نیشنل ٹی20 کپ؛ شعیب، وہاب جیسے بزرگ جلوہ افروز ہوں گے؟
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
نیشنل ٹی20 کپ کے آغاز 14 مارچ سے ہوگا، جہاں ایک مرتبہ پھر بزرگ کھلاڑی ایکشن میں دیکھائی دیں گے۔
ایونٹ میں 16 ریجنز کی 18 ٹیمیں حصہ لیں گی، ٹورنامنٹ میں 39 میچز 3 شہروں فیصل آباد، لاہور اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
نیشنل ٹی20 کپ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم ایکشن میں دیکھائی نہیں دیں گے، ان کا نام کسی بھی اسکواڈ میں شامل نہیں ہے۔ چند روز قبل بابرکے والد اعظم صدیقی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں عندیہ دیا تھا کہ آؤٹ آف فارم بابراعظم نیشنل ٹی20 ایونٹ میں حصہ لیں گے مگر گزشتہ روز سامنے آنے والے اسکواڈز میں سے کسی بھی ٹیم میں بابر شامل نہیں ہیں۔
انہیں سلیکشن کمیٹی نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹی 20 اسکواڈ میں شامل نہیں کیا تھا، جس پر ان کے والد نے بابراعظم کی ڈومیسٹک ایونٹ میں شرکت کا عندیہ دیا تھا۔
اسی طرح نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے والے محمد رضوان بھی نیشنل ٹی20 کپ میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔
تاہم اس کے برعکس 43 سالہ آل راؤنڈر شعیب ملک سیالکوٹ ریجن کی نمائندگی کریں گے، اس ریجن سے نوجوان کھلاڑیوں اذان اویس اور شاہزیب بھٹی کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔
سیالکوٹ کو قائداعظم ٹرافی کا فائنل جتوانے والے کھلاڑی شاہزیب کو اسکواڈ کا حصہ نہ بنانے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تنقید کی جارہی ہے۔
دوسری جانب شدید تنقید کے بعد وہاب ریاض نے نیشنل ٹی20 کپ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم انکی جگہ نوجوان فاسٹ باؤلر احمد بشیر کو لاہور وائٹس کے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: اسکواڈ میں نیشنل ٹی20 کپ
پڑھیں:
چیمپئنز ٹرافی فائنل: اختتامی تقریب میں پاکستان کو نظرانداز کرنے پر شعیب اختر نے بھی سوال اٹھادیا
چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تقریب تقسیم انعامات میں ٹورنامنٹ کے میزبان پاکستان کو مکمل نظر انداز کرنے پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی سوال اٹھادیا۔
ذرائع کے مطابق تقریب میں میزبان ملک کی نمائندگی روایت رہی ہے لیکن آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے کسی بھی عہدیدار کو مدعو نہیں کیا جس نے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پی سی بی چیئرمین محسن نقوی صحت کی وجوہات کی بنا پر دبئی نہیں جاسکے تاہم پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد سید فائنل میچ کے موقع پر دبئی اسٹیڈیم میں ہی موجود تھے لیکن اس کے باوجود آئی سی سی نے انہیں تقریب میں شامل نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق تقریب میں کون اسٹیج پر موجود ہوگا اس کا مکمل اختیار آئی سی سی کے پاس تھا، لیکن اس کے باوجود سمیر احمد سید کو اسٹیج پر نہیں بلایا گیا جبکہ تقریب میں بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی، سیکریٹری دیوجیت سائقیا، نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی راجر ٹووز اور آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ مدعو تھے۔
اس صورتحال کو کرکٹ حلقے پاکستان کے ساتھ جان بوجھ کر کیا گیا ناروا سلوک قرار دے رہے ہیں جبکہ پی سی بی بھی اس صورتحال سے ناخوش ہے، فی الحال آئی سی سی کی جانب سے اس پر کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔
شائقین کرکٹ نے اس فیصلے پر بھی سوال اٹھایا ہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کو ٹرافی اسٹیج پر لانے کی ذمہ داری دی گئی جبکہ 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے فاتح پاکستانی کپتان سرفراز احمد کو نظر انداز کیا گیا جس سے پاکستانی مداح مزید نالاں دکھائی دے رہے ہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ میں خدمات کو نظر انداز کرنے کی سوچی سمجھی کوشش لگتا ہے خاص طور پر جب پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کی شاندار میزبانی کرکے اسکا کامیاب انعقاد ممکن بنایا ہے۔
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تقریبِ تقسیم انعامات میں پاکستان کی نمائندگی نہ ہونے پر شدید حیرت کا اظہار کیا ہے۔
شعیب اختر نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ بھارت نے آج چیمپئنز ٹرافی جیت لی لیکن میں نے ایک عجیب چیز نوٹ کی۔ پاکستان اس ٹورنامنٹ کا میزبان تھا لیکن تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔
شعیب اختر نے کہا کہ یہ بات میری سمجھ سے بالاتر ہے، ہمیں سوچنا چاہیے کہ آخر ایسا کیوں ہوا؟ یہ ایک عالمی اسٹیج تھا، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ میں وہاں پی سی بی کا کوئی رکن نہیں دیکھ سکا، یہ دیکھ کر دل بہت اداس ہوا، یہ واقعی میری سمجھ سے باہر ہے، ایسا کیسے ہو سکتا ہے؟۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان کے لیے 29 سال بعد پہلا بڑا ایونٹ تھا، لیکن میزبان ٹیم کو گروپ مرحلے میں ہی نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہونا پڑا جس پر پاکستانی شائقین پہلے ہی مایوس تھے۔
Post Views: 1