قومی اسمبلی میں جعفر ایکسپریس پر مذمتی قرارداد متفقہ منظور
اشاعت کی تاریخ: 14th, March 2025 GMT
کسی بھی گروہ کو ملک کے امن، خوشحالی اور خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں
عوام دہشت گردی کیخلاف متحد ہو جائیں، تمام شکلوں میں انتہا پسندی کو مسترد کیا جائے
قومی اسمبلی میں جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے پر مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔قرارداد وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے قومی اسمبلی میں پیش کی۔ قرارداد پر اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان کے دستخط موجود ہیں۔قرارداد کے متن کے مطابق جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے اور شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے اور ملک کے امن کو تہہ و بالا کرنے والی دہشت گردی کی تمام کارروائیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں، قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا عزم کرتی ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی گروہ، کوئی فرد کو ملک کے امن، خوشحالی اور خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، ملک کی علاقائی حدود میں خوف، نفرت یا تشدد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔قرارداد میں کہا گیا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی کی کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے انتھک محنت کرنے کا عہد کرتے ہیں۔قرارداد کے مطابق ایوان ان بہادر مردوں اور خواتین کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے اس المناک واقعے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، افواج پاکستان، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کے غیر متزلزل عزم، بہادری اور شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور پاکستان کی سالمیت کے تحفظ کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اس واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو بے اثر کرنے میں ان کی بہادرانہ کوششیں ہماری سیکیورٹی فورسز کے عزم اور تیاری کی عکاسی کرتی ہیں۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام بلاتفریق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہو جائیں، تمام شکلوں میں انتہا پسندی کو مسترد کیا جائے اور آنے والی نسلوں کے لیے ہماری قوم کے امن، تحفظ اور خوشحالی کو یقینی بنایا جانا چاہے۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
بلوچستان اسمبلی : دہشت گردی کے واقعات، بلوچ خواتین کو خود کش بمبار بنانے کے خلاف قرارداد پیش
کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں مشیر کھیل مینا مجید نے دہشت گردی کے واقعات اور بلوچ خواتین کو خود کش بمبار بنانے کے خلاف قرارداد پیش کی۔ اجلاس میں جعفرایکسپریس دہشت گردی میں جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اسپیکرعبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلی سرفراز بگٹی سمیت حکومتی اراکین اسمبلی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ کی مشیربرائےکھیل مینا مجید نے بلوچ خواتین کو خودکش بمبار بنانے، دہشت گردی واقعات کے خلاف قرارداد ایوان میں پیش کردی۔
مینا مجید نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین خود کش بمبار کا بڑھنا انسانیت کیلئے خطرہ ہے، دہشتگرد تنظیمیں بلوچ خواتین کو مذموم مقاصد کیلئے استعمال کر رہی ہیں۔
مشیر وزیراعلٰی برائے کھیل نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد تنظیمیں دشمن کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کار فرما ہیں، دہشتگرد تنظیمیں بلوچ خواتین کی نسل کشی کررہی ہیں۔ حکومت دہشت گرد گروہوں کے خلاف فوری کارروائی یقینی بنائے۔
اجلاس کے دوران نومنتخب رکن اسمبلی علی مدد جتک نے اسمبلی کی رکنیت کا حلف لے اٹھا لیا۔ اجلاس میں شہداء کیلئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔
اسمبلی سیشن میں صوبائی وزیر سردار عبد الرحمان کھیتران نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں دہشتگردوں کے حوالے سے اظہارکیا تھا، گزشتہ روزجان سے مارنے کی دھمکیاں اورگالم گلوچ دی گئیں، جومعصوم شہریوں کو مارتے ہیں وہ دہشت گرد ہیں۔