اوورسیز پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے پر وفاقی وزیر چوہدری سالک کا نوٹس
اشاعت کی تاریخ: 9th, March 2025 GMT
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اوورسیز پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کے معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے وزارت داخلہ کو باقاعدہ خط لکھ دیا ہے۔ یہ مسئلہ پاکستان بزنس فورم فرانس کی جانب سے وفاقی وزیر کے سامنے اٹھایا گیا تھا، جس پر فوری کارروائی کی گئی۔چوہدری سالک حسین نے اس معاملے کو انتہائی نازک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی فوری انکوائری کی جائے تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کو کسی بھی غیر ضروری پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں ناجائز طور پر تنگ نہ کیا جائے، ان کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے مزید اعلان کیا کہ وزارت ہوائی اڈوں پر سمندر پار پاکستانیوں کے لیے فسلیٹیشن ڈیسک قائم کرے گی تاکہ ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: وفاقی وزیر
پڑھیں:
نئے وفاقی وزراء کو قلمدان سونپ دیے گئے
وفاقی کابینہ کے نئے اراکین کو وزارتوں کے قلمدان سونپ دیے گئے۔ کابینہ ڈویژن نے وزیرِ اعظم کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ طارق فضل چوہدری کو پارلیمانی امور اور حنیف عباسی کو ریلوے کا وزیر مقرر کر دیا گیا۔ شزہ فاطمہ خواجہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کا وزیر بنادیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق علی پرویز کو پیٹرولیم اور معین وٹو کو آبی وسائل کی وزارت مل گئی۔ اورنگزیب خان کچھی کو قومی ثقافتی ورثے کا قلمدان مل گیا۔ خالد مگسی کو سائنس و ٹیکنالوجی کا وزیر بنایا گیا ہے۔ سردار محمد یوسف کو وزارت مذہبی امور اور بین المسالک ہم آہنگی کی وزارت دی گئی۔