افغانستان میں موجود دہشت گرد سرغنہ کی ہدایت پر جعفر ایکسپریس حملہ کیا گیا، آئی ایس پی آر
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
راولپنڈی:
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بلوچستان کے علاقے میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے سے متعلق کہا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد سرغنہ کی ہدایت پر یہ حملہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج متاثرہ خاندانوں اور بازیاب کرائے گئے یرغمالیوں کی مکمل معاونت فراہم کر رہی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ حملہ افغانستان میں موجود دہشت گرد سرغنہ کی ہدایت پر کیا گیا، جو واقعے کے دوران حملہ آوروں سے براہ راست رابطے میں تھے۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
مزید کہا گیا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر قائم ہیں، معصوم شہریوں اور بہادر فوجیوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے جعفر ایکسپریس حملے کے بعد یرغمال بنائے گئے مسافروں کو بازیاب کروایا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کرتے ہوئے وہاں موجود تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن سے پہلے 21 مسافر اور ایف سی کے 4 اہلکار شہید ہوئے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: آئی ایس پی آر میں کہا کہا گیا کہ
پڑھیں:
جعفر ایکسپریس حملہ؛ پاکستان ریلوے نے بلوچستان کیلئے ٹرین سروس معطل کردی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مارچ 2025ء ) جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد بلوچستان کے لیے ٹرین سروس معطل کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے عارضی طور پر پنجاب اور سندھ سے بلوچستان کے لیے اپنے آپریشنز کو معطل کر دیا، اس حوالے سے پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علی بلوچ نے بتایا کہ بلوچستان میں حالات معمول پر آنے تک ٹرینیں عارضی طور پر معطل کی ہیں، بلوچستان کے لیے تمام مسافر اور مال بردار ٹرینیں سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے علاقے کی کلیئرنس تک معطل رہیں گی، سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو سبی سے جعفر ایکسپریس کے ساتھ پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے مقام تک پہنچانے کے لیے بھی خصوصی ٹرین چلائی گئی، ہم پاکستان کی سلامتی کے اداروں کے ساتھ اس حوالے سے رابطے میں ہیں، تاہم یہ نہیں بتاسکتے اس وقت زمینی صورتحال کیا ہے۔(جاری ہے)
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس ڈاؤن لاہور سے شام ساڑھے 5 بجے روانہ ہوگی اور روہڑی /سکھر اس کی آخری منزل ہوگی، اب جعفر ایکسپریس کوئٹہ تک نہیں چلائی جائے گی، پاکستان ریلوے نے 2 ٹرینیں شاہ لطیف ایکسپریس اور پاک بزنس ٹرین کو کم ریزرویشن کی وجہ سے منسوخ کردیا ہے جن مسافروں نے ان دونوں ٹرینوں میں سفر کے لیے بکنگ کرائی تھی، انہیں قراقرم اور کراچی ایکسپریس کے ذریعے ان کی منزل تک پہنچادیا جائے گا۔ یاد رہے کہ جعفر ایکسپریس گزشتہ روز صبح نو بجے کوئٹہ سے روانہ ہوئی جو ٹنل نمبر آٹھ پر رکی جہاں دہشت گردوں نے سوا 1 بجے کے قریب حملہ کیا، جعفرایکسپریس کوئٹہ سے پشاور جارہی تھی، جعفر ایکسپریس 9 بوگیوں پر مشتمل ہے جس میں 430 سے زائد مسافر سوار تھے، دہشت گردوں نے ٹرین پر حملے کے دوران شدید فائرنگ کی، فائرنگ کے واقعے سے خوف و ہراس پھیل گیا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے ٹرین ڈرائیور جاں بحق ہوا۔