راولپنڈی: بجلی کا پول لگانے پر جھگڑا، دو سگے بھائی فائرنگ سے قتل
اشاعت کی تاریخ: 5th, March 2025 GMT
راولپنڈی:
ٹیکسلا کے علاقے خرم پراچہ میں بجلی کا پول لگانے کے تنازع پر دوہرے قتل کی واردات میں چچا زاد بھائی نے فائرنگ کرکے دو سگے بھائیوں کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ٹیکسلا کے علاقے خرم پراچہ کے رہائشی توقیر اور توفیق دو بھائی بجلی کی سپلائی کے لیے علاقے میں پول لگوانا چاہتے تھے لیکن ان کے چچا زاد بھائی نصرت کو پول لگانے پر اعتراض تھا۔
دونوں فریقین میں جھگڑا ہوا اور جھگڑے کے دوران نصرت نے فائرنگ کرکے دونوں کزنز جو آپس میں سگے بھائی تھے کو زخمی کردیا جنہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں دم توڑ گئے جبکہ ملزم فرار ہوجانے میں کامیاب رہا۔
ایس ایچ او ٹیکسلا محمد ذوالفقار کی سربراہی میں پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے گھر اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے لیکن ملزم ہاتھ نہ آیا ایس ایچ او ٹیکسلا کا کہناتھا کہ ملزم کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پشاور: شادی کی خوشی میں فائرنگ کرنے پر دلہا کو پولیس نے گرفتار کرلیا
پشاور میں اپنی شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے پر دلہے کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پشاور کے علاقے چمکنی میں شادی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے دلہا کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزم سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا، اور فائرنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے کلاشنکوف بھی برآمد کرلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دلہا کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے حوالات میں بند کردیا گیا اور دلہے نے رات حوالات میں ہی گزاری۔