فلم میں دکھایا منظر سچ مان کر پورا گاؤں چھپے سونے کی تلاش میں قدیم قلعے پر ٹوٹ پڑا
اشاعت کی تاریخ: 9th, March 2025 GMT
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک گاؤں کے سینکڑوں افراد فلم میں دکھائے جانے والے منظر کو حقیقت مان کر تاریخی قلعے پر ٹوٹ پڑے۔ منظر چھپے سونے سے متعلق تھا جس پر گاؤں کے لوگ سونے کی تلاش میں قلعے پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خزانے کی تلاش کرتے لوگوں ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ چھپے ہوئے خزانے کی افواہ سن کر لوگ قلعے پہنچے، جس کا آغاز وکی کوشل کی فلم چھاوا میں تاریخی قلعہ دکھانے کے بعد ہوا۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ مغل دور کا سونا وہاں دفن ہے، سینکڑوں لوگ رات کو برہان پور کے تاریخی اسیر گڑھ قلعے کے قریب کھیتوں میں کھدائی کرنے کے لیے جمع ہوگئے۔
ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ لوگ ٹارچ لائٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کا استعمال کرتے ہوئے زمین کو تلاش کرتے ہیں، ان کا خیال تھا کہ خزانہ نیچے دفن ہے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ اندھیرا ہونے کے باوجود لوگ سونا حاصل کرنے کیلئے کھدائی میں مصروف ہیں۔ یہ اس وقت ہوا جب چند افراد نے افواہ پھیلائی کہ انہیں وہاں سونے کے سکے ملے ہیں، لیکن حکام کی جانب سے ابھی تک اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خزانے کی کھدائی کرنے پر زمیندار کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ مقامی رہائشی وسیم خان کے مطابق اسیر گڑھ خزانہ ڈھونڈنے والے افراد سے بھرا پڑا ہے، اور ہارون شیخ کے کھیت سے سونے کے سکے ملے ہیں، بہت سے لوگ وہاں جمع ہوئے جنہوں نے کئی دنوں تک کھدائی جاری رکھی۔
تاہم حکام کو خزانے کی تلاش پر شک ہے۔ پولیس سربراہ دیویندر پاٹیدار نے کہا کہ ہم نے رپورٹس سنی ہیں اور اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اگر ہم کسی کو غیر قانونی طور پر کھدائی کرتے ہوئے پکڑتے ہیں تو ہم کارروائی کریں گے۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
معروف اداکارہ نے سونا کیسے دوسرے ملک اسمگل کیا؟ اعترافی بیان نے تہلکہ مچا دیا
جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کی اداکارہ رانیا راؤ کی 3 مارچ کو بنگلورو کے بین الاقوامی ائیرپورٹ پر گرفتاری نے انڈسٹری میں ہلچل مچا دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رانیا راؤ 12.86 کروڑ بھارتی روپے کی مالیت کا 14.2 کلو گرام سونا اسمگل کرتے ہوئے پکڑی گئی تھی۔ ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (DRI) کے حکام کو اداکارہ کی دبئی سے آمد کے بارے میں لیڈ مل چکی تھی اور انہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رانیا کو ائیر پورٹ پر ہی روک لیا۔
اداکارہ کا جسمانی معائنہ کرنے پر انہیں ٹیپ اور پٹیوں کا استعمال کرتے ہوئے اس کی رانوں پر بندھی 14 سونے کی اینٹیں ملیں، یہ طریقہ وہ مبینہ طور پر کسٹم چیک سے بچنے کے لیے استعمال کرتی تھی۔
پہلے کی چند رپورٹس میں یہ بتایا گیا تھا کہ سونا رانیا راؤ نے اپنی جیکٹ میں چھپا رکھا تھا تاہم ڈی آر آئی نے تصدیق کی کہ ممنوعہ مواد (گولڈ بارز) براہ راست اداکارہ کے جسم پر پایا گیا تھا۔
یہ بات سامنے آنے کے بعد اس کیس نے ایک دلچسپ موڑ لیا ہے کہ 33 سالہ اداکارہ کرناٹک میں ایک سینئر ڈی جی پی رینک کے آئی پی ایس افسر کی سوتیلی بیٹی بھی ہے جس نے اسمگلنگ نیٹ ورک میں ممکنہ اعلیٰ سطحی روابط کے بارے میں سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حکام اب اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا رانیا راؤ کسی بڑے نیٹ ورک کے لیے کام کر رہی تھی یا اس کام میں ذاتی طور پر ملوث تھی۔
واضح رہے کہ متعلقہ حکام اسمگل شدہ سونے اور اس کے مطلوبہ وصول کنندگان کے پیچھے نیٹ ورک کی گہرائی سے تحقیقات کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ رانیا راؤ نے 1 سال میں 27 مرتبہ دبئی کے دورے کیے جس کی وجہ سے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے اس پر شک کی بنیاد پر گہری نگرانی کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کیا۔