انا للہ و انا الیہ راجعون ،اہم سیاسی رہنما ٹریفک حادثے میں جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 7th, March 2025 GMT
خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں سابق رکن صوبائی اسمبلی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما متوکل خان ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں متوکل خان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، تاہم ڈرائیور زخمی ہوگئے، جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اے این پی کے مطابق ان کی نماز جنازہ کل صبح 11 بجے شاھ پور، شانگلہ میں ادا کی جائے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری متوکل خان ایڈوکیٹ کے انتقال سے ہم نے ایک عظیم سیاسی و قومی خدمت گار کھو دیا ہے۔
دریں اثنا، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین اور صوبائی جنرل سیکریٹری حسین شاہ یوسفزئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری متوکل خان ایڈووکیٹ کی المناک شہادت پر گہرا دکھ اور رنج ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متوکل خان ایڈووکیٹ کی شہادت پارٹی کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے، وہ ایک مخلص، بے لوث اور باہمت رہنما تھے، جنہوں نے ہمیشہ حق و انصاف کی جدوجہد کی اور پارٹی کے نظریات و اصولوں پر ثابت قدم رہے، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
جماعت اسلامی عوامی خدمت کے ساتھ ظالم حکمرانوں سے حقوق بھی حاصل کرے گی، منعم ظفر خان
راشن کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت ٹاؤن و یوسی میں اختیارات منتقل کرنے کے لیے بھی تیار نہیں ہے، جماعت اسلامی عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ ظالم حکمرانوں سے عوام کے حقوق بھی حاصل کرے گی۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 17 سال سے سندھ میں حکومت کررہی ہے لیکن اس نے کراچی کے عوام کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا، اہل کراچی کو باعزت ٹرانسپورٹ، معیاری تعلیم، پینے کا صاف پانی، علاج معالجے کی سہولت سمیت بنیادی ضروریات تک میسر نہیں، پیپلز پارٹی اپنے وڈیرہ شاہی اور جاگیردارانہ مائنڈ سیٹ کواندرون سندھ کی طرح کراچی پر بھی مسلط کرنا چاہتی ہے، جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز نے ڈیڑھ سال کے مختصر وقت میں پارکوں کو بحال کیا، پانی و سیوریج کے مسائل حل کیے اور اب گلیوں میں پیور بلاک کے کام کروائے جارہے ہیں، پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت ٹاؤن و یوسی میں اختیارات منتقل کرنے کے لیے بھی تیار نہیں ہے، جماعت اسلامی عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ ظالم حکمرانوں سے عوام کے حقوق بھی حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی یوسی 8 کے تحت فیڈرل بی ایریا بلاک 5 میں 1200 مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ پورے ملک میں الخدمت کا نیٹ ورک موجود ہے، الخدمت ایک این جی او ہے جو کسی بھی ریاست کا متبادل نہیں ہوسکتی لیکن اس کے باوجود کراچی سمیت ملک بھر میں عوامی خدمات انجام دے رہی ہے، علاقہ گلبرگ و حلقہ گلفشاں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو گزشتہ 25 سال سے اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، 12 سو سے زائد ضرورت مندوں میں راشن کی تقسیم کی جارہی ہے، رمضان المبارک برکت و رحمت کا مہینہ ہے، رمضان المبارک غم خواری، صبر و استقامت و ایثار قربانی کا درس دیتا ہے، شہری مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں، نفسا نفسی کے عالم میں الخدمت مفت بازار قابل مبارکباد ہے، الخدمت کے تحت مختلف سرگرمیاں سرا نجام دی جارہی ہیں، کراچی میں الخدمت صحت کی سہولیات، پینے کے صاف پانی و دیگر پروجیکٹ پر کام کررہی ہے، الخدمت پورے پاکستان میں 30 ہزار زائد یتیم بچوں کو کفالت یتامیٰ کے تحت سرپرستی کررہی ہے۔