آج پاکستان میں جگہ جگہ ریاست کے اندر ریاستیں بن رہی ہیں، فاروق ستار
اشاعت کی تاریخ: 13th, March 2025 GMT
فاروق ستار— فائل فوٹو
متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی فاروق ستار نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں جگہ جگہ ریاست کے اندر ریاستیں بن رہی ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی ہے جو پوری قوم کی ترجمانی کرتی ہے، ہم جعفر ایکسپریس واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ درخواست ہے کہ اس واقعے کی مذمت تک نہ محدود رہا جائے بلکہ دہشتگردی کو روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، ہماری سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے یرغمالیوں کو بازیاب کروایا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کرنے والے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جانیں دینے والے مرد و خواتین شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دہشت گردی کے ایسے واقعات ملکی سلامتی اور ملکی ترقی کے خلاف ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی فاروق ستار نے ایوان میں شعر سنایا جس سے ایوان میں قہقہے لگ گئے۔
فاروق ستار نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاس ہر طرح کا اسلحہ ہے، آج قومی اتفاق رائے اور قومی ایجنڈے پر متفق ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری قومی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر حکمت عملی بنانا ہوگی، نیشنل ایکشن پلان میں تھا کہ آرٹیکل 140 اے کی صحیح تشریح کر کے نمائشی جمہوریت کے بجائے حقیقی جمہوریت قائم کی جائے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ آج وقت کی پکار ہے کہ قومی اتفاق رائے سے ایک نیشنل ایجنڈا واضح کریں، وزیراعظم ایک آل پارٹیز کانفرنس بلائیں جیسا اے پی ایس واقعے کے بعد ہوا۔
فاروق ستار بولے کہ بلوچستان میں کچھ بھی ہوتا ہے اس کا اثر کراچی پر ہوتا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: فاروق ستار نے کہا قومی اسمبلی نے کہا کہ
پڑھیں:
پارلیمنٹ کی بالادستی پر زور، دہشتگرد پاکستان کا امن سبوتاژ نہیں کر سکتے: نوازشریف
اسلا آباد (خبر نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ کی بالادستی، عوامی مفاد میں قانون سازی اور جمہوریت کے استحکام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارٹی کے امور اور پارلیمانی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے نواز شریف کو قومی اسمبلی کے جاری اجلاس، قانون سازی کے عمل، اہم پارلیمانی امور اور سولہویں قومی اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران نواز شریف نے پارلیمنٹ میں جاری اپوزیشن کے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے باوجود ایوان کی کارروائی کو بہتر انداز میں چلانے پر سپیکر قومی اسمبلی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں اور انہیں ہنگامہ آرائی، نعرے بازی اور احتجاج کی سیاست سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط پارلیمنٹ ہی ملک میں سیاسی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ دریں اثناء مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستان کا امن سبوتاژ نہیں کر سکتے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید رنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے امن و امان کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں۔ نواز شریف نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، اللہ تعالٰی ان کے درجات بلند کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔