جلدبازی میں چلتی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش خاتون کو مہنگی پڑ گئی
اشاعت کی تاریخ: 6th, March 2025 GMT
لاہور ریلوے اسٹیشن پر چلتی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش خاتون کو مہنگی پڑ گئی۔
ترجمان ریلویز پولیس کے مطابق لاہور ریلوے اسٹیشن پر فیملی نے چلتی ہوئی قراقرم ایکسپریس میں جلدبازی سے سوار ہونے کی کوشش کی۔ اس دوران خاتون مسافر پاؤں سلپ ہونے اور توازن برقرار نہ رکھنے کی وجہ سے ٹرین کے نیچے آنے لگیں۔ ریلویز پولیس اہلکار کی فرض شناسی اور حاضر دماغی نے خاتون مسافر کی جان بچالی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق پلیٹ فارم ڈیوٹی پر موجود کانسٹیبل رفاقت علی فوراً خاتون کی مدد کے لئے بھاگا اور اسے اپنی طرف کھینچا۔ اہلکار کی حاضر دماغی اور فوری امداد نے خاتون کو چلتی ٹرین کے نیچے آنے اور بڑے حادثے سے بچالیا۔ فیملی لاہور سے کراچی جا رہی تھی۔ ریلوے پولیس اہلکار نے ٹرین رکوا کر فیملی کو با حفاظت سوار کروایا۔
مسافر خاتون اور اس کی فیملی نے ریلویز پولیس اہلکار رفاقت علی کی فرض شناسی اور حفاظتی اقدام پران کا شکریہ ادا کیا۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور: قبضہ مافیا کیخلاف ریلوے کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن، 50 ارب مالیت کی اراضی واگزار کروا لی
لاہور:محمود بوٹی بند کے علاقے میں قبضہ مافیا کے خلاف ریلوے کی تاریخ کا سب سے بڑا، آپریشن کیا گیا جس میں 50 ارب سے زائد مالیت کی پچیس ایکڑ زمین واگزار کروا لی گئی۔
وفاقی وزیر ریلویز کی قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے نتیجے میں ریلوے انتظامیہ نے محمود بوٹی بند کے علاقے لاہور رنگ روڑ کے ساتھ قبضہ مافیا کے خلاف بڑا اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کرتے ہوئے 50 ارب مالیت کی اراضی واگزار کروا لی۔
اینٹی انکروچمنٹ آپریشن ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے فاطمہ بلال کی نگرانی میں ہوا۔ آپریشن کے دوران ریلوے کی 25 ایکڑ زمین واگزار کروا لی گئی جس پر ایک ہاؤسنگ سوسائٹی، 5 فیکٹریاں،7 مارکیاں اور 2 پیٹرول پمپ بنے ہوئے تھے۔ واگزار کروانے کے بعد تمام پراپرٹیز کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔
ایک اندازے کے مطابق واگزار کروائی گئی ریلوے زمین اور پراپرٹیز کی آئندہ نیلامی کروائی جائے گی جس سے محکمے کو سالانہ 4 ارب روپے آمدن ہو گی۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی اینٹی انکروچمنٹ ڈرائیو کے حوالے سے بڑے آپریشن کی کامیابی پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور محمد حنیف گل نے پوری آپریشن ٹیم کو شاباش دی ہے۔