پاکستان کی موسمیاتی تبدیلی جیسے موضوعات کو یو این واٹر کانفرنس میں شامل کرنیکی تجویز
اشاعت کی تاریخ: 4th, March 2025 GMT
اسلام آباد:
پاکستان نے سرحد پار آبی تعاون اور پانی، ماحول اور موسمیاتی تبدیلی کے تعلق کو 2026ء کے اقوام متحدہ واٹر کانفرنس کے مکالمے میں شامل کرنے کے لیے کلیدی موضوعات کے طور پر تجویز کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے متبادل مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے ای سی او ایس او سی (ECOSOC) چیمبر میں ہونے والے 2026ء اقوام متحدہ واٹر کانفرنس کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ یہ کانفرنس ایس ڈی جی 6 کے ہدف ’’سب کے لیے صاف پانی اور نکاسی آب کی فراہمی‘‘ کے حصول کے لیے عالمی کوششوں کو تیز کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔
سفیر عاصم افتخار نے اس بحث کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ براہ راست آئندہ نسلوں کے مستقبل سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے اور عمل درآمد بدستور ایک بنیادی چیلنج بنا ہوا ہے۔
پاکستانی متبادل مندوب نے کہا کہ پاکستان کی تجویز کردہ اضافی موضوعات ترقی پذیر ممالک کے لیے خاص طور پر اہم ہیں کیونکہ یہ علاقائی یکجہتی، امن، اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان موضوعات پر زیادہ توجہ دینے سے ممالک کو مشترکہ چیلنجز، بہترین طریقہ کار، اور مربوط حل پیش کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے ’لیونگ انڈس‘ (Living Indus) اور ’ری چارج پاکستان‘ (Recharge Pakistan) منصوبے ماحولیاتی تحفظ، موافقت، پانی کے معیار میں بہتری، سیلابی خطرات سے نمٹنے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ سمیت کئی فوائد فراہم کرتے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر، عالمی امن کیلئے قربانی دی: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل نے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ ترجمان کے مطابق ملاقات اقوام متحدہ کے امن مشن کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔ اسحاق ڈار نے یو این امن مشنز کیلئے پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو اپنے امن مشنز میں خدمات پر فخر ہے۔ کانفرنس یو این امن مشنز کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ہو گی۔ دریں اثناء ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسحاق ڈار کو فون کر کے 8 پاکستانیوں کے قتل کے واقعہ میں انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کا وعدہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عباس نے تعزیت کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے کہا نعشیں واپس بھیجنے کیلئے تعاون بھی کریں گے۔ تیسری اقوام متحدہ امن مشن وزارتی تیاری کانفرنس 2025 سے خطاب کرتے ہوئے اسحق ڈار نے کہا پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لیے دستے بھیجے، پاکستانیوں نے عالمی امن و استحکام کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار عالمی امن کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے، امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ناگزیر ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ غلط معلومات کا پھیلاؤ عالمی امن کے لیے بڑا خطرہ ہے۔