صوبائی وزرا اور حکام کی بازیاب مسافروں سے ملاقات، ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
کوئٹہ:
جعفر ایکسپریس کے سانحے کے متاثرہ مسافروں سے صوبائی وزرا ظہور بلیدی اور بخت محمد کاکڑ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے ملاقات کی۔
اس موقع پر صوبائی وزرا نے مسافروں کی مزاج پرسی کی اور ان سے اظہار ہمدردی کیا۔ وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ ہم مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے، اور حکومت اور سیکورٹی ادارے مسافروں کو جلد باحفاظت بازیاب کرانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر صحت بخت کاکڑ نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی اور اضافی طبی عملے کو طلب کیا گیا تھا۔
صوبائی وزیر صحت نے ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ کو مسافروں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام متاثرین کو بہترین طبی سہولت فراہم کی جائے گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
محسن نقوی کا 100 سے زائد مسافروں کو بازیاب کرانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیر داخلہ محسن نقوی نے جعفر ایکسپریس کے 100 سے زائد مسافروں کو بازیاب کرانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 16 سے زائد دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنایا، زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نہتے مسافروں پر حملہ غیر انسانی فعل ہے، معصوم مسافروں پر حملہ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں بلوچستان میں دہشتگردی کے ذریعے ملک میں عدم استحکام کی سازش کررہی ہیں، قوم کی حمایت سے ایسی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔