امریکی قومی سلامتی کے مشیر کا اسحاق ڈار کو فون، دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر شکریہ
اشاعت کی تاریخ: 5th, March 2025 GMT
اسلام آباد:
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز نے ٹیلی فون کال کی۔ امریکی مشیر برائے قومی سلامتی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی حکومت کی انسدادِ دہشت گردی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر شکریہ اور تعریف کا پیغام پہنچایا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے امریکی قومی سلامتی کے مشیر کو ان کے عہدے کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ پاکستان اپنے دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔
انہوں نے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں امریکا کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی فوجی سازوسامان کی واپسی کے صدر ٹرمپ کے اعلان کو سراہا۔
دونوں فریقین نے آئی ٹی، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ گفتگو میں تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیاتی تبدیلی اور صحت کے امور پر مسلسل بات چیت جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ باہمی تعاون کے وسیع تر ایجنڈے کو آگے بڑھایا جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: امریکی قومی سلامتی کے مشیر دہشت گردی کے
پڑھیں:
ڈونلڈ ٹرمپ کا افغانستان میں دہشتگردی کے خلاف تعاون پر پاکستان کا خصوصی شکریہ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔
کانگریس سے اپنے طویل ترین خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انتہاپسند دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ افغانستان میں ایک بڑا دہشتگرد پکڑا گیا ہے۔
امریکی صدر نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "میں حکومت پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، کیونکہ اس دہشتگرد کی گرفتاری میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا"۔
انہوں نے مزید کہا کہ ساڑھے تین سال پہلے داعش نے 13 امریکیوں کو افغانستان میں قتل کیا تھا، اور اب اس مجرم کو امریکا لا کر قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : میری قیادت میں امریکا ناقابل تسخیر ہے، ٹرمپ کا کانگریس سے پہلا صدارتی خطاب
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا کو انتہائی شرمناک قرار دیا۔ ان کے مطابق، یہ فیصلہ امریکا کی پوزیشن اور سیکیورٹی پالیسی پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
امریکی صدر نے کانگریس سے ایک گھنٹے 39 منٹ اور 31 سیکنڈ کا طویل ترین خطاب کیا، جو امریکی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے 1993 میں صدر بل کلنٹن نے ایک گھنٹہ 5 منٹ کا خطاب کیا تھا۔