میری بات میں لسانی رنگ نہیں تھا، گرفتاری کی مذمت ہوئی تو اچھا لگا، آفاق احمد
اشاعت کی تاریخ: 5th, March 2025 GMT
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایم کیو ایم حقیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے لسانی بنیادوں پر شہر کا برا حال کیا ہوا ہے، بانی ایم کیو ایم کے نکلے ہوئے لوگوں سے بات کرنے کی ضرورت نہیں، میں باس سے بات کروں گا، ان کے نمائندوں سے نہیں، کراچی کی سیاست میں خلا نہیں، تحریکوں پر ایسا وقت آتا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ لندن اور بانی سے کوئی رابطہ نہیں، میں نے جو بات کہی اس میں لسانی رنگ نہیں تھا، گرفتاری کی مذمت ہوئی تو اچھا لگا، پیپلز پارٹی ایک لسانی جماعت ہے، انہوں نے لوگوں سے روزگار اور تعلیم چھینی ہے، ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنے سے شہر میں حادثات ہو رہے ہیں، کراچی کے سب شہری ہیوی ٹریفک سے متاثر ہیں۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے لسانی بنیادوں پر شہر کا برا حال کیا ہوا ہے، شہر کے لیے بات کرنا فارم 47 والوں کے لیے مشکل ہے، شہر سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ دن میں ہیوی ٹریفک نہیں چلنی چاہیئے، پولیس چوکیاں پیسے لے کر بھری ٹریفک کو شہر میں آنے دیتی ہیں، اس عمل سے شہر بھر میں لوگوں کی جانیں جا رہی ہیں۔
سربراہ مہاجر قومی موومنٹ نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم کے نکلے ہوئے لوگوں سے بات کرنے کی ضرورت نہیں، میں باس سے بات کروں گا، ان کے نمائندوں سے نہیں، کراچی کی سیاست میں خلا نہیں، تحریکوں پر ایسا وقت آتا ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ میں نے جو بات کہی تھی، اس میں کہیں بھی لسانی رنگ نہیں تھا، جو شہر جس کا ہے وہ ہے، یہاں لوگ صرف روزگار کے لیے آئے ہیں، بہت سارے لوگ اپنی خواہش کو ہی حقیقت سمجھتے ہیں، اگر مہاجر سیاست کا خاتمہ ہوگیا تو سب کو سیاسی آزادی دیں۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی کی درست گنتی نہیں کی گئی، کراچی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ سے زائد ہے، شہر میں تمام لوگوں کو کام کرنے دیں اور شفاف الیکشن کرائیں، اگر آپ کو یقین ہے کہ عوام نے ہمیں مسترد کردیا ہے اور پلوں کے نیچے سے پانی نکل گیا تو خوف کس بات کا ہے؟
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: آفاق احمد نے کہا کہ کراچی کی سے بات
پڑھیں:
پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد قائم مقام وی سی جامعہ این ای ڈی کراچی مقرر
جامعہ این ای ڈی میں مستقل وائس چانسلر کے تقرر کے سلسلے میں اشتہار بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں 15 روز کے اندر امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد کو کراچی کی جامعہ این ای ڈی کا قائم مقام وائس چانسلر مقرر کر دیا۔ جامعہ این ای ڈی کے سینئر ترین پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد کو وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی کی دوسری 4 برس کی مدت مکمل ہونے پر قائم مقام وائس چانسلر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ وہ مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی تک اس عہدے پر فائز رہیں گے، ڈاکٹر سروش لودھی کی مدتِ ملازمت رواں ماہ 21 مارچ کو مکمل ہو رہی ہے۔ محکمہ بورڈز و جامعات کے سیکریٹری عباس بلوچ نے قائم مقام وی سی کیلئے 3 نام بھیجے تھے، جن میں آرکیٹیکچر کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل شیخ اور شعبہ برقیات کے پروفیسر سعد احمد قاضی شامل تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سینئر ترین پروفیسر ہونے کے ناتے ڈاکٹر نعمان احمد کے نام پر اتفاق کیا ہے، ڈاکٹر نعمان 22 مارچ کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ ادھر جامعہ این ای ڈی میں مستقل وائس چانسلر کے تقرر کے سلسلے میں اشتہار بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں 15 روز کے اندر امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔