کراچی، بینک لاکرز سے شہری کا 10 کروڑ مالیت کا سامان چوری
اشاعت کی تاریخ: 4th, March 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے درخشاں کے بینک لاکر سے شہری کا 10 کروڑ مالیت کا سامان چوری ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق درخشاں کے علاقے میں نجی بینک کے لاکر سے 10 کروڑ روپے مالیت کا سامان چوری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، متاثرہ شہری نے درخشاں تھانے میں واردات کا مقدمہ درج کرادیا۔
شہری کے مطابق لاکر میں ڈائمنڈ، گولڈ جیولری ، برانڈڈ گھڑیاں اور دیگر اشیا رکھی تھیں، 6 فروری کو لاکر میں سارا سامان تھا ، 19 فروری کو بینک گئے تو لاکر خالی تھا۔
متاثرہ شہری نے پولیس کو بتایا کہ جولائی 2010 سے لاکر آپریٹ کررہا ہوں، مختلف وقتوں میں سامان رکھتا گیا، ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک کو بھی درخواست ارسال کردی۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے جبکہ مدعی سے بھی تفصیلات لے لی گئیں، تحقیقات کے دوران ضرورت محسوس ہوئی تو مزید دفعات بھی عائد کی جائیں گی۔
پولیس نے واقعے سے متعلق بینک کے عملے کو بھی تفتیش کے لیے طلب کرلیا جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور: پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے فرانزک ہونے والے اسلحے کی چوری کا انکشاف ، ملازم ہی ملوث نکلا
پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے فرانزک ہونے والے اسلحہ کی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاملے کی ایف آئی آر کے متن کے مطابق پی ایف ایس اے کا درجہ چہارم کا ملازم فرانزک کے لیے آنے والے اسلحہ کی چوری ، فروخت اور منشیات میں ملوث نکلا۔
تھانہ مصطفی آباد پولیس نے پی ایف ایس اے کے ملازم اوراس کے ساتھی پر مقدمہ درج کرلیا، متن کے مطابق پی ایف ایس اے کے ملازم خالد مشتاق نے پی ایف ایس اے سے 30بور پسٹل اور گولیوں کے خول چوری کئے۔
پولیس نے کہا کہ خالد مشتاق نے پسٹل اور خول ساتھ احتشام کو پی ایف ایس اے میں فرانزک کے لیے آنے والا 30بور پسٹل اور خول چوری کرکے فروخت کر دیا، تھانہ مصطفی آباد پولیس نے خالد مشتاق اور احتشام کو آئس فروخت کرتے گرفتار کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے خالد مشتاق کے قبضہ سے 100گرام آئس اور احتشام کے قبضہ سے 200گرام آئس برآمد کی، تھانہ مصطفی آباد پولیس نے دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلیے۔
ذرائع نے کہا کہ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔