موٹر سائیکل سواروں کے لئے اہم خبر
اشاعت کی تاریخ: 4th, March 2025 GMT
شہر میں موٹر سائیکل سواروں پر بڑی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، موٹر سائیکل جہاں کھڑی ہوگی اسی جگہ جدید لاک سسٹم لگادیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں مختلف ٹریفک حادثات میں موٹر سائیکل سواروں کے جانی نقصان کے معاملے پر شہر کی 3 سڑکوں پر بغیر ہیلمٹ داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ڈی آئی جی ٹریفک پیرمحمد شاہ نے کہا کہ 3 سڑکوں کو ابتدائی طور پر ماڈل بنارہے ہیں، حادثات پر قابو پانے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔
پیرمحمد شاہ کا کہنا تھا کہ میٹروپول کلفٹن برج سے دو تلوار تک بغیر ہیلمٹ داخلے پرپابندی ہوگی اور دوسری سڑک پی آئی ڈی سی سے سعودی قونصلیٹ تک ماڈل ہوگی جبکہ تیسری شارع فیصل ہوگی، جو بہت بڑا ٹاسک ہے۔انھوں نے بتایا کہ رمضان میں تجرباتی بنیادپر مہم کو چلایا جائے گا، رمضان میں ہم نے چالاننگ کو بھی بہت کم کردیا ہے، اس ریلیف کے دوران ہم لوگوں کو آگاہی دینا چاہتے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ ان 3 سڑکوں پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو واپس بھیجا جائے گا اور رمضان المبارک کے بعد سے کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ تمام سیکشن آفیسرز کو 50 ،50 لاک سسٹم فراہم کریں گے، موٹر سائیکل جہاں کھڑی ہوگی اسی جگہ جدید لاک سسٹم لگادیا جائے گا، موٹر سائیکل مالک جب ہیلمٹ لے کر آئے گا تو اسے جانےدیا جائے گا اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کیخلاف بھاری جرمانے کئے جائیں گے۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: موٹر سائیکل سواروں بغیر ہیلمٹ جائے گا
پڑھیں:
کراچی؛ دفعہ 144 کے تحت دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد
کراچی:کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر میں ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیےدفعہ 144 کے تحت صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ڈی جی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر شہر میں دفعہ 144 کے تحت شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر دو ماہ کے لیے پابندی عائد کی ہے۔
کراچی میں ٹریفک حادثات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ہیوی گاڑیوں کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہور ہے ہیں، جس پر ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر کمشنر کراچی حسن نقوی نے ایک نوٹیفیکشن جا ری کیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک شہر میں ہیوی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی اور پابندی کا اطلاق مال بردار گاڑیوں پر بھی ہوگا۔
ہیوی ٹریفک کو سپرہاوے سے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا براستہ سلپ روڈ چلنے کی اجازت ہوگی، اسی طرح نیشنل ہائی وے سے گودام چورنگی براستہ منظر پیٹرول پمپ، یونس چورنگی، داؤد چورنگی سے جام صادق چلنے کی اجازت ہوگی جبکہ ناردرن بائی سے پراچہ چوک، اسٹیٹ ایونیو، سیمنز چورنگی سے گلبائی ماڑی پورروڈ پر ہیوی ٹریفک کو آمدورفت کی اجازت ہوگی۔