چیمپئنزٹرافی میں ناقص کارکردگی ، قومی ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ، 6 بڑے نام ڈراپ کر دئیے گئے
اشاعت کی تاریخ: 4th, March 2025 GMT
چیمپئنزٹرافی میں ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، سعود شکیل سمیت 6 کھلاڑیوں کو ڈراپ کردیا گیا۔
محمد رضوان ون ڈے ٹیم کپتان رہیں گے جبکہ سلمان آغا کو ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا، شاداب خان کی بطور نائب کپتان 8 ماہ بعد قومی ٹیم واپسی ہوگئی۔محمد رضوان، بابراعظم اور نسیم شاہ کی مختصر فارمیٹ سے چھٹی ہوگئی جبکہ حسن نواز، عاکف جاوید، محمد علی اور عبدالصمد کو شامل کیا گیا ہے۔
دورہ نیوزی لینڈ میں عاقب جاوید عبوری ہیڈ کوچ ہی رہیں گے جبکہ محمد یوسف کو بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا۔16 مارچ سے 5 اپریل تک ہونے والی سیریز میں 5 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
اثر و رسوخ ہوتا تو آج چیئرمین پی سی بی ہوتا، شاہد آفریدی
گلگت:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مشہور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ اگر ان کا اثر و رسوخ ہوتا تو وہ آج پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین ہوتے۔
گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہدخان آفریدی نے کہا کہ اگرمیرا اثررسوخ ہوتا تو آج میں پی سی بی کا چیئرمین ہوتا، ہمارے دور میں قومی کرکٹ ٹیم میں میچ ونرز بہت تھے اب اتنے میچ ونرز نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انڈر 16، 17 اور 19 میں کھلاڑیوں کو سکھانا پڑتا ہے، ہمیں نچلے لیول میں تگڑے لوگ چاہئیں تاکہ وہ کھلاڑیوں کی اچھی ٹریننگ کر سکیں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا اسٹرکچر بیوروکریٹ کو دیا جائے تو کسی کو سمجھ نہیں آئے گی، پی سی بی کا چیئرمین جو بھی آتا ہے وہ سیاسی بنیاد پرآتا ہے، چہرے بدلنے سے نظام نہیں بدلتا۔
شاہد خان آفریدی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اگر ٹیلنٹ ہوا تو وہ ضائع نہیں ہوگا، میں اگر پی سی بی میں آیا تو پاکستان کی خاطر آؤں گا مجھے کوئی کنٹریکٹ وغیرہ نہیں چاہیے۔