نیپال میں ایمبیسی کی تعمیر کے بجائے کرائے کی مد میں 18 کروڑ خرچ ہونیکا انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 4th, March 2025 GMT
اسلام آباد:
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے دوران نیپال میں 32 کنال پلاٹ پر ایمبیسی کی تعمیر کے بجائے کرائے کی مد میں 18 کروڑ روپے کی رقم خرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
چیئرمین جنید اکبر کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
حنا ربانی کھر نے کہا کہ پوری دنیا میں ہم بیرون ممالک میں مشنز میں سب سے زیادہ پیسے کرائے کی مد میں لگا رہے ہیں۔
آڈٹ پیرا کے مطابق سفارتخانے کی عمارت اور رہائشی کمپلیکس کی تعمیر میں غیر ضروری تاخیر کی وجہ سے ابھی تک کرایہ دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 1984 میں زمین خریدی گئی تھی اور 2008 میں تعمیر کی منظوری دی گئی تھی، فنڈز کی موجودگی کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ سفارتخانے کو دفتر اور رہائش کے لیے کرایہ ادا کرنا پڑا جس سے کروڑوں کا کرایہ ادا کیا گیا۔
حنا ربانی کھر نے کہا کہ دنیا کے 60 فیصد سے زائد بیرون مشنز میں یہی طریقہ اپنایا جا رہا ہے، کئی جگہوں پر ہمیں پلاٹس بھی ملے ہوئے ہیں لیکن لاکھوں ڈالرز کا ضیاع ہو رہا ہے، اگر انہیں عمارتوں کو ہم مارٹگیج کرلیں تو کچھ عرصے بعد یہ اپنی ملکیت ہوتیں۔
عمر ایوب نے تجویز دی کہ ایک ذیلی کمیٹی بنا کر اس مسئلے کا حل نکلا جا سکتا ہے، جس پر کرائے سے متعلق تمام معاملات کو ذیلی کمیٹی میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
رمضان کے پہلے روزے میں ہی سبزیاں، پھل اور گوشت مہنگے داموں فروخت ہونے لگا
لاہور:رمضان المبارک کے پہلے روزے میں ہی سبزیاں، پھل اور گوشت مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے، مہنگائی اور گراں فروشی سے شہری پریشان ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنرز پرائز کنٹرول مجسٹریٹ گراں فروشی روکنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
سبزیوں میں آلو دوئم 45 کے بجائے 80 سے 100 روپے فی کلو، پیاز 70 کے بجائے 120 روپے، ٹماٹر 40 کے بجائے 100 روپے، لہسن دیسی 600 کے بجائے 800 روپے اور ادرک 370 کے بجائے 600 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ شملہ مرچ اور بھنڈی 300 روپے، میتھی 100 روپے اور کریلے 300 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔
پھلوں میں سیب 400 روپے کلو، کیلا 300 روپے درجن اور کھجور ایک ہزار روپے کلو تک پہنچ گئی۔ خربوزہ 250 سے 300 روپے فروخت ہو رہا ہے۔
مرغی کا گوشت 625 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے جبکہ بکرے کا گوشت 2500 اور گائے کا گوشت 1200 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔
ڈی سی کا کہنا تھا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز پرائز کنٹرول مجسٹریٹس گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کریں، روزانہ کی بنیاد پر گراں فروشی کرنے والوں کو جیل بھجوانے کے ساتھ بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ رمضان میں گراں فروشی کو کنٹرول کرے۔