لاپتا افراد کےکیسز کی سماعت کرنے والا اسلام آباد ہائی کورٹ کا اسپیشل بینچ ٹوٹ گیا۔
اشاعت کی تاریخ: 6th, March 2025 GMT
لاپتا افراد سے متعلق درجنوں کیسز کی سماعت کرنے والا اسلام آباد ہائی کورٹ کا اسپیشل بینچ ٹوٹ گیا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے بینچ میں بیٹھنے سے معذرت کر لی ہے۔ اسپیشل بینچ جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں لاپتا افراد کے کیسز کی سماعت کر رہا تھا ، جس میں جسٹس طارق جہانگیری بھی شامل تھے ۔ جسٹس محسن اختر کیانی کے مطابق جسٹس ارباب محمد طاہر بینچ سے الگ ہو گئے ہیں۔ بینچ کی تشکیل نو کے لیے فائل قائم مقام چیف جسٹس کو بھجوا دیتے ہیں۔واضح رہے کہ لاپتا افراد کے بڑی تعداد میں کیسز بینچ میں سماعت کے لیے مقرر تھے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: لاپتا افراد
پڑھیں:
اعجاز چوہدری کی سینیٹ اجلاس شرکت کیلیے پروڈکشن آڈرز سے متعلق درخواست؛ فریقین کونوٹس جاری
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سینیٹر اعجاز چوہدری کی سینیٹ اجلاس میں شرکت کے لیے پروڈکشن آرڈرز سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔
قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سرفراز ڈوگر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سینیٹراعجاز احمد چودھری کی سینیٹ اجلاس میں شرکت کیلئے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بدھ تک جواب طلب کرلیا۔
درخواست گزار کے وکیل بابراعوان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ یہ معاملہ لاہور ہائی کورٹ کا دائرہ اختیار نہیں بنتا جس پر درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا ہی دائرہ اختیار ہے جس کی 3 بڑی وجوہات ہیں۔ بابر اعوان نے محمد خان جونیجو،جاوید ہاشمی کیسز اورسپریم کورٹ آف پاکستان کے مختلف فیصلوں کا بھی حوالہ دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت بدھ تک ملتوی کردی۔ درخواست میں وفاق بذریعہ وزارت داخلہ،سیکرٹری سینیٹ کو فریق بنایاگیا۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب،سپریٹنڈنٹ لاہور جیل اور آئی جی اسلام آباد بھی فریق بنائے گئے ہیں۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 9 مئی 2023 کوایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا جو لاہور ہائی کورٹ سے ختم ہوا۔ ایم پی او ختم ہونے پر 9مئی کے جعلی اور بوگس مقدمہ میں گرفتاری ڈال دی گئی۔ لاہور جیل میں قید ہوں،سینیٹر ہوں اور اجلاس میں شرکت حق ہے۔ استدعا ہے کہ ہرسینیٹ اجلاس اورپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کا حکم دیاجائے۔