خیبر پی کے میں تحریک انصاف کی تمام تنظیمیں تحلیل‘ پارٹی کی تنظیم نو ہو گی
اشاعت کی تاریخ: 4th, March 2025 GMT
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی تنظیمیں تحلیل کر دی گئیں۔ صوبائی جنرل سیکرٹری علی اصغر کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق بانی چیئرمین کی ہدایات کے مطابق تنظیمیں تحلیل کی گئی ہیں، عہدیداروں کو ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔ جس کا مقصد حکومت اور پارٹی عہدے الگ کرنا ہے۔ صوبائی صدر جنید اکبر خان نے پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں تمام ریجنل صدور اور جنرل سیکرٹریز کے عہدے فوری طور پر ختم کر دئیے۔ اعلامیے کے مطابق عمران خان کی ہدایات کے مطابق خیبر پختونخوا میں پارٹی ڈھانچے کی تنظیم نو کو یقینی بنانے کے لیے کہ خیبر پختونخوا حکومت میں ذمہ داریاں سنبھالنے والے افراد کو پارٹی کا کوئی عہدہ نہیں دیا جائے گا۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پارٹی کو از سرِ نو ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، عہدوں پر نئی تقرریوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی خیبر پی کے کی نئی تنظیم سازی کا آغاز کر دیا گیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: خیبر پختونخوا کے مطابق
پڑھیں:
تحریک انصاف ایک منافقوں کا ٹولہ تھی، جس سے پاکستان کی جان چھوٹ گئی ہے: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سیاسی میدان میں جنگ لڑے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک منافقوں کا ٹولہ تھی، جس سے پاکستان کی جان چھوٹ گئی ہے۔ انہوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ملک دشمن عناصر کے کہنے پر رقوم بھیجنا بند کردیا ہے۔ خواجہ آصف کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں نے پیسے نہ بھیجنے کی کال کو مسترد کر دیا ہے اور وہ آج بھی اپنے وطن سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے بھی سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ اپنے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بے شرمی سے چوری کرنے والے اب معافی مانگ رہے ہیں، لیکن اگر معافی مانگنی ہے تو وہ پاکستان کے عوام سے مانگی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی جیلیں کاٹی ہیں لیکن اللہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کیا۔ انہوں نے بیرون ملک موجود اپنے سیاسی مخالفین کو ’بھگوڑے‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہ ملک کی خدمت کر رہے ہیں نہ قوم کی۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اقتدار اللہ تعالیٰ کی ذات کے بعد عوام کے پاس ہے، اور عوام ہی ملک کی اصل طاقت ہیں۔