محسن نقوی کا 100 سے زائد مسافروں کو بازیاب کرانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
وزیر داخلہ محسن نقوی نے جعفر ایکسپریس کے 100 سے زائد مسافروں کو بازیاب کرانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 16 سے زائد دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنایا، زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نہتے مسافروں پر حملہ غیر انسانی فعل ہے، معصوم مسافروں پر حملہ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں بلوچستان میں دہشتگردی کے ذریعے ملک میں عدم استحکام کی سازش کررہی ہیں، قوم کی حمایت سے ایسی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز
پڑھیں:
جعفرا ایکسپریس حملہ، وفاقی وزیر داخلہ کا وزیر اعلیٰ بلوچستان سے رابطہ
اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی سے مسلسل رابطہ قائم رکھا۔
وفاقی وزیرداخلہ نے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے موثر آپریشن کی تحسین کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور یہ تعاون جاری رکھا جائے گا۔
محسن نقوی نے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کو دلیر اور محنتی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما مل کر دہشتگردوں کا صفایا کریں گے اور اس بات کا عہد کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے آخری حد تک جایا جائے گا۔
محسن نقوی نے دہشتگردی کے خاتمے اور بلوچستان میں امن قائم رکھنے کے لیے حکومت کی پختہ عزم کا اعادہ کیا اور سکیورٹی فورسز کو بھرپور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔