رمضان المبارک میں حکومت مہنگائی کو روکنے میں ناکام، ڈاکٹر روبینہ اختر
اشاعت کی تاریخ: 6th, March 2025 GMT
پی ٹی آئی ویمن ونگ جنوبی پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، حالیہ واقعات میں مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے کا قتل اور بنوں کینٹ میں دہشت گردی شامل ہیں، جو انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ ملتان کے حلقہ این اے 148 کی امیدوار و تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا ہے کہ اشتہاری حکومت صرف تشہیری مہم چلارہی ہے، جبکہ مہنگائی بالکل کم نہیں ہوئی، رمضان المبارک میں قیمتیں کم ہونے کی بجائے آسمان پر پہنچ چکی ہیں، پھل اور دیگر اشیائے خوردونوش غریب کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں، سحر اور افطار کی ان مشکلات کو حکومت ماننے کو بالکل تیار نہیں ہے اور طوطے کی طرح مہنگائی کم ہو گئی ہے، سنگل اعشاریہ پر آگئی ہے کی رٹ لگا رکھی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم تو تب مانیں گے جب عوام کو سکھ کی روٹی نصیب ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے القریش سوسائٹی ون کے دورہ کے دوران خواتین کی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر خواتین کی بڑی تعدا د موجود تھی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، حالیہ واقعات میں مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے کا قتل اور بنوں کینٹ میں دہشت گردی شامل ہیں جو انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں، بنوں حملہ کو جس طرح ہماری سیکورٹی فورسزنے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناکام بنایا، اس پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے، کارنر میٹنگ میں انہوں نے خواتین کے ساتھ مل کر بنوں حملے میں شہید ہونے والے معصوم لوگوں کے لئے دعائے مغفرت بھی کی اور حکومت سے اپیل کی کہ مہنگائی کو خاص طور پر رمضان المبار ک میں کم کیا جائے تاکہ لوگ سکھ کا سانس لے سکیں۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں افطار کے دوران حملہ گھناؤنا عمل ہے، آصف علی زرداری
صدر مملکت نے بنوں کینٹ پر دہشتگرد حملے کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا، صدر مملکت نے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔ اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں کینٹ پر افطار کے دوران دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں کینٹ پر دہشتگرد حملے کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا، صدر مملکت نے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں افطار کے دوران ایسا حملہ گھناؤنا عمل ہے، پوری قوم ایسی مذموم کاروائیوں کو مسترد کرتی ہے، فتنۃ الخوارج کی سرکوبی کیلئے کاروائیاں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔