایسے وقت ہوا تھا جب پاکستان میں کرکٹ نہیں ہو رہی تھی جسے واپس ملک میں لانا چیلنج تھا اور اب جب ہم اس میں کامیاب ہوچکے ہیں تو ہمارا اگلا ہدف ان چار شہروں (لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان) کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی میچز کروانا ہیں۔پی ایس ایل 2026 کے میچز پشاور سمیت دیگر نئے شہروں میں بھی کروائے جائیں گے۔ سی ای او پی ایس ایل نے یہ نہیں بتایا کہ پی ایس ایل میں شامل ہونے والی مزید 2 ٹیمیں کونسی ہوں گی اور ان کے کیا نام ہوں گے۔دوسری جانب پی سی بی کے مطابق 2025 کے سیزن میں 8 اپریل کو پشاور پی ایس ایل کے نمائشی میچ کی میزبانی کرے گا۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا۔ راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان افتتاحی میچ سمیت 11 میچ ہوں گے جب کہ قذافی اسٹیڈیم 18 مئی کو فائنل سمیت 13 میچوں کی میزبانی کریگا، کراچی اور ملتان پی ایس ایل کے پانچ پانچ میچوں کی میزبانی کریں گے۔پی ایس ایل کا فائنل 18 مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔