شہر میں پچاس نئے پارک تعمیر کیے جارہے ہیں، میئر کراچی
اشاعت کی تاریخ: 5th, March 2025 GMT
کراچی:
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں پچاس نئے پارک تعمیر کیے جارہے ہیں، ترقیاتی کام تکمیل کے مراحل میں ہیں، ضلع غربی کے ٹاؤنز کو پانی کی کمی کا سامنا تھا اس کمی کو پورا کرنے کے لیے حب ریورسے 100 ایم جی ڈی پانی کی نہر نکالی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یوسی۔5 رشید آباد بلدیہ ٹاؤن میں نو تعمیر شدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو فیملی پارک کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما، ٹاؤن اور یوسی کے چیئرمین، ممبران اور پارٹی کے مقامی رہنما بھی موجود تھے.
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ کراچی کے ساتوں اضلاع میں بلا امتیاز و تفریق کام کر رہے ہیں، کراچی کے عوام کو مسلسل ترقیاتی منصوبے مکمل کرکے دیں گے، بلدیہ ٹاؤن کے عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے تو ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جن نئے پچاس پارک کی تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا، اس پارک کا افتتاح میرے اس اعلان کی کڑی ہے، پارک کی جگہ پر کبھی کچرا ہوا کرتا تھا، آج اس جگہ سبزہ ہے، یہ پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو کا وژن ہے، اب سے کچھ دن بعد ماڑی پور روڈ پر فٹ بال گراؤنڈ بنانے جا رہے ہیں، اس گراؤنڈ کا ٹینڈر بھی ہوچکا ہے، کام ہوتا ہوا سب کو نظر آرہا ہے، آج بلدیہ عظمیٰ کراچی کام کر رہی ہے جبکہ ماضی میں اختیارات کا رونا رویا جاتا تھا، سابق میئر وسیم اختر صرف میڈیا پر آکر فائلیں پھینکا کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہر شہری چاہتا ہے کہ ہر چیز ان کے گھر کے سامنے ملے جس کے باعث تجاوزات قائم ہوتی ہیں، ٹریفک جام ہوتا ہے جس میں سب شہری پھنستے ہیں، ہمیں ٹھیلے والوں کا بائیکاٹ کرنا چاہیے، قانون کے مطابق ضبط کیے گئے ٹھیلے پندرہ دن میں واپس کرنا ہوتے ہیں جب ہم ٹھیلے واپس کرتے ہیں تو یہی ٹھیلے دوبارہ لگا لیے جاتے ہیں کیونکہ ان کو پتہ ہے کہ لوگ ان کے ٹھیلوں سے خریداری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 20 ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل اس پارک میں بچوں کے لیے بھی تفریحی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں، یہ ایک پسماندہ علاقہ ہے لیکن پیپلزپارٹی کا وژن ہے کہ ہمیں کراچی کے ہر ہر کونے میں بلدیاتی سہولتیں مہیا کرنی ہے۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: میئر کراچی
پڑھیں:
کراچی ناردرن بائی پر مویشی منڈی کا افتتاح ہفتہ کو ہوگا
کراچی:قربانی کے مویشیوں کے لیے ناردرن بائی پاس پر مویشی دوست منڈی کا باضابطہ افتتاح ہفتہ 19 اپریل کو مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کریں گے۔
یہ بات مویشی منڈی 2025ء کے ایڈمنسٹریٹر شہاب علی اکرام نے جمعہ کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ناردرن بائی پاس پر تیسری بار مویشی منڈی لگائی جارہی ہے، اس سے قبل 22 سال تک سپر ہائی وے پر لگتی رہی ہے، یہ مویشی منڈی کی سلور جوبلی ہے جسکا نظم ونسق ایک فیملی فیسٹول کی تصور پر مبنی ہوگا، منڈی میں آنے والے خریداروں کی سہولت کے لیے بہترین معیار کا فوڈ کوٹ بھی قائم کیا جائے گا، منڈی میں 2 لاکھ بڑے مویشی اور 1لاکھ چھوٹے مویشیوں کی گنجائش ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مویشی منڈی 1200 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہے جس کے وی آئی پی اور جنرل 20 بلاکس ہیں، وی آئی پی بلاک میں 2 سے ڈھائی لاکھ روپے فیس ہے جبکہ جنرل بلاک میں تمام سہولیات مفت ہوں گی، مویشی منڈی میں بیوپاری کھانا، پانی، چارے اور ٹینٹ سمیت تمام اشیاء باہر سے لاسکیں گے لیکن انہیں منڈی میں فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ منڈی سے لے کر معمار تک پولیس کی مسلسل پیٹرولنگ ہوتی رہے گی، مویشی منڈی آنے والوں کے تحفظ کے لیے 20 سے زائد پوسٹیں قائم کی جارہی ہیں، منڈی کی پارکنگ کی فیس میں 50 فیصد تک کی کمی کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منڈی کے بیوپاریووں کو بلند معیار کی شرط کے ساتھ انکی اپنی خواہش کے مطابق اپنے اسٹالز بنانے کی اجازت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شہاب علی اکرام نے بتایا کہ منڈی کے جنرل بلاک میں مختص جگہ کا کوئی کرایہ بیوپاری سے نہیں لیا جارہا تاکہ وہ چھوٹے اور کم مالیت کے مویشیوں کے خریداروں کو ریلیف دے سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ مویشیوں کی بیماریوں کی جانچ پڑتال کے لیے ہمارے ڈاکٹروں کی ٹیم مویشی میں داخلے کے وقت ہی ناصرف معائنہ کریں گے بلکہ بیوپاریوں کو ادویات بھی مارکیٹ سے نصف قیمت پر فراہم کی جائے گی۔