دہشت گرد امن کیلئے عزم متزلزل نہیں کر سکتے ، وزیراعظم، آج کوئٹہ میں اجلاس طلب
اشاعت کی تاریخ: 13th, March 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خبرنگار خصوصی+ اے پی پی) وزیراعظم شہبازشریف نے ٹرین حملے پر گفتگو کرتے کہا کہ دہشت گرد امن کیلئے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل کرنے اور یرغمال شہریوں کو بحفاظت بازیاب کرنے پر پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور فوج کے سپہ سالار کی متحرک قیادت کی بدولت جعفر ایکسپریس آپریشن کی بغیر کسی بڑے نقصان کے تکمیل ممکن ہوئی۔ آپریشن انتہائی مہارت کے ساتھ کیا گیا۔ ہمارے بہادر جوانوں اور افسروں نے بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کا دین اسلام اور اس ملک سے کوئی تعلق نہیں۔ معصوم شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو ہر محاذ پر شکست دینے کے لیے پر عزم ہیں۔ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔ دہشتگرد حملے سے پوری قوم صدمے میں ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آج دہشتگردی کی روک تھام کیلئے اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر لیا۔ وزیراعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کوئٹہ جائیں گے جہاں وہ امن و امان کی صورتحال پر اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزیراعظم کو جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے پر بریفنگ دی جائے گی اور دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے اہم فیصلے بھی کئے جائیں گے۔ دوران اجلاس سکیورٹی ادارے جعفر ایکسپریس آپریشن کی مکمل تفصیلات بتائیں گے جبکہ وزیراعظم سانحہ جعفر ایکسپریس میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ میں بھی شریک ہوں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جعفر ایکسپریس کے حوالے سے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ابھی میری وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے مجھے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گردی کے گھناؤنے حملے کے تازہ ترین حالات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ معصوم جانوں کے ضیاع پر پوری قوم غم زدہ ہے، ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران درجنوں دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف سے مختلف چیمبرز آف کامرس کے صدور نے ملاقات کی۔ چیمبرز صدور نے معاشی استحکام پر حکومتی ٹیم کی تعریف، مشاورت پر اظہار تشکر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام وزارتیں چیمبرز کی مشاورت اور تجاویز پر پالیسی اقدامات کا لائحہ عمل پیش کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کا حصول پہلا زینہ ہے۔ ملکی ترقی کا سفر اب شروع ہوا ہے۔ تمام وزارتیں چیمبرز آف کامرس سے مشاورت کے بعد بجٹ کے لئے لائحہ عمل پیش کریں۔ پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ تاجروں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔ حکومت بھرپور ساتھ دے گی۔ کاروباری برادری کی سہولت کیلئے ہرممکن اقدام اٹھا رہے ہیں۔ تاجر ٹیکس ریونیو میں اضافے کیلئے سسٹم میں اصلاحات پر تجاویز دیں۔ شرکاء نے کہا کہ آپ کی قیادت میں ملک معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ بجٹ کے مشاورتی عمل میں شامل کرنا خوش آئند ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: وزیراعظم نے کہا کہ جعفر ایکسپریس شہباز شریف
پڑھیں:
جعفر ایکسپریس حملے میں زخمی 29 افراد کوئٹہ منتقل
جعفر ایکسپریس حملے میں زخمی ہونے والے 29 افراد کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق 16 زخمیوں کو سی ایم ایچ اور 13 کو سول اسپتال لایا گیا ہے، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ریلوے پولیس کے مطابق حملے میں شہید افراد میں ریلوے پولیس اہلکار شمروز بھی شامل ہے۔ زخمیوں کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے ان کی بھرپور مدد کی۔
واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس کے یرغمالی مسافر بازیاب ہوگئے اور تمام 33 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔
مزید پڑھیں: جعفر ایکسپریس حملہ: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل، تمام دہشتگرد ہلاک، 21 مسافر اور 4 جوان شہید
نجی ٹی وی سے گفتگو میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہناتھاکہ بولان میں 11 مارچ کو دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا اور دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کو نشانہ بناکر جعفر ایکسپریس کو روکا اور ریلوے حکام نے بتایا ٹرین میں 440 افراد موجود تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا لیکن آپریشن سے قبل دہشگردوں کی بربریت میں 21 مسافر شہید ہوگئے جبکہ ایف سی کے 4 جوان شہید ہوئے جن میں سے 3 ایف سی کے جوانوں کو قریبی پکٹ پر دہشتگردوں نے کلیئرنس آپریشن سے پہلے شہید کیا تھا اور ایک جوان گزشتہ روز آپریشن کے دوران شہید ہوا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
آئی ایس پی آر جعفر ایکسپریس زخمی کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف