سلمان اور شاہ رخ خان سے متعلق خوفناک پیشگوئی، مداح نجومی پر برس پڑے
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
بالی ووڈ کے دو بڑے ستارے شاہ رخ خان اور سلمان خان کے مداحوں کے لیے حال ہی میں ایک ایسی خبر سامنے آئی ہے جس نے انہیں ہلا کر رکھ دیا۔ ماہر نجوم سشیل کمار سنگھ نے دونوں اداکاروں کی موت کی پیشگوئی کردی ہے، جس پر سوشل میڈیا پر مداحوں کا غم و غصہ دیکھنے کو ملا۔
شاہ رخ خان اور سلمان خان بالی ووڈ کے وہ نام ہیں جن کی ہر فلم ریلیز پر تھیٹرز ہاؤس فل ہوجاتے ہیں۔ لیکن اب ان کے کیریئر کی کامیابیوں اور ناکامیوں سے آگے بڑھ کر ایک نجومی نے ان کی موت کی پیشگوئی کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔
حال ہی میں سدھارتھ کنن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سشیل کمار سنگھ نے کہا، ’’شاہ رخ خان کا وقت تو ٹھیک چل رہا ہے، لیکن سلمان خان کےلیے 2025، 2026 اور 2027 بہت خراب سال ہوں گے۔ دونوں اداکاروں میں ایک مماثلت ہے۔ سلمان خان کو جلد ہی ایک بہت بڑی بیماری کی تشخیص ہوگی، جس کا نام نہیں لیا جاتا۔ یہ بیماری لاعلاج ہوگی اور ان کا انجام بہت برا ہوگا۔ شاہ رخ خان اور سلمان خان دونوں کا انتقال ایک ہی سال میں ہوگا، اور وہ 67 سال کی عمر میں اس دنیا کو چھوڑ جائیں گے۔‘‘
نجومی کے اس دعوے نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کردیا۔ مداحوں نے اس پیشگوئی کو غیر ذمے دارانہ اور غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی۔ ایک صارف نے لکھا، ’’یہ صاحب بھگوان بنے بیٹھے ہیں۔ کیا کیا لوگ دنیا میں رہتے ہیں!‘‘ جب کہ ایک اور صارف نے کہا، ’’یہ انتہائی غیر ذمے دارانہ حرکت ہے۔ کسی کی زندگی کے بارے میں اس طرح کی بات کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں۔ خدا کا خوف کریں!‘‘
یاد رہے کہ یہ وہی نجومی ہیں جنہوں نے پہلے بھی کئی مشہور شخصیات کے بارے میں پیشگوئیاں کی تھیں، جن میں سے اکثر غلط ثابت ہوئیں۔ مثال کے طور پر، انہوں نے سوناکشی سنہا اور ایشوریا رائے بچن کی طلاق کی پیشگوئی کی تھی، لیکن دونوں جوڑے آج بھی خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر مداحوں کا کہنا ہے کہ ایسی پیشگوئیاں نہ صرف غیر حقیقی ہیں، بلکہ یہ اداکاروں اور ان کے خاندانوں کے لیے بھی تکلیف دہ ہیں۔ انہوں نے نجومیوں کو خبردار کیا کہ وہ کسی کی زندگی کے بارے میں اس طرح کی بات کرنے سے پہلے سوچیں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا سشیل کمار سنگھ کی یہ پیشگوئی سچ ثابت ہوتی ہے یا پھر یہ بھی ان کی پچھلی پیشگوئیوں کی طرح غلط ثابت ہوگی۔ لیکن فی الحال، شاہ رخ خان اور سلمان خان کے مداحوں کے لیے یہ خبر ایک صدمے سے کم نہیں ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: شاہ رخ خان اور سلمان خان
پڑھیں:
مداحوں کو بڑا جھٹکا ،جنوبی کوریا کے معروف گلوکار چل بسے
جنوبی کوریا کے 43 سالہ معروف گلوکار وی سنگ چل بسے۔
کورین میڈیا کے مطابق 43 سالہ معروف گلوکار کا انتقال دارالحکومت سیؤل میں ہوا۔ رپورٹس میں کہا گیا ہےکہ گلوکار کے گھر سے کال آنے کے بعد پولیس اور ریسکیو عملہ گھر پہنچا تو وہ انتقال کرچکے تھے۔پولیس نے گلوکار کی موت کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
دوسری جانب گلوکار کی ایجنسی نے بیان میں کہا ہے کہ وی سنگ کو گھر میں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، ان کا انتقال فیملی، دوستوں اور انڈسٹری کیلئے بڑا نقصان ہے۔دوسری جانب کورین ایک اور معروف گلوکار کانگ چانگ مو (کے سی ایم) نے 15 مارچ کو ہونے والا کنسرٹ بھی منسوخ کردیا۔ اس کنسرٹ میں ان کے ساتھ وی سنگ کو بھی پرفارم کرنا تھا۔خیال رہے کہ وی سنگ گلوکار، رائٹر، ڈانسر اور تھیٹر اداکار بھی تھے، انہوں نے کئی مشہور گانے خود لکھے تھے۔