عمران خان کواڈیالہ جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ،ترجمان پی ٹی آئی کابڑادعویٰ
اشاعت کی تاریخ: 3rd, March 2025 GMT
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ قانون اجازت دیتا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کروائی جائے جب کہ انہیں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے۔
شیخ وقاص نے کہا کہ عمران خان سے کسی کو ملنے نہیں دیا جارہا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق 6 لوگوں کو ملنے کی اجازت ہے۔ ہم نے توہین عدالت کی درخواست دی ہے۔ عمران خان سے ملنے کے لیے عدالت سے رجوع کرنا پڑتا ہے۔ توہین عدالت کے باوجود نہیں ملنے دیا جارہا۔ سیاسی رفقا کو روکا جاتا ہے، ان کی فیملی کو بھی نہیں ملنے دیا جارہا۔ وزیراعلیٰ پختونخوا کو بھی ملنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پر جتنے مقدمات بنائے گئے ہیں وہ کیسے وکلا سے مشاورت کریں گے؟۔ عدالتوں کے احکامات ہوا میں اڑائے جار ہے ہیں۔عمران خان کی کتابیں تک روکی جارہی ہیں۔ جیل حکام اخبارات تک عمران خان کو نہیں دے رہے۔ عمران خان کی اہلیہ سے ملاقات بھی دو بار ملتوی کی گئی۔
شیخ وقاص نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کی بچوں سے ملاقات نہیں کرائی جارہی۔ وکالت نامے پر دستخط کی بھی اجازت بھی نہیں دی جاتی۔ ان حرکتوں سے حکومت کی ذہنیت کے بارے علم ہوتا ہے۔حکومت کی ایسی حرکتیں احتجاج پر مجبور کررہی ہیںَ
مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص نے کہا کہ عمران خان کے اعصاب مضبوط ہیں، انہیں توڑا نہیں جا سکتا۔ ان کے طبی معائنے کے لیے ذاتی معالج کی اجازت دی جائے۔
وفاقی حکومت کے رمضان پیکیج پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں احساس پیکیج دیا تھا، اس وقت 15 ہزار دے رہے تھے۔ خیبر پختونخوا حکومت 10 ہزار روپے فی خاندان دے رہی ہے جب کہ اتنی مہنگائی کے باوجود وفاقی حکومت 5 ہزار روپے فی خاندان رمضان پیکیج دے رہی ہے۔ وفاقی حکومت ذاتی تشہیر پر پیسہ خرچ کرنے کے بجائے عوام پر لگائے۔ اختیارات کو سیاسی رشوت کے طور استعمال نہ کیا جائے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کینال پراجیکٹ جاری رکھا گیا تو ہم حکومت سے الگ ہو جائیں گے، ناصر شاہ
سندھ کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر متنازع کینال پراجیکٹ جاری رکھا گیا تو سندھ حکومت اتحادی حکومت سے علیحدگی اختیار کر سکتی ہے۔ وہ فرنیچر ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
ناصر حسین شاہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ سندھ کو کینال پراجیکٹ پر شدید تحفظات ہیں کیونکہ صوبے میں پہلے ہی پانی کی شدید قلت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پانی زیادہ ہو تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، لیکن موجودہ حالات میں یہ منصوبہ سندھ کے مفاد میں نہیں۔
انہوں نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بھی اس کینال منصوبے کو ڈراپ کر دیں گے۔
ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی بہت بہتر کام کر رہی ہے، اور ہمیں توقع ہے کہ وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھیں گے۔
اس موقع پر ناصر حسین شاہ نے فرنیچر ایکسپو کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ 100 سے زائد اسٹالز پر عوام کو فرنیچر اور انٹیریئر ڈیزائن کے جدید رجحانات سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔
ناصر حسین شاہ نے ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معدنیات کی کمی نہیں، تاہم ٹیکنیکل مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ صوبوں کا عمل دخل ختم ہو رہا ہے۔
کراچی میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان حملوں کے تانے بانے ملک دشمن عناصر سے ملتے ہیں اور ان کے خلاف ہر قسم کا ایکشن ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی رہنما محب وطن ہیں، اور سب کے لیے سب سے پہلے پاکستان ہونا چاہیے۔
Post Views: 1