ملک میں امریکی خوشنودی حاصل کرنے کی دوڑ لگی ہوئی ہے، منعم ظفر خان
اشاعت کی تاریخ: 10th, March 2025 GMT
دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ پاکستان میں کلمہ طیبہ کی سربلندی اور اللہ کی حاکمیت کا قانون نافذ ہونا تھا لیکن حکمرانوں نے ہی وطن عزیز کو اس کے قیام کے مقاصد سے محروم رکھا، ملک آمریت نافذ رہی اور جمہوریت کو مذاق بنایا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے علاقہ ناظم آبادو گلبہار کے تحت الحسن چوک ناظم آباد نمبر 1 میں عوامی دعوت افطار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں امریکی خوشنودی حاصل کرنے کی دوڑ لگی ہوئی ہے، حکمرانوں کی نا اہلی و کرپشن نے عوام کو رمضان المبارک کے دوران بھی پانی کی قلت اور گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ سے دوچار کیا ہوا ہے، کھانے پینے کی چیزوں سمیت اشیاء صرف من مانی قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہیں، سندھ حکومت، پرائس کنٹرول کرنے والے ادارے، کسٹمز، اے ڈی سی اور ڈی سی اپنی ذمہ داری پورے کرنے میں ناکام ہیں، پاکستان میں کلمہ طیبہ کی سربلندی اور اللہ کی حاکمیت کا قانون نافذ ہونا تھا لیکن حکمرانوں نے ہی وطن عزیز کو اس کے قیام کے مقاصد سے محروم رکھا، ملک آمریت نافذ رہی اور جمہوریت کو مذاق بنایا گیا، حکمران پارٹیاں آج بھی اقتدار کی بندر بانٹ اور نورا کشتی میں لگی ہوئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک میں عدل و انصاف کے نظام کے قیام کے لیے کوشاں ہے، جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک ظالم حکمرانوں سے عوام کا حق حاصل کرنے کی تحریک ہے، رمضان کا مہینہ درس دیتا ہے کہ ظلم کے نظام کے خاتمے کے لیے فضائے بدر پیدا کی جائے، اہل غزہ نے ثابت کردیا ہے کہ جب ایمان کی طاقت ہو تو ظلم کے آگے ڈٹ جاتے ہیں، روزے کی عبادت بندہ خدا کو سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار کرتی ہے، آخرت کا احساس ہی ہے جو انسانوں کو نیکی کرنے پر ابھارتا ہے، رمضان قرآن اور جہاد کا مہینہ ہے اور ہم سے تقاضہ کرتا ہے کہ ہم اللہ تعالی کی بندگی اور تقویٰ اختیار کریں۔ دعوت افطار میں جماعت اسلامی ضلع وسطی کے سکریٹری سہیل زیدی نے درس حدیث پیش کیا۔ اس موقع پر ناظم علاقہ و ٹاؤن وائس چیئرمین نعمان صدیقی، چیئرمین یوسی 4 عمیر اکرم، چیئرمین یوسی 5 کمال و دیگر بھی موجود تھے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی
پڑھیں:
سابق سینیٹر مشتاق احمد کے بھائی سپرد خاک، مجرم کو سخت سزا دی جائے گی: گنڈا پور
اسلام آباد+ پشاور (خصوصی نامہ نگار+خبر نگار+ آئی این پی) سینیٹر مشتاق احمد کے بھائی شکیل خان کو آبائی علاقے میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ مشتاق احمد خان کے بھائی شکیل احمد خان کی نماز جنازہ صوابی میں ادا کر دی گئی۔ اس موقع پر امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن، سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی، سابق سینئر صوبائی وزیر اورامیر جماعت اسلامی خیبر پی کے شمالی عنایت اللہ خان، امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی عبدالواسع، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، نائب امرائے صوبہ کے پی سید صہیب الدین کاکاخیل، سید بختیار معانی، مولانا محمد اسماعیل، مولاناعبدالاکبرچترالی، میئر مردان حمایت اللہ مایار، سابق صوبائی وزراء حافظ حشمت خان، فضل ربانی ایڈوکیٹ، سماجی و سیاسی شخصیات سمیت ہزاروں نے شرکت کی۔ امیر جماعت کا سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے بھائی کی نماز جنازہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شکیل احمد خان کی موت ایک بڑا سانحہ ہے اور ان کی اس طرح شہادت پورے نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں شہادت کا درجہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر اور سکون عطا کرے۔ حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں نشے کی لعنت پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کئی ایسے واقعات ہو چکے ہیں۔ سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ بے گناہ فرد کا اس طرح قتل بہت بڑا ظلم ہے، شکیل احمد خان کی المناک شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ نماز جنازہ کے بعد شکیل احمد خان کو ان کے آبائی علاقے صوابی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ جنازے میں شریک ہزاروں افراد نے غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔ وزیر اعلیٰ خیبرپی کے علی امین گنڈاپور نے بھی سینیٹر مشتاق احمد خان کے بھائی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ان سے واقعے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشتاق احمد خان کے بھائی شکیل خان کا بہیمانہ قتل افسوسناک ہے، ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔