بنوں کینٹ میں فورسز نے بزدلانہ دہشتگردحملہ ناکام بنا کر 16 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا، آئی ایس پی آر
اشاعت کی تاریخ: 5th, March 2025 GMT
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05 مارچ 2025)بنوں کے علاقے کینٹ میں سیکورٹی فورسز نے بزدلانہ دہشت گرد حملہ ناکام بناتے ہوئے 16 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جب کہ شدید جھڑپ کے دوران 5جوان شہید ہوگئے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز خوارج کی بنوں کنٹونمنٹ پر حملے کی کوشش کی گئی، سیکیورٹی فورسز کی موثر اور بروقت کارروائی سے حملہ ناکام بنادیا گیا۔
4 مارچ 2025 کو بنوں چھاونی پر خوارج عناصر کی جانب سے ایک بزدلانہ دہشت گرد حملے کی کوشش کی گئی۔ حملہ آوروں نے چھاونی کی سیکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی۔ تاہم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی مستعد اور دلیرانہ کارروائی نے ان کے ناپاک عزائم کو فوری اور فیصلہ کن انداز میں ناکام بنا دیا۔ مایوسی کے عالم میں حملہ آوروں نے دو بارودی گاڑیاں چھاونی کی دیوار سے ٹکرا دیں۔(جاری ہے)
پاک فوج کے جوانوں نے بے مثال جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو نشانہ بنایا اور 16 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس شدید جھڑپ میں 5 بہادر فوجی مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔ خودکش دھماکوں کی وجہ سے حفاظتی دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا جس سے ملحقہ عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ خوارج کے حملے میں 13معصوم شہری شہید،32زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ خودکش دھماکوں سے حفاظتی دیواروں کو نقصان پہنچا۔ حملہ آوروں کا مقصد کینٹ کی سیکیورٹی کو توڑنا تھا۔ دہشتگرد حملے میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔بدقسمتی سے، ایک مسجد اور رہائشی عمارت بھی تباہ ہو گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اداروں کی تحقیقات میں واضح طور پر ثابت ہوا ہے کہ اس حملے میں افغان شہری براہِ راست ملوث تھے۔شواہد سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی افغانستان میں موجود خوارج کے سرغنہ کر رہے تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر قائم ہیں۔ ہمارے بہادر فوجیوں اور بے گناہ شہریوں کی قربانیاں ہمارے اس غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ ہم اپنی سرزمین کی حفاظت کیلئے ہر قیمت چکانے کو تیار ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان توقع رکھتا ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریوں کو نبھائے گی اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکے گی۔ پاکستان اپنی سلامتی کو لاحق ان سرحد پار خطرات کے خلاف ضروری اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔.
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے آئی ایس پی آر حملہ آوروں
پڑھیں:
9 مئی کو ملٹری تنصیبات پر حملے سیکیورٹی کی ناکامی تھے، جسٹس حسن اظہر رضوی
سپریم کورٹ آئینی بینچ میں سویلینز کے ملٹری ٹرائل کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران جسٹس حسن اظہر رضوی نے سوال کیا کہ 9 مئی کو ملٹری تنصیبات پر حملے سیکیورٹی کی ناکامی تھے، کیا اس وقت ملٹری افسران کیخلاف کارروائی کی گئی؟ کیا 9 مئی پر کسی ادارے نے احتساب کیا؟
جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے جواب دیا کہ اس سوال کا جواب تو اٹارنی جنرل ہی دیں گے، جسٹس حسن اظہر رضوی نے مزید سول کیا کہ 9 مئی کے کیسز میں پک اینڈ چوز کیسے کیا؟
وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ پک اینڈ چوز والی کوئی بات نہیں، جرم کو اس کی نوعیت کے مطابق اے ٹی سی کا ملٹری کورٹ بھیجا جاتا ہے۔
جسٹس مسرت ہلالی نے سوال کیا کہ کیا سویلینز اس کے زمرے میں آتے ہیں؟ قانون تو فورسز کے ممبر کو ڈسپلن میں رکھنے کیلئے ہے، ملٹری کا قانون آئین سے ٹکراتا ہے۔
خواجہ حارث نے کہا کہ کورٹ مارشل آئینی طور پر تسلیم شدہ ہے جو زمانہ امن میں بھی ہوتا ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا خواجہ صاحب ایسا نہ ہو کہ نمازیں بخشوانے آئیں اور روزے گلے پڑ جائیں۔
کیس کی مزید سماعت 28 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔