بھارتی اداکارہ سونا اسمگلنگ کے شبہے میں دبئی سے واپسی پر بنگلور ایئرپورٹ پر گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 5th, March 2025 GMT
BENGALURU:
بھارت کی ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجینس نے اداکارہ رانیا راؤ کو دبئی سے واپسی پر 14.8 کلو سونا رکھنے کی پاداش میں بنگلور ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ رانیا راؤ کو پیر کو گرفتار کرنے کے بعد مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں سے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔
حکام کےمطابق رانیا راؤ متحدہ عرب امارات کی ایک پرواز کے ذریعےدبئی سے بنگلور پہنچی تھیں جبکہ وہ غیرمعمولی پر بیرون ملک سفر کرنے پر زیرنگرانی تھیں۔
تفتیش کاروں نے انکشاف کیا کہ وہ مبینہ طور پر سونا اسمگلنگ میں ملوث ہیں اور مخصوص مقدار پہن کر اور کپڑوں میں سونے کی بارز چھپا کر اسمگل کرتی تھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ حکام کو ان پر اس وقت شک ہوا جب وہ 15 روز میں 4 مرتبہ دبئی گئیں، پھر وطن واپسی پر ان کو ٹارگٹ کرکے کارروائی کی گئی۔
ابتدائی تفتیش کےمطابق یہ امکان سامنے آیا ہے کہ اداکارہ کسٹم میں تلاشی سے بچنے کے لیے اپنے رابطے کا استعمال کرتی رہی ہوں۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ جب وہ ایئرپورٹ پر اتری ہیں تو انہوں نے مبینہ طور پر خود کو کرناٹکا پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کی بیٹی ظاہر کیا اور پولیس سے رابطہ کیا کہ انہیں گھر تک پہنچائیں۔
حکام اس حوالے سے بھی تفتیش کر رہے ہیں کہ آیا قانون نافذ کرنے والے عہدیداران بشمول اداکارہ کے رشتہ دار سرکاری افسران ان کی سرگرمیوں سے باخبر تھے یا وہ محض انہیں دھوکا دینے کے لیے غلط بیانی کر رہی ہیں۔
اداکارہ کے حوالے سے بتایا گیا کہ گرفتاری کے بعد انہیں بنگلور میں ڈی آر آئی ہیڈکوارٹرز منتقل کیا گیا جہاں ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
تفتیش کے دوران اس بات کا بھی تعین کیا جائے گاکہ کیا وہ انفرادی طور پر یہ کام کر رہی ہیں یا بھارت دبئی کے درمیان فعال کسی بڑے اسمگلنگ نیٹ ورک سے منسلک ہیں۔
رانیا راؤ کو 2014 میں آنے والی فلم مانیکیا میں کناڈا سپر اسٹار سودیپ کے مقابلے میں کردار سے جانا جاتا ہے، اس کے علاوہ متعدد ساؤتھ انڈین فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: رانیا راؤ
پڑھیں:
مودی سرکار کی ایما پر خالصتان تحریک کے رہنما امریکا میں گرفتار
امریکی تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے کیلی فورنیا کے شہر سکرامینٹو سے ہرپریت سنگھ نامی بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار شخص ہرپریت سنگھ کا تعلق سکھ علیحدگی پسند جماعت ببر خالصہ انٹرنیشنل ہے اور اس پارٹی کو بھارت میں دہشت گرد تنظیم قرار دیا جا چکا ہے۔
2023 کے دوران چندی گڑھ میں ایک پولیس آفیسر پر ہونے والے گرینیڈ حملے میں اس تنظیم کے ایک مقامی رہنما ہرپریت سنگھ کے ملوث ہونے کا الزام تھا۔
بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق ہرپریت سنگھ بھارت میں ببر خالصہ انٹرنیشنل کے کارکنوں کو مالی امداد، ہتھیار اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرتا تھا۔
ادھر ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ ہرپریت سنگھ غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے انکرپٹڈ ایپلیکیشنز اور "برنر فونز" کا استعمال کرتا رہا۔
خیال رہے کہ یہ گرفتاری امریکا اور بھارت کے درمیان دہشت گردی کے خلاف تعاون کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔
ہرپریت سنگھ فی الحال امریکی وفاقی حراست میں ہیں اور اس کی بھارتی حکام کے ساتھ قانونی کارروائی اور ممکنہ حوالگی پر مشاورت جاری ہے۔