زرداری اور بلاول سندھ کے عوام کیساتھ دھوکا کرنے جا رہے ہیں، عمر ایوب
اشاعت کی تاریخ: 6th, March 2025 GMT
اسلام آباد:
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ زرداری اور بلاول سندھ کے عوام کے ساتھ دھوکا کرنے جا رہے ہیں۔
میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن الائنس میں موجود تمام پارٹیاں ایک پیج پر آ رہی ہیں۔ اپوزیشن کی سیاسی پارٹیوں کا ایک ہی ہدف ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتیں فیصلے میرٹ پر کریں گی ، ملک میں خوشحالی آئے گی۔ اشیائے خور و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ بجلی و گیس کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ ملک میں کاروبار سکڑ چکا ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔ انٹیلیجنس ایجنسیز کا جو کام ہے وہ نہیں کر رہیں۔ ہمارے نوجوان سپاہی و افسران شہید ہو رہے ہیں۔ پاکستان میں تقریباً 13 انٹیلیجنس ایجنسیز موجود ہیں، ان ایجنسیز کے تمام لوگوں کا ایک ہی مقصد پی ٹی آئی کے لوگوں کے خلاف کیسز بنانا ہے ۔ جہاں دہشت گردی ہو رہی ہے وہاں انٹیلیجنس ایجنسیز کے لوگوں کا کورٹ مارشل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ زرداری اور بلاول سندھ کے عوام کے ساتھ دھوکا کرنے جا رہے ہیں۔ یہ لوگ سندھ کا پانی بیچنے جا رہے ہیں۔ پیکا ایکٹ پر بلاول مگر مچھ کے آنسو رو رہا ہے یہ خود اس میں ملوث تھا۔ شہباز شریف ہر وقت بوٹ پالش کے چکر میں ہوتا ہے۔
قبل ازیں انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور زرتاج گل کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں منظور کر لیں۔ عدالت نے 5، 5 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت کی درخواستیں منظور کیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جا رہے ہیں عمر ایوب ملک میں
پڑھیں:
پانی کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، بلاول بھٹوزرداری
حیدر آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پانی کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، سندھ کے عوام نے کینالز منصوبے کو مسترد کردیا۔
یہ بات انہوں نے حیدر آباد میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمر کوٹ میں پیپلز پارٹی کی جیت مبارک ہو، پاکستان کے عوام آج بھی شہید بے نظیر بھٹو کے ساتھ کھڑے ہیں، سندھ کے عوام نے ثابت کردیا کہ سندھ میں صرف تیر کا مینڈیٹ ہے، 17 جماعتیں ایک طرف اور پیپلز پارٹی ایک طرف، فتح ہمیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے کینالز منصوبہ مسترد کردیا، اسلام آباد والے اندھے اور بہرے ہیں، 6 میں سے دو کینالز کی منظوری قیدی نمبر 420 نے دی تھی، اسلام آباد والے ہماری بات سنیں ہم آپ کے مںصوبے کی مخالفت کرتے ہیں۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ پانی کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، ہم نے شہباز شریف کو ایک بار نہیں دو بار وزیراعظم بنوایا اور کیا اب دھمکی سے پیپلز پارٹی کو ڈرایا جائے گا؟
بلاول کا کہنا تھا کہ شیر والوں کا ہر منصوبہ کسان دشمن ہوتا ہے، انہوں نے گندم اسکینڈل کی وجہ سے کسانوں کا معاشی قتل عام کیا، شیر والے صرف عوام کا خون چوستے ہیں اور کچھ نہیں کرتے، حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے کہ پیچھے ہٹ جاؤں گا میں عوام کے ساتھ کھڑا ہوں۔