احتجاج کا انوکھا طریقہ : لندن کے تاریخی ٹاور پر نوجوان فلسطینی پرچم کے ساتھ چڑھ گیا
اشاعت کی تاریخ: 9th, March 2025 GMT
لندن: مشہور بگ بین ٹاور پر ایک نوجوان فلسطینی پرچم لے کر چڑھ گیا اور آزادیٔ فلسطین کے نعرے بلند کیے، جس کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، واقعہ کے فوراً بعد پولیس، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ ویسٹ منسٹر پیلس اور برطانوی پارلیمنٹ کے قریب کی سڑکیں بند کر دی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق، نوجوان آٹھ گھنٹے سے زائد بگ بین پر موجود ہے اور پولیس کی مداخلت پر اس نے دھمکی دی کہ اگر روکنے کی کوشش کی گئی تو وہ ٹاور پر مزید اوپر چڑھ جائے گا۔
عینی شاہدین کے مطابق، نوجوان کے پیروں سے خون بہتا دیکھا گیا، تاہم وہ مسلسل فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے نعرے لگا رہا ہے۔
ادھر، فلسطین کی حمایت میں مظاہرین بھی پارلیمنٹ کے اطراف جمع ہو گئے۔ اس صورتحال کے باعث آج کے تمام پارلیمانی دورے منسوخ کر دیے گئے ہیں، جبکہ ویسٹ منسٹر ٹیوب اسٹیشن کا ایک راستہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب دنیا بھر میں فلسطین کے حق میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں اور مغربی ممالک میں فلسطینی کاز کے حق میں آوازیں مزید بلند ہو رہی ہیں۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لندن میں بھارتی وزیر خارجہ کے خلاف احتجاج
کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو لندن میں قیام کے دوران احتجاج کا سامنا ہے۔
خالصتان کے حامی سکھوں کی ایک بڑی تعداد نے اس وقت احتجاجی مظاہرہ کیا جب ایس جے شنکر لندن کے چتھم ہاؤس تھنک ٹینک میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد کار میں جا رہے تھے۔
مظاہرین نے خالصتان کے حق میں اور بی جے پی کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ اس دوران بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق علیحدگی پسند سکھ مظاہرین کے ایک گروپ کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گروپ میں سے ایک شخص جے شنکر کی گاڑی کی جانب بھاگا اور پھر پولیس افسران کے سامنے بھارتی پرچم پھاڑ دیا جس کے بعد مذکورہ شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔