قومی شاہراہ پر فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں ایک اہلکار شہید، ڈپٹی کمشنر قلات
اشاعت کی تاریخ: 3rd, March 2025 GMT
بلوچستان کے علاقے قلات میں قومی شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس میں ایک اہلکار شہید جبکہ چار زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر قلات کے مطابق دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق قومی شاہراہ سے گزرنے والی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنئی گئی ہے جبکہ آسمان پر کالے بادل چھا گئے تھے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
شمالی وزیرستان: بمبار نے بارود بھری گاڑی قافلے سے ٹکرا دی، 2 فوجی شہید
شمالی وزیرستان کے علاقے ایدک میں خودکش بمبار نے بارودی مواد سے بھری گاڑی قافلے سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں 2 فوجی شہید ہوگئے۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اس حملے میں 2 شہریوں سمیت کم از کم 10 افراد زخمی ہوئے، حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
شہدا اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے آس پاس کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
لکی مروت میں پولیس پر حملہ
دوسری جانب لکی مروت کے علاقے عباسہ خٹک میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک عسکریت پسند ہلاک ، جب کہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس عہدیدار نے بتایا کہ یہ فائرنگ اس وقت شروع ہوئی، جب دریا پار پٹی کے علاقے میں پولیس کے گشت کرنے والے اہلکاروں پر حملہ کیا گیا، دہشت گردوں نے عباسہ خٹک اور وانڈا شہاب خیل کے درمیان پولیس وین پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا۔
عہدیدار نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد جواد اسحٰق نے حملے کو ناکام بنانے کے لیے علاقے میں کمک روانہ کی۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران پولیس نے ایک عسکریت پسند کو مار گرایا، جب کہ اس کے ساتھی قریبی پہاڑوں میں فرار ہوگئے۔