پی پی کا وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار
اشاعت کی تاریخ: 10th, March 2025 GMT
پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو دیے گئے افطار ڈنر سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اس اعلامیہ میں کہا گیا کہ پیپلز پارٹی وفد نے وزیراعظم کی قیادت میں حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
پیپلز پارٹی وفد نے معاشی استحکام پر وزیراعظم اور انکی ٹیم کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
پی پی وفد نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملکی ترقی اور عوام کی زندگی بہتر بنانے میں حکومت سے تعاون کرے گی۔
اعلامیہ کے مطابق پیپلز پارٹی نے حکومتی امور میں اتحادیوں سے مشاورت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا جبکہ پیپلز پارٹی وفد نے ملکی معیشت کی ترقی کیلئے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: پیپلز پارٹی میں حکومت وفد نے
پڑھیں:
تحریک انصاف ضلع پشاور کا اجلاس، صوبائی حکومت کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار
پشاور:تحریک انصاف ضلع پشاور نے پشاور کے فنڈز کو دیگر اضلاع میں استعمال کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی کو اس حوالے سے آگاہ کردیا اور اراکین اسمبلی کو اس میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی ضلع پشاور کا اجلاس گزشتہ روز ہوا، اجلاس میں سابق ڈپٹی اسپیکر محمود جان، ساجد نواز اور شانداندنہ گلزار اور مختلف علاقوں کے عہدیداروں نے شرکت کی جس میں پارٹی کارکنان کا کہنا تھا کہ پشاور پی ٹی آئی کا گڑھ ہے اور گزشتہ تین الیکشن میں پشاور سے پی ٹی آئی کو کامیاب کیا ہے مگر اب پشاور میں ترقیاتی کاموں اور میگا پراجیکٹس میں نظر انداز کیا جا رہا ہے جو اس شہر کے ساتھ زیادتی ہے۔
پارٹی کارکنان کا مزید کہنا تھا کہ منتخب نمائندے اب اس میں اپنا کردار ادا کریں اور اس کے لیے آواز اٹھائیں کیونکہ عوام نے انہیں منتخب کیا ہے، اس حوالے سے مزید کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں عہدیداروں کا کہنا تھا کہ پشاور کے عوام کو پینے کے لیے صاف پانی فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں، اجلاس میں ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں پشاور کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی اپیل کی گئی، کہ شہر کی گلیوں کو ٹھیک کیا جائے جبکہ اسٹریٹ لائٹس کو بہتر کرنے اور سیف سٹی پراجیکٹ کو مکمل کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں رئیل اسٹیٹ کاروبار کو بہتر کرنے کے لئے بھی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا، اجلاس میں ضلع پشاور کے فنڈز کو دیگر اضلاع میں استعمال کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ پشاور مرکزی شہر ہے ،اس کا موازنہ لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں سے کیا جاتا ہے اس لئے اس شہر کو خوبصورت بنانے اور میگا پراجیکٹس شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں کارکنان کا کہنا تھا کہ پشاور شہر میں کاروبار کرنے والوں کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں، امن وامان کے قیام کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں، اجلاس میں کارکنان کا کہنا تھا کہ ہمارے ضلعی کے فنڈز کو کیوں دیگر اضلاع میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما عرفان سلیم کا کہنا تھا کہ پشاورمیں ہونے والا اجلاس پارٹی کی سطح پرتھا ، اجلاس میں کارکنان نے اپنے خدشات کا اظہار کیا ،ہمارا شکوہ صوبائی حکومت کے علاوہ اراکین اسمبلی سے بھی ہے، پشاورکے مسائل حل کرنا وقت کی ضرورت ہے، 10 سالوں سے پشاور میں ترقیاتی کام التواء کا شکار ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات عدیل اقبال نے رابطہ کرنے پر ایکسپریس کو بتایا کہ یہ بات وزیراعلی علی آمین گنڈا پور کے نوٹس میں ہے اور انہوں نے کارکنان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔