UrduPoint:
2025-03-05@22:07:34 GMT

پاکستان: بنوں میں فوجی اڈے پر خودکش حملے میں 12 افراد ہلاک

اشاعت کی تاریخ: 5th, March 2025 GMT

پاکستان: بنوں میں فوجی اڈے پر خودکش حملے میں 12 افراد ہلاک

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 05 مارچ 2025ء) پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں حکام اور مقامی ہسپتال کے اہلکاروں کے مطابق منگل کی شام کو بنوں شہر میں واقع فوجی چھاؤنی پر عسکریت پسندوں کی جانب سے حملہ کرنے کی کوشش کے دوران کم از کم ایک درجن افراد ہلاک اور تیس کے قریب زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق دوسرے حملہ آوروں کے کمپاؤنڈ میں داخل ہونے سے پہلے دو خود کش حملہ آور بنوں چھاؤنی کی دیوار کو توڑنے میں کامیاب ہوئے، تاہم پاکستانی فورسز نے ان کے اس حملے کو پسپا کر دیا۔

پاکستان: عسکریت پسندوں کے حملے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت چار ہلاک

شدت پسندوں کا افطار کے دوران حملہ

شدت پسندوں کی جانب سے یہ حملہ افطار کرنے کے دوران کیا گیا، جس میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور دس فوجیوں سمیت 30 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

(جاری ہے)

ہائی سکیورٹی زون میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران عسکریت پسندوں کی جانب سے بنوں چھاؤنی کے احاطے میں بارود سے بھری دو گاڑیاں ٹکرانے کے سبب بہت زور کا دھماکہ ہوا، جس میں پانچ خواتین اور چار بچوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

عسکریت پسندوں نے چھاؤنی کے داخلی راستے پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے روکنے کے بعد گیٹ پر ہی گاڑیوں کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریب کے مکانات اور مسجد منہدم ہو گئی اور افطار کے لیے جمع ہونے والے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

پاکستان کا افغانستان سے 'دہشت گردوں' کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

چھ حملہ آور بھی ہلاک

حکام کے مطابق دھماکوں کے بعد "عسکریت پسندوں کی ایک غیر متعینہ تعداد" نے کیمپ کے اندر گھسنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔

خبر رساں ادارے اے پی نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک مقامی اہلکار کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ "دیوار میں شگاف پڑنے کے بعد، پانچ سے چھ مزید حملہ آوروں نے چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش کی، لیکن انہیں مار دیا گیا۔"

ایک مقامی اہلکار نے پاکستانی میڈیا ادارے ڈان کو بتایا، "حملہ افطار کے چند منٹ بعد شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوا۔

حملے کے دوران عسکریت پسندوں نے آر پی جی اور دستی بم داغے۔ اضافی دستے اور ایس ایس جی کمانڈوز کو علاقے میں بھیج دیا گیا ہے۔"

ڈیرہ اسماعیل خان میں عسکریت پسندوں کے نئے حملے میں متعدد افراد ہلاک

پاکستانی طالبان نے ذمہ داری قبول کر لی

پاکستانی طالبان سے وابستہ ایک گروپ جیش فرسان محمد نامی گروپ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

اس کا تعلق حافظ گل بہادر مسلح گروپ کے ایک دھڑے سے بتایا جاتا ہے۔

اس نے اس حملے میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کے درجنوں ارکان کے ہلاک کرنے کا بھی دعوی کیا اور کہا، "ہمارے جنگجوؤں نے ایک اہم ہدف تک رسائی حاصل کی اور کنٹرول حاصل کر لیا۔" تاہم ان دعووں کی آزاد ذرائع سے کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔

پاکستانی فوج نے بھی فوری طور پر کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی، تاہم بنوں کے ڈسٹرکٹ ہسپتال کا کہنا ہے کہ کم از کم ایک درجن افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

بنوں چھاؤنی پر حملہ، آٹھ پاکستانی سکیورٹی اہلکار ہلاک

متعدد مکانات منہدم اور امدادی کاروائیاں جاری

دھماکوں کی شدت کے باعث آس پاس کے متعدد مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے کی اطلاع ہے۔ فوجی چھاؤنی کے داخلی دروازے سے متصل ایک مسجد بھی منہدم ہو گئی اور مبینہ طور پر متعدد نمازی ملبے کے نیچے دب گئے۔ انہیں ملبے سے نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ایک امدادی اہلکار نے بتایا کہ امدادی کارروائیوں کے لیے ایمبولینسوں کے ساتھ طبی ٹیموں کو علاقے میں روانہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "لوگ تباہ شدہ مکانات اور ایک مسجد کے ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں اور امدادی کارکن انہیں نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔"

ایک مقامی پولیس افسر زاہد خان نے بتایا کہ دھماکے کے سبب دھوئیں کے بادل فضا میں بلند ہوئے اور دھماکوں کے بعد گولیاں چلنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

ہسپتال کے حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں چار بچے تھے، جو دھماکوں کی جگہ کے قریب ہی رہتے تھے۔

پاکستان: بنوں کینٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، متعدد افراد زخمی

بنوں ڈسٹرکٹ ہسپتال کے ترجمان محمد نعمان نے بتایا کہ شام کو ہونے والے دھماکوں سے گھروں اور دیگر عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھتیں اور دیواریں گر گئیں اور اسی وجہ سے جانی نقصان ہوا ہے۔

ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد فراز خان نے کہا، "اب تک ہمیں 42 متاثرین، 12 ہلاک اور 30 ​​زخمی موصول ہوئے ہیں۔ ان میں سے کچھ کی حالت نازک ہے لیکن زیادہ تر کی حالت مستحکم ہے۔ تمام ڈاکٹروں بالخصوص سرجنز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے اور میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔"

حملے کی مذمت

چند روز قبل ہی پاکستان کے ایک مدرسے میں خودکش حملہ ہوا تھا، جس میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے اور اس کے بعد یہ نیا حملہ ہوا ہے۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے ایک بیان میں اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے "گھناؤنا" قرار دیا اور کہا کہ "پوری قوم اس طرح کی نفرت انگیز کارروائیوں کو مسترد کرتی ہے۔"

بنوں میں بم حملہ، سابق وزیراعلیٰ بال بال بچ گئے

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور واقعے میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے کہا، "بزدل دہشت گرد جو رمضان کے مقدس مہینے میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں، وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان دشمن ہے اور اس کے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔"

خیبر پختونخوا کی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے ایک بیان میں کہا کہ تمام حملہ آوروں کو سکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "دھماکے کے نتیجے میں قریبی مسجد کی چھت گر گئی، جس کے سبب نمازی ہلاک ہو گئے۔"

ص ز/ ج ا (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)

.

ذریعہ: UrduPoint

کلیدی لفظ: تلاش کیجئے عسکریت پسندوں نے بتایا کہ افراد ہلاک دھماکوں کی کی جانب سے ہسپتال کے پسندوں کی کے دوران حملے میں ہلاک ہو کی کوشش نے کہا کے بعد نے ایک کہا کہ

پڑھیں:

بنوں کینٹ پر دہشتگردانہ حملہ ناکام بنا دیا گیا، 6 خوارج ہلاک، سیکیورٹی ذرائع

BANNU:

سیکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ پر فتنہ الخوارج کا دہشت گردانہ حملہ ناکام بناکرچھ خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کو محصور کرلیا گیا ہے۔ 

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آج افطار کے بعد دہشتگردوں نے بنوں کینٹ میں داخل ہونے کی ناکام کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا۔ 

سیکیورٹی فورسز کی بر وقت کاروائی سے  بنوں کینٹ کے باہر گھبراہٹ میں دہشت گردوں نے دو بارود سے لدی ہوئی گاڑیاں کینٹ کی دیوار سے ٹکرادیں، جس سے قریبی گھر کی منہدم ہونے سے معصوم شہریوں کی شہادتوں اور ان کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ 

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ  چھ خوارج کومختلف انٹری پوائنٹس پر موجود چوکس سکیورٹی عملے نے ہلاک کردیا جبکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کو محصور کر لیا گیا  ہے۔ 

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام خارجیوں کا صفایا کرنے تک فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔ 

متعلقہ مضامین

  • بنوں کینٹ حملہ ناکام رہا، 16 دہشتگرد ہلاک، 5 جوان وطن پر قربان ہوئے، آئی ایس پی آر
  • بنوں حملہ: شہید ہونے والے 12 افراد میں سے 6 کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے
  • بنوں کینٹ میں فورسز نے بزدلانہ دہشتگردحملہ ناکام بنا کر 16 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا، آئی ایس پی آر
  • بنوں کنٹونمنٹ پر حملہ آور16دہشتگردہلاک،5جوان شہید
  • بنوں: 3 بارودی گاڑیوں سے خودکش حملے، 15 شہری شہید، 25 زخمی، کینٹ میں داخلے کی کوشش ناکام، 6 خوارج ہلاک
  • بنو ں کینٹ حملہ ؛ دہشت گردانہ حملے میں 15 شہری شہید اور 25 افراد زخمی
  • بنوں کینٹ پر دہشتگردانہ حملہ ناکام بنا دیا گیا، 6 خوارج ہلاک، سیکیورٹی ذرائع
  • خاتون کا خودکش حملہ، ذمہ داری علیحدگی پسندوں نے قبول کر لی
  • ہلاک دہشتگر دافغانستان ملٹری اکیڈمی کا کمانڈ ر نکلا‘ فورسز میں فائر نگ کا تبادلہ : قلات خودکش حملہ جوان شہید