Juraat:
2025-03-12@01:32:40 GMT

اُمّ المومنین سیدہ خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا

اشاعت کی تاریخ: 11th, March 2025 GMT

اُمّ المومنین سیدہ خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا

مولانا محمد الیاس گھمن

10رمضان المبارک آپ کے یوم وفات پر خصوصی تحریر

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اجمالی خاکہ:
نام: خدیجہ
والد: خویلد بن اسد
والدہ: فاطمہ بنت زائدہ
سن پیدائش : 55 سال قبل از بعثت
قبیلہ: قریش شاخ بنو اسد
زوجیت رسول: 15 سال قبل از بعثت
سن وفات: 10 نبوی ہجرت سے تین برس قبل
مقام تدفین: جنت المعلیٰ مکہ مکرمہ
کل عمر: 64 سال تقریباً

نام و نسب: آپ کا نام خدیجہ تھا سلسلہ نسب کچھ اس طرح ہے خدیجہ بنت خویلدبن اسد بن عبد العزیٰ بن قصی بن کلاب، آپ رضی اللہ عنہا کا نسب چوتھی پشت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مل جاتاہے۔ آپ کا تعلق قبیلہ قریش کی شاخ بنو اسدسے تھا،بنو اسد اپنی شرافت، ایمانداری اورکاروباری معاملات کی وجہ سے میں لوگوں کی نگاہ میں قابل عزت و احترام تھا۔

بچپن: آپ رضی اللہ عنہا بچپن ہی سے نہایت نیک تھیں اور مزاجاً شریف الطبع خاتون تھیں، مکارمِ اَخلاق کا پیکرِ جمیل تھیں۔ رحم دلی،غریب پروری اور سخاوت آپ کی امتیازی خصوصیات تھیں۔یہاں تک کہ زمانہ جاہلیت میں آپ‘‘ طاہرہ’’یعنی پاک دامن کے لقب سے مشہور تھیں۔مالدار گھرانے میں پرورش پانے کی وجہ سے دولت و ثروت بھی خوب تھا علاوہ ازیں حسن صورت اور حسن سیرت میں بھی اپنی ہم عصر خواتین میں ممتاز تھیں۔

ازدواجی زندگی: پہلی شادی ابو ہالہ ہند بن نباش تمیمی سے ہوئی، ابو ہالہ کے انتقال کے بعد دوسری شادی عتیق بن عاید مخزومی سے ہوئی، کچھ عرصہ بعد وہ بھی چل بسے تو دنیوی معاملات سے دل برداشتہ ہو کرزیادہ وقت حرم کعبہ میں گزارتیں۔ جس کے باعث آپ کیمزاج مبارک میں تقدس و شرافت مزید بڑھ گئی۔ قریش کینامور صاحب ثروت سرداروں نے آپ رضی اللہ عنہا کو پیغام نکاح بھجوایا لیکن سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا نے سب کو یکسر انکار کر دیا۔

تجارت میں دلچسپی: آپ کے والد محترم خویلد بن اسد اعلی درجے کے تاجر تھے، جب بڑھاپے کی دہلیز تک پہنچے تو انہوں نے اپنا سارا کاروبار اپنی بیٹی حضرت خدیجہ کے سپرد کردیا۔ تیس سال کی عمر میں آپ رضی اللہ عنہا تجارت سے وابستہ ہوئیں۔ جس کی وجہ آپ رضی اللہ عنہا حجاز مقدس میں سب سے زیادہ مالدار خاتون شمار ہوتی تھیں آپ کی تجارت کا سامان عرب سے باہر ملک شام اور یمن میں سال میں دو مرتبہ جاتا تھا۔بعض محدثین نے لکھا ہے کہ اکیلا حضرت خدیجہ کا سامان تجارت مکہ کے سارے تجارتی قافلوں کے سامان کے برابر ہوتا تھا۔

طریقہ تجارت: خاتون ہونے کی وجہ سے تجارتی معاملات میں سفر کرنا دشوار بلکہ ناممکن تھا اس لیے کسی کو بطور نیابت سامان تجارت دے کر روانہ کرتیں۔ آپ کے تجارتی نمائندوں کی دو صورتیں تھیں یا وہ ملازم ہوتے اْن کی اْجرت یا تنخواہ مقرر ہوتی جو اْنہیں دی جاتی’نفع و نقصان سے اْنہیں کوئی سروکار نہ ہوتا۔ یا نفع میں اْن کا کوئی حصّہ،نصف،تہائی یا چوتھائی وغیرہ مقرر کر دیا جاتا اگر نفع ہوتا تو وہ اپنا حصّہ لے لیتے جبکہ نقصان کی صورت میں ساری ذمہ داری حضرت سیّدہ خدیجہ الکبریٰ رضی اللہ عنہا پر ہوتی۔
حضرت خدیجہ کی درخواست: تقریباً دس سال تک معاملات یونہی چلتے رہے یہاں تک کہ آپ رضی اللہ عنہا کے کانوں تک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی امانت و صداقت کا چرچا پہنچا۔ آپ رضی اللہ عنہا نے جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سامان تجارت لے کرملک شام جانے کی درخواست کی جسے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے قبول فرما لیا۔ اس دوران آپ رضی اللہ عنہا نے اپنے غلام میسرہ کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے کسی معاملے میں دخل اندازی نہ کرے۔
تجارت میں نفع اور میسرہ کا مشاہدہ: اس تجارتی سفر میں اللہ تعالیٰ نیبے حد برکت دی اورنفع پہلے سے بھی دوگنا ہوا، چونکہ میسرہ دوران سفر قریب سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے حْسن اخلاق، معصومانہ سیرت کا تجربہ اور معاملہ فہمی کا مشاہدہ کر چکا تھا اس لیے اس نے برملا اس کا اظہار کرتے ہوئیام المومنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کوبتلایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نہایت معاملہ فہم، تجربہ کار، خوش اخلاق، دیانت دار، ایماندار، شریف النفس اورمدبرشخص ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے واپس پہنچ کر تجارتی معاملات کا عمدہ حساب پیش کیا، جس سے ام المومنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا بہت متاثر ہوئیں۔
خدیجہ، ام المومنین بنتی ہیں: ام المومنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی طرف سیرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں یعلیٰ بن اْمیہ کی بہن نفیسہ بنت امیہ پیغام نکاح لے کر گئیں۔ نفیسہ کا بیان ہے کہ میں آپ کے پاس آئی اور کہا کہ آپ نکاح کیوں نہیں کرلیتے؟ آپ نے فرمایا کہ میں نادار اور خالی ہاتھ ہوں،کس طرح نکاح کرسکتاہوں؟ میں نے کہا کہ اگر کوئی ایسی عورت آپ سے نکاح کرنے کی خواہش مند ہو جہ ظاہری حسن و جمال اور طبعی شرافت کے علاوہ دولت مند بھی ہو اور آپ کی ضروریات کی کفالت کرنے پر بھی خوش دلی سے آمادہ ہوتو آپ اس سے نکاح کرلینا پسند کریں گے؟ آپ نے دریافت کیا کہ ایسی کون خدا کی بندی ہو سکتی ہے؟ میں نے کہا خدیجہ بنت خویلد۔
مقام ِنکاح: آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے چچا ابو طالب سے ذکر کیا، انہوں نے بڑی خوشی کا اظہار کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نفیسہ کو جواب دے دیا کہ اگر وہ اس کے لیے آمادہ ہیں تو میں بھی راضی ہوں۔نفیسہ نے آکر حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کو اس کی اطلاع دی،پھرباہمی مشاورت سے طے ہوگیا کہ آپ اپنے خاندان کے بزرگوں کو لے کر فلاں دن میرے یہاں آجائیں،چنانچہ حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ اور ابوطالب اور خاندان کے دیگر اہم شخصیات آپ رضی اللہ عنہا کے مکان پر آئے۔ اْس وقت حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے والد زندہ نہ تھے وہ پہلے ہی فوت ہو چکے تھے۔اس لیے آپ کے چچا عمرو بن اَسد اور خاندان کے دیگر بزرگ شریک تھے۔
بوقت نکاح: خطبہ نکاح خواجہ ابو طالب نے پڑھایا جس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے عمدہ اوصاف، جلالت شان اور عزت و مقام کا ان الفاظ میں تذکرہ کیا:میرے بھتیجے محمد کی یہ شان ہے کہ کوئی بھی شخص شرافت، دانائی، فضیلت اور عقلمندی میں ان سے بڑھ کر نہیں۔ باقی رہا مال و دولت-85 یہ سایے کی طرح ڈھلنے اور بدل جانے والی چیز ہے۔ام المومنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کے چچا عمرو بن اَسد کے مشورہ سے500 درہم مہر مقرر ہوا۔ بوقت نکاح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر مبارک 25 سال جبکہ سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی عمرچالیس برس تھی۔آپ کا یہ پہلا نکاح تھا جو اعلان نبوت سے تقریبًا 15 سال پہلے ہوا۔
برے ماحول میں نیک فطرت: ذرا آپ تصور کریں عرب کے اس فحش معاشرے میں جہاں صدیوں سے شراب و کباب اور عورت کی آبرو سرِعام بکتی ہو، ایسے میں 25 سال تک جوانی کی اْمنگوں اور جذبات کے ولولوں کو ضبطِ نفس کی پاکیزگی میں ڈھانپ کر کسی نوجوان دوشیزہ سے نہیں بلکہ 40 سالہ بیوہ عورت سے شادی کر کے پاکبازی کی ایسی مثال قائم کی جس کی مثال نہ پہلے ملتی ہے نہ بعد میں، دونوں کا کردار اتنا اجلا اور شفاف کہ دشمن تک کو اخلاقی پہلو پر منفی بات کرنے کی ہمت نہ ہوئی۔
سیدہ خدیجہ کی وجہ انتخاب: ام المومنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے گفتگو ان الفاظ میں موجود ہے:میں نے آپ کو آپ کے حسن اخلاق اورزبان کی سچائی کی وجہ سے اپنے لیے منتخب کیا۔
فضائل ومناقب: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا خود بیان کرتی ہیں کہ جبرائیل امین رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور کہا کہ یا رسول اللہ ! یہ خدیجہ آرہی ہیں ان کے ساتھ ایک برتن ہے اس میں سالن اور کھانا ہے، جب وہ آپ کے پاس آجائیں تو ان کو ان کے پروردگار کی طرف سے سلام پہنچایئے اور میری طرف سے بھی، اور ان کو خوشخبری سنایئے جنت میں موتیوں سے بنے ہوئے ایک گھر کی، جس میں نہ شور و شغب ہوگا اور نہ کوئی زحمت و مشقت ہوگی۔حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے لکھا ہے: جبرائیل کی یہ آمد اس وقت ہوئی تھی جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم غارحرا میں تھے۔ معلوم ہوا کہ یہ واقعہ غارحرا میں حضرت جبرائیل کی پہلی آمد کے بعد کا ہے۔ اس سے آپ اندازہ لگائیں کہ مکہ کی سب سے زیادہ دولت مند اور بوڑھی خاتون ہونے کے باوجود حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے کھانے پینے کا سامان گھر پر تیار کر کے مکہ سے اڑھائی تین میل پیدل سفر کرنا بلکہ غار حراکی بلندی تک چڑھنا کس قدر دشوار معلوم ہوتا ہے؟چونکہ یہ عمل خلوص دل سے تھا اس لیے پروردگار عالم اور جبرئیل امین کیسلام پہنچتے ہیں۔ سیدنا علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ سے روایت ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اس دنیا کی عورتوں میں سب سے بہتر خدیجہ بنت خویلد ہیں۔حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا کی مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ازواج میں سے کسی پر ایسا رشک نہیں آیا جیسا کہ سیدہ خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا پر آیا حالانکہ میں نے ان کو دیکھا نہیں، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کو بہت یاد کرتے اور بکثرت ان کا ذکر فرماتے، کبھی کبھی ایسا ہوتا کہ آپ بکری ذبح فرماتے، پھر اس میں سے حصے بنا کر سیدہ خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے میل جول اور محبت رکھنے والیوں کے ہاں بھیجتے۔بسا اوقات میں کہہ دیتی-85-85 دنیا میں بس خدیجہ ہی ایک عورت تھیں، اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے کہ خدیجہ تو خدیجہ تھی اور ان سے میری اولاد ہوئی۔
نوٹ: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ساری اولاد ام المومنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا سے ہے سوائے حضرت ابراہیم کے یہ حضرت ماریہ قبطیہ کی بطن سے پیدا ہوئے۔
اولاد: محدثین نے لکھا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر مبارک جب 30 برس کی ہوئی یعنی رشتہ ازدواج کے تقریباً 5 سال بعدآپ کے پہلے صاحب زادے قاسم پیدا ہوئے، انہیں کے نام پررسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی کنیت ابو القاسم رکھی، ان کاچھوٹی عمر میں ہی انتقال ہوگیا، ان کے بعد آپ کی سب سے بڑی صاحبزادی زینب پیدا ہوئیں، ان دونوں کی پیدائش اعلان نبوت سے پہلے ہوئی، اس کے بعد صاحبزادے عبداللہ کی ولادت ہوئی، ان کی پیدائش دور نبوت میں ہوئی اسی لئے ان کو طیب اور طاہر کے لقب سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ ان کا انتقال بھی کم سنی میں ہوگیا، پھر ان کے بعد مسلسل تین صاحبزادیاں پیدا ہوئیں جن کے نام رقیہ، ام کلثوم اور فاطمہ رضی اللہ عنہن رکھے گئے۔
ذیل میں حضرت ام المومنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی چند امتیازی خصوصیات کا تذکرہ کیا جاتا ہے ۔
نمبر1: کڑے حالات میں تسلی: نکاح کے تقریباً 15برس بعد اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو شرف ختم نبوت و رسالت سے سرفراز فرمایا اور آپ پر شدید حالات آئے تو اس کڑے وقت آپ کو جس طرح کی دانش مندانہ و ہمدردانہ تسلی کی ضرورت تھی وہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و توفیق سے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا ہی سے ملی۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم اعلان نبوت سے پہلے تنہائی میں عبادت کرنے کے لئے غار حرا میں تشریف لے جایا کرتے تھے اور حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے کھانے پینے کا سامان تیار کر کے دے دیا کرتی تھیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم حرا میں کئی کئی راتیں ٹھہرتے، اللہ کی یاد میں مصروف رہتے، کچھ دنوں بعد تشریف لاتے اور سامان لے کر واپس چلے جاتے۔ایک دن حسب معمول آپ صلی اللہ علیہ وسلم غار حرا میں مشغول عبادت تھے کہ جبرئیل امین تشریف لائے اور فرمایا کہ اِقرا یعنی پڑھئے!آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مَا اَنَا بِقَارِی میں پڑھا ہوا نہیں ہوں۔ جبرئیل امین نے آپ کو پکڑ کر اپنے سے چمٹا کر خوب زور سے بھینچ کر چھوڑ ا اور عرض کی اِقرا (پڑھئے) آپ نے بھر وہی جواب دیا میں پڑھا ہوا نہیں ہوں۔ جبرائیل امین نے دوبارہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے سے چمٹا کر خوب زور سے دبا کر چھوڑا اور پھر پڑھنے کو کہا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر وہی جواب دیا کہ میں پڑھا ہو ا نہیں ہوں فرشتے نے پھر تیسری مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پکڑ کر اپنے سے چمٹایا اور خوب زور سے دبا کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو چھوڑ دیا اور خود پڑھنے لگے:اِقرا بِاسمِ رَبِّکَ الَّذِی خَلَقَ o خَلَقَ الاِنسَانَ مِن عَلَقٍ o اِقرا وَرَبّْکَ الاَکرَمْ o الَّذِی عَلَّمَ بِالقَلَمِ o عَلَّمَ الاِنسَانَ مَالَم یَعلَم oیہ آیات مبارکہ سن کر آپ نے یاد فرما لیں اور ڈرتے ہوئے گھر تشریف لائے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا: زملونی زملونی مجھے کپڑا اوڑھا دو مجھے کپڑا اوڑھا دو۔انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کپڑا اوڑھا دیا اور کچھ دیر بعد وہ خوف کی کیفیت ختم
ہوئی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کو واقعہ سنایا،فرمایا:مجھے اپنی جان کا خوف محسوس ہو رہا ہے۔عموماً خواتین ایسے حالات میں گھبرا جاتی ہیں اورتسلی دینے کے بجائے پریشان کن باتیں شروع کر دیتی ہیں لیکن آپ رضی اللہ عنہا ذرہ برابر بھی نہ گھبرائیں اور تسلی دیتے ہوئے فرمایا:خدا کی قسم!اللہ تعالیٰ آپ کو کبھی بھی رسوا نہیں کرے گا۔ آپ توصلہ رحمی کرتے ہیں،بے کس و ناتواں لوگوں کا بوجھ اپنے اوپر لیتے ہیں، دوسروں کو مال واخلاق سے نوازتے ہیں۔ مہمان کی مہمان نوازی کرتے ہیں اور حق بجانب امور میں مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔
نمبر2: اسلام کی خاتونِ اوّل ہونے کا اعزاز: سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا نزول وحی کے ابتدائی ایام میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے چچازاد بھائی ورقہ بن نوفل کے پاس لے گئیں جو مکہ کی پوری آبادی میں موحد صحیح العقیدہ نصرانی اور توریت و انجیل کے بڑیعالم و عامل تھے، انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے غارحرا میں جبرائیل اور نزول وحی کی سرگزشت سن کر پختہ یقین کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نبی ہونے کی بات کہی توآپ رضی اللہ عنہا نے فوراً اسلام قبول کر لیا۔ پوری امت میں سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا سب سے پہلیآپ صلی اللہ علیہ وسلم کے برحق نبی ہونے کی تصدیق کرنے والی ہیں۔
نمبر3: اپنی دولت رسول اللہ پر لٹا دی: سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کو اللہ کریم نے دولت مندی کی نعمت سے بھی خوب نوازا تھا،آپ رضی اللہ عنہا نے اپنی پوری دولت اور اپنے غلام زید کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قدموں میں ڈال دیا اور آپ کودین اسلام کی اشاعت کے مقدس مشن میں گھریلو معاشی افکار سے بے نیاز کر دیا۔
نمبر4: بت پرستی سے بیزاری: اہل مکہ بت پرستی کے شرک میں مبتلا تھے،لیکن جاہلیت کے اس دور میں گنتی کے دوچار آدمی ایسے بھی تھے جن کو فطری طور پر بت پرستی سے نفرت تھی، ان میں ایک ام المومنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا بھی تھیں۔
نمبر5: شِعبِ ابی طالب میں تین سالہ محصوری: مشرکین مکہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت اسلام کو روکنے کے ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کیے یہاں تک کہ انہوں نے آپ کا اور آپ کے خاندان بنو ہاشم کے ان تمام لوگوں کا بھی جنہوں نے اگرچہ آپ کی دعوت اسلام کو قبول نہیں کیا تھا لیکن نسبی اور قرابتی تعلق کی وجہ سے آپ کی کسی درجہ میں حمایت کرتے تھے سوشل بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا اور آپ کے وہ قریبی رشتہ دار بھی شعب ابی طالب میں محصور کر دیے گئے، کھانے پینے اور بنیادی ضروریات سے محروم کر دیا گیا اور یہ بائیکاٹ تین سال کے عرصہ تک محیط رہا، یہاں تک کہ ان لوگوں کو کبھی کبھی درختوں کے پتے کھا کر گزارہ کرنا پڑا۔ ایام محصوری کے اس تین سالہ دور میں حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ رہیں۔
نمبر6: آپ کے ہوتے ہوئے دوسرا نکاح نہیں کیا: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب ام المومنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے شادی کی اس کے بعد تقریباً 24 سال تک آپ رضی اللہ عنہا زندہ رہیں، اس پورے 24 سالہ دور میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کوئی دوسرا نکاح نہیں فرمایا۔
وفات: ام المومنین سیدہ خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا 24 سال تک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی جانثار، ا طاعت گزار اور وفا شعار بیوی بن کر
زندہ رہیں اور ہجرت سے 3 برس قبل 64 سال کی عمر پاکرتقریباً ماہ رمضان المبارک کی 10 تاریخ کو مکہ معظمہ میں وفات پا گئیں۔حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے جحون (جنت المعلی) میں آپ رضی اللہ عنہا کو اپنے ہاتھوں قبر مبارک میں اتارا۔ چونکہ اس وقت تک نماز جنازہ کا حکم نازل نہیں ہوا تھا، اس لئے ان کی نماز جنازہ نہیں پڑھی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

.

ذریعہ: Juraat

کلیدی لفظ: ام المومنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خدیجہ رضی اللہ عنہا کو آپ رضی اللہ عنہا نے آپ صلی اللہ علیہ رضی اللہ عنہا کے رضی اللہ تعالی کی وجہ سے کا سامان انہوں نے عنہا سے سے بھی ا نہیں کر دیا کہ میں کے بعد کے پاس اس لیے کی عمر سال تک اور آپ

پڑھیں:

زندگی مختصر ہے، معاف کرنا سیکھیں

وہ تھے ہی ایسے۔سمندرکوکوزے میں بندکر دینے والے۔کیسی خوب صورت اوردل کش بات کی تھی انہوں نے۔اورکوئی ایک بات،بس سنتے جائیں اور ان میں سے چندایک پرعمل کی توفیق مل جائے توکیاکہنے واہ۔ میرارب ان سے راضی تھا۔اسی لئے تووہ ایسی باتیں کرتے تھے۔یہ خوش نصیبی ہے،توفیق ہے،عطاہے۔بس جسے چاہے نوازدے،ہاں یہ تعلق ہے، ہاں یہ ہے خوشی، ہاں یہ ہے رب کااپنے بندے اوربندے کااپنے خالق سے رشتہ،تصویراور مصور،مخلوق اور خالق، جدھر دیکھتا ہوں میں،ادھرتوہی توہے۔ایک دن کہاکم ظرف انسان دوسروں کوخوش دیکھ کرہی غم زدہ ہوجاتاہے۔وہ یہ برداشت ہی نہیں کرسکتاکہ لوگ خوش رہیں۔وہ ان کی خوشیوں کوبرباد کرنے پرتل جاتاہے۔اس کی خوشی یہ ہے کہ لوگ خوشی سے محروم ہوجائیں۔وہ اپنے لئے جنت کو وقف سمجھتاہے اوردوسروں کو دوزخ سے ڈراتاہے۔
ایک بخیل انسان خوش رہ سکتاہے،نہ خوش کرسکتا ہے۔ سخی سدابہاررہتاہے۔سخی ضروری نہیں کہ امیرہی ہو۔ایک غریب آدمی بھی سخی ہوسکتا ہے، اگر وہ دوسروں کے مال کی تمناچھوڑ دے ۔جن لوگوں کاایمان ہے کہ اللہ کا رحم اس کے غضب سے وسیع ہے،وہ کبھی مغموم نہیں ہوتے۔وہ جانتے ہیں کہ غربت کدے میں پلنے والاغم اس کے فضل سے ایک دن چراغِ مسرت بن کردلوں کے اندھیرے دورکر سکتا ہے۔وہ جانتے ہیں کہ پیغمبربھی تکالیف سے گزارے گئے لیکن پیغمبرکاغم امت کی فلاح کے لئے ہے۔ غم سزاہی نہیں غم انعام بھی ہے۔یوسفؑ کنویں میں گرائے گئے،ان پرالزام لگاانہیں قیدخانے سے گزرناپڑا لیکن ان کے تقرب اورحسن میں کمی نہیں آئی۔ان کابیان احسن القصص ہے۔
دراصل قریب کردینے والاغم دورکردینے والی خوشیوں سے بدرجہابہترہے۔منزل نصیب ہو جائے توسفرکی صعوبتیں کامیابی کاحصہ کہلائیں گی اوراگر انجام محرومی منزل ہے تو راستے کے جشن ناعاقبت اندیشی کے سوا کیاہوسکتے ہیں۔ زندگی کاانجام اگرموت ہی ہے توغم کیااورخوشی کیا؟کچھ لوگ غصے کوغم سمجھتے ہیں،وہ زندگی بھرناراض رہتے ہیں۔کبھی دوسروں پرکبھی اپنے آپ پر، انہیں ماضی کاغم ہوتاہے۔حال کاغم ہوتاہے اورمستقبل کی تاریکیوں کاغم،ایسے غم آشنا لوگ دراصل کم آشناہیں۔ وہ نہیں جانتے کہ گزرے ہوئے زمانے کاغم دل میں رکھنے والاکبھی آنے والی خوشی کااستقبال کرنے کے لئے تیار نہیں ہوسکتا۔ان کاغم امربیل کی طرح ان کی زندگی کو ویران کردیتاہے۔یہ غم،غم نہیں یہ غصہ ہے۔یہ نفرت ہے۔
غم تودعوتِ مژگاں ساتھ لاتاہے اورچشمِ نم آلودہی چشمِ بینابنائی جاتی ہے۔غم کمزورفطرتوں کاراکب ہے اورطاقتورانسان کامرکب۔خوشی کا تعاقب کرنے والاخوشی نہیں پاسکتا۔یہ عطا ہے مالک کی، جواس کی یاداوراس کی مقررکی ہوئی تقدیرپر راضی رہنے سے ملتی ہے۔نہ حاصل نہ محرومی،نہ غم،نہ خوشی نہ آرزو نہ شکست، آرزویہ بڑی خوش نصیبی ہے۔ اپنے نصیب پرخوش رہنا چاہئے۔اپنی کوششوں پرراضی رہناچاہئے اور کوششوں کے انجام پربھی راضی رہناچاہئے۔دوسرے انسانوں کے نصیب سے مقابلہ نہیں کرناچاہئے۔جوذرہ جس جگہ وہیں آفتاب ہے۔
ہے ناں کوزے میں دریا کوبندکرنا۔اس کے بعدرہ ہی کیاجاتاہے بات کرنے کو۔مگرہم انسان ہیں،کلام کئے بغیرکیسے رہ سکتے ہیں اورکرنابھی چاہیے۔ دیکھئے آپ ماہ رمضان المبارک میں بھوک پیاس برداشت کررہے ہیں،آپ کی اپنی راتیں رب کاکلام سننے اور پڑھنے میں گزررہی ہیں۔ کس لئے؟اس لئے ناں کہ ہم سب کارب ہم سے راضی ہو جائے ۔ ہم سب نے اپنی حیثیت کے مطابق خلقِ خدا کی خبرگیری کی، دادرسی کی۔سب کچھ دیا بھی رب کاہے اورہم نے پھر اسے لوٹایابھی۔جب سب کچھ اس کاہے توپھرہم نے کیاکمال کیا۔ لیکن میرارب کتنا بلندوبالاعظمت وشان والاہے کہ آپ نے مخلوق کی خدمت کی اوروہ آپ کا نگہبان بن گیا۔اورجس کاوہ نگہبان بن جائے پھراسے کسی اورکی ضرورت نہیں رہتی،قطعانہیں رہتی۔
نبی کریم ﷺکی تعلیمات سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ روزے دارکواپنے اعمال،قول وفعل کی عام دنوں سے زیادہ احتیاط کرنی چاہیے۔ جیسے چغلی، غیبت، جھوٹ،لڑائی جھگڑے،کسی کوبرابھلاکہنے سے اجتناب برتنا چاہیے۔نبی کریم ﷺنے فرمایاکہ اگرکوئی روزے کی حالت میں تم سے لڑائی کرے،توبس اتنا کہہ دوکہ میں روزے سے ہوں ۔ایک اورجگہ فرمایا کہ اللہ کوتمہارے بھوکاپیاسا رہنے کی ضرورت نہیں۔احادیث کی روسے پتاچلتاہے کہ چاہے کوئی کتناہی برابرتاؤکیوں نہ کرے،مگرروزے دارکواپنے غصے پرضبط رکھنا چاہیے۔ درحقیقت روزہ توباطنی بیماریوں جیسے غیبت، بداخلاقی، بدکلامی وغیرہ کاخاتمہ کرتا اور نفس کو پاک کرتاہے۔ نبی محترم ﷺ کی ایک حدیث ہے کہ بہت سے لوگ ہیں،جن کوروزے سے محض بھوک وپیاس ملتی ہے۔یعنی انہیں روزے کی اصل روح، صبروبرداشت،تحمل،سکون اوراللہ کاقرب حاصل نہیں ہوتا۔
صدقِ دل سے بتائیے کہ ہمارے کسی عمل یا زندگی کے کسی شعبے سے بھی یہ اندازہ ہوتاہے کہ ہم میں سے کتنے لوگ ماہِ رمضان کے احترام میں برے کاموں ،بدزبانی،غصے،چیخ پکار اور گالم گلوچ وغیرہ سے اجتناب کرتے ہیں؟فقط ایک لمحے کے لئے سوچیے کہ روزہ ہمیں کیاسبق دیتاہے؟وہ توہم پراللہ کااحسان ہے،جو ہمیں رمضان کے ذریعے ضبط،صبروبرداشت، تحمل،درگزر، خوش اخلاقی،صلہ رحمی اورنیکی کی ترغیب دی گئی۔یہ ماہ ِمبارک صرف بھوکاپیاسارہنے کانام نہیں،بلکہ اس کا مقصدانسانی کردارکاسنوارونکھارہے۔تاہم،روزے کی حالت میں اگرصبروبرداشت کاسبق نہیں سیکھا، جھوٹ بولنا، غیبت کرنا،ظلم کرنا، دوسروں کا حق مارنانہیں چھوڑا، تو اللہ تعالیٰ کواس بات کی کوئی ضرورت نہیں کہ ہم کھاناپیناچھوڑکر بھوکے پیاسیرہیں۔ یعنی اللہ تعالیٰ کے ہاں ایسیفاقوںکی کوئی اہمیت یاقدرنہیں۔
اچھاچلیں،صرف کل کے روزے کامحاسبہ کرکے بتائیں کہ کیاآپ کاضمیرمطمئن ہے؟ آپ نے واقعی روزے کاحق اداکردیا؟اپنے والدین، بیوی، بچوں، ماتحتوں،ساتھیوں ، رشتے داروں، پڑوسیوں کے ساتھ نرمی سے پیش آئے؟اپنے ماتحت کی معمولی غلطی پرچراغ پا تونہیں ہوئے، پکوڑوں میں نمک کی کمی زیادتی پربیوی کوکھری کھری تونہیں سنائیں؟ ایک ذرا سی چپقلش پرخاوند پرلعن طعن تونہیں کی،صفائی میں کوتاہی پرکام والی کوتنخواہ کاٹنے کی دھمکی تونہیں دی؟صدقہ خیرات کے نام پرپھٹے پرانے،بوسیدہ کپڑے،جوتے ہی تو نہیں نکالے؟گرمی،بھوک پیاس کاغصہ ٹریفک میں گالم گلوچ کے ذریعے تونہیں نکلا ؟ میراروزہ نہ ہوتاتو میراروزہ نہ ہوتاتوکی گردان تونہیں کرتے رہے؟ اگران تمام سوالوں کا جواب ہاںہے،تویقین جانیے آپ روزہ نہیں،فاقہ کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ روزہ صرف بھوکاپیاسارہنے کانام نہیں،بلکہ یہ ایک روحانی ورزش ہے جس کے ذریعے انسان اپنے دل،زبان،اور اعضاکوگناہوں سے بچاتاہے۔ رسول اللہ ﷺنے فرمایا:جو شخص جھوٹ بولنااوربرے کام کرنا نہیں چھوڑتا، تواللہ کواس کے بھوکاپیاسارہنے کی کوئی ضرورت نہیں۔(صحیح بخاری:1903)گویاروزے کا مقصدصرف کھانے پینے سے پرہیزنہیں،بلکہ اخلاقی پاکیزگی اورتقویٰ ہے۔قرآن کریم میں تقویٰ کی تعریف یوں ہے،اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ معزز وہ ہے جو سب سے زیادہ پرہیزگار ہے۔ (لحجرات:13)۔ تقوی کی تعریف تویہ ہے کہ ہرحال میں اللہ کی ناراضگی سے ڈرنا،ہرحال میں اس کی رضاکو ترجیح دینا،ہرقسم کے گناہوں (چھوٹے یابڑے)سے بچنا،اورروزہ انسان کو بھوک، پیاس،اورجنسی خواہشات جیسی بنیادی ضرورتوں پرقابوپاناسکھاتاہے۔یہی قابوتقویٰ کی پہلی سیڑھی ہے اورروزہ ان تمام پہلوؤں کومضبوط کرتاہے ۔
روزے میں کھانے، پینے اور نفسانی خواہشات کو ترک کیا جاتا ہے، جو اللہ کی رضا کے لیے ہوتا ہے ۔ روزہ محض ایک رسمی عبادت نہیں بلکہ ایک تربیتی نظام ہے جوانسان میں تقویٰ پیدا کرتاہے۔قرآن وحدیث کی روشنی میں یہ واضح ہوتاہے کہ جوشخص روزے کواس کی روح کے مطابق رکھے،وہ حقیقی معنوں میں متقی بن جاتاہے،جوروزے کااصل مقصدہے۔روزہ انسان کو اپنی خواہشات کوکنٹرول کرنے کی تربیت دیتاہے،جوکہ تقویٰ کی بنیادہے۔ روزہ انسان میں صبراورشکرکی خوبیاں پیداکرتاہے، جوتقوی کا لازمی جزوہیں۔روزہ صرف بھوک پیاس کانام نہیں بلکہ ہرقسم کے گناہ سے بچنے کاذریعہ ہے،جوکہ متقی بننے کی راہ ہموارکرتا ہے۔
اس ذاتِ باری تعالیٰ کی عبادت،حمدوثنا، تعظیم وتکریم کے لئے توفرشتے ہی کافی ہیں،لیکن یہ اس کاہم گناہ گاروں پر احسان ہے کہ ہمیں کینہ وبغض ،جوشِ انتقام ونفرت میں ڈوبے،اپنے گناہوں میں لتھڑے دل بدلنے کاموقع عطاکیا۔ارے!ہماری کیااوقات کہ کسی کی مدد کرسکیں، یہ تواللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ وہ صدقہ، خیرات و زکوٰۃ کے ذریعے ہمارے مال کوپاک کرتاہے۔ہمارے دنیاکی چکاچونداور بے حسی سے متاثرہ سخت دل روزے کی وجہ سے نرم پڑنے لگتے ہیں کہ اس طرح ہمیں ان لوگوں کی تکلیف کااحساس ہوتاہے،جنہیں عام دنوں میں توکیا،تہواروں پربھی دووقت کی روٹی نصیب نہیں ہوتی۔
(جاری ہے)

متعلقہ مضامین

  • داعش کمانڈر امریکہ اور پاکستانی قوم اللہ کے حوالے
  • حضرت خدیجہ کبریٰ (سلام اللہ علیہا) قرآن کی روشنی میں
  • تقوی کی ضرورت و اہمیت
  • ‘صدقہ اور خیرات دینے سے دل کو سکون ملتا ہے’
  • زندگی مختصر ہے، معاف کرنا سیکھیں
  • امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ علیہ
  • دوسرے عشرہ رمضان کے فضائل
  • داعش کمانڈر شریف اللہ کو 70 ممالک ڈھونڈ رہے تھے
  • ثقافتی سفارت کاری ملک کے تشخص کو اجاگر کرنے اور پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہے: سفیر ثقلین سیدہ