کراچی میں نیگلیریا وائرس سے موت کا پہلا کیس رپورٹ
اشاعت کی تاریخ: 10th, March 2025 GMT
محکمہ صحت سندھ کے مطابق متاثرہ خاتون میں 18 فروری 2025ء کو علامات ظاہر ہوئیں۔ خاتون کو 19 فروری کو ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا، جہاں وہ 23 فروری کو انتقال کر گئیں۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں رواں سال نیگلیریا سے ہلاکت کا پہلا کیس سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق دماغ خور جرثومہ نیگلیریا فاؤلری رواں سال کراچی میں پہلی جان نگل گیا ہے۔ گلشنِ اقبال کی 36 سالہ خاتون اس جان لیوا جرثومے کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئیں۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق متاثرہ خاتون میں 18 فروری 2025ء کو علامات ظاہر ہوئیں۔ خاتون کو 19 فروری کو ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا، جہاں وہ 23 فروری کو انتقال کر گئیں۔ 24 فروری کو لیبارٹری رپورٹ میں نیگلیریا فاؤلری کی تصدیق ہوئی تھی۔ تحقیقات کے مطابق مریضہ نے کسی بھی قسم کی پانی سے متعلق سرگرمی میں حصہ نہیں لیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی ممکنہ وجہ وضو ہو سکتی ہے، یہ جان لیوا جرثومہ عام طور پر گرم پانی میں پایا جاتا ہے اور ناک کی نالی کے ذریعے دماغ میں داخل ہو کر شدید نقصان پہنچاتا ہے۔ ابتدائی علامات میں شدید سر درد، بخار، متلی، گردن کا اکڑاؤ، ذہنی الجھن اور بے ہوشی شامل ہیں جو چند دن میں موت کا سبب بن سکتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نیگلیریا فاؤلری سے بچاؤ کیلئے پانی میں مناسب مقدار میں کلورین کی گولیاں ڈالنی چاہئیں، تاکہ جراثیم کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
یمن اور افریقا میں پناہ گزینوں کی چار کشتیاں ڈوب گئیں، 2 افراد ہلاک، 180 سے زائد لاپتہ
یمن اور جبوتی کے ساحلوں کے قریب غیرقانونی پناہ گزینوں کی کشتیوں کے حادثات میں 186 افراد لاپتہ اور کم از کم دو ہلاک ہو گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی بین الاقوامی تنظیم کے مطابق جمعرات کی رات چار کشتیاں الٹ گئیں۔ یمن کے ساحل کے قریب دو کشتیوں کے حادثے میں 181 تارکین وطن اور پانچ یمنی عملے کے ارکان لاپتہ ہیں جبکہ دو عملے کے ارکان کو بچا لیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق جبوتی کے ساحل کے قریب دو دیگر کشتیوں کے حادثے میں دو افراد ہلاک ہوئے، تاہم باقی تمام مسافروں کو بچا لیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی بین الاقوامی تنظیم کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث یہ حادثات پیش آئے۔
عالمی میڈیا کے مطابق گزشتہ دہائی میں اس راستے پر کم از کم 2,082 تارکین وطن لاپتہ ہو چکے ہیں جن میں سے 693 کے ڈوبنے کی تصدیق ہوئی ہے۔