پی ڈی پی نے جموں و کشمیر کی اسمبلی میں شراب پر پابندی کا بل پیش کیا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, March 2025 GMT
محبوبہ مفتی نے خط میں لکھا کہ یہ بل عوام کے اہم مسائل سے متعلق ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ آپ انہیں کسی ایک جماعت کی کاوش کے بجائے عوامی فلاح کے اقدامات کے طور پر دیکھیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اسمبلی کے پہلے بجٹ اجلاس کے آغاز پر اپوزیشن پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے نیشنل کانفرنس کی اتحادی جماعت کانگریس سے اپنے تین نجی بلوں کی حمایت طلب کی ہے، جن میں شراب پر بندی کا بل بھی شامل ہے۔ پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے کانگریس کے سینیئر لیڈر غلام احمد میر کو ایک خط میں ان بلوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے حمایت کی درخواست کی۔ پی ڈی پی کے پلوامہ سے رکنِ اسمبلی وحید الرحمن پرہ نے اسمبلی میں تین بل پیش کئے ہیں، جن میں جموں و کشمیر میں شراب پر بندی، عوامی اراضی پر رہائش پذیر افراد کے حقوق کی منظوری اور عارضی ملازمین کی مستقلی سے متعلق قوانین شامل ہیں۔ محبوبہ مفتی نے خط میں لکھا کہ یہ بل عوام کے اہم مسائل سے متعلق ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ آپ انہیں کسی ایک جماعت کی کاوش کے بجائے عوامی فلاح کے اقدامات کے طور پر دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نظریات مختلف ہوسکتے ہیں لیکن عوامی مسائل مشترک ہیں اور ہمیں ان کے حل کے لئے متحد ہونا ہوگا۔
کانگریس کے لیڈر غلام احمد میر جو جنوبی کشمیر کے کے ڈورو حلقے سے ایم ایل اے ہیں، اس وقت کانگریس ورکنگ کمیٹی (CWC) کے رکن بھی ہیں۔ جموں و کشمیر اسمبلی میں کانگریس کے چھ اور پی ڈی پی کے تین اراکین ہیں، جبکہ نیشنل کانفرنس 49 رکنی حکومت کی قیادت کر رہی ہے۔ نیشنل کانفرنس کے ترجمان اور ایم ایل اے تنویر صادق نے پہلے ہی عندیہ دیا ہے کہ حکومت شراب بندی کے بل کی حمایت نہیں کرے گی، کیونکہ ان کے مطابق کشمیر ایک سیاحتی مقام ہے۔ کانگریس نے تاحال اس حوالے سے کوئی واضح موقف اختیار نہیں کیا ہے۔ محبوبہ مفتی نے خط میں مزید کہا ہے کہ 2019ء کے بعد جموں و کشمیر کے لوگوں کو بے مثال چیلنجز کا سامنا ہے، سیاسی غیر یقینی، اقتصادی جمود اور سماجی مشکلات بڑھ رہی ہیں، ایسے حالات میں ضروری ہے کہ ہم اپنے اختلافات بھلا کر عوام کے حقوق اور ان کی منفرد شناخت کے تحفظ کے لئے یکجا ہوں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: محبوبہ مفتی نے پی ڈی پی
پڑھیں:
لاہور پولیس کی کارروائی؛ شراب اور منشیات کی بڑی کھیپ برآمد
لاہور:لاہور میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شراب اور منشیات کی بڑی کھیپ برآمد کرلی۔
خفیہ اطلاع پر لیاقت آباد کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے روہی نالے سے شراب فروش کو گرفتار کرلیا۔ ملزم رکشے میں شراب چھپا کر بہار کالونی میں سپلائی کرنے آیا تھا ۔
پولیس نے ملزم کے زیر استعمال رکشے کو بھی تحویل میں لے لیا۔ گرفتار ملزم عاطف سے 150 لیٹر سے زائد شراب برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا ہے کہ شراب فروشوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب لاہور میں منشیات کی بڑی ترسیل ناکام بناتے ہوئے منشیات ڈیلر کو گرفتار کرلیا گیا۔ خفیہ اطلاع پر دوران چیکنگ بین الاضلاعی منشیات ڈیلر غلام قمر منشیات کی ڈلیوری دینے کے لیے آتا ہوا رنگے ہاتھوں بھاری منشیات سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم غلام قمر سے لاکھوں روپے مالیت کی 8 کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی۔ ملزم نے پشاور سے بذریعہ آن لائن منشیات منگوا کر مختلف اضلاع میں سپلائی دینے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں شروع کردی ہیں۔