علی امین کی ترجیحات میں صوبے کے غریب عوام نہیں اڈیالہ کا قیدی ہے: عظمی بخاری
اشاعت کی تاریخ: 3rd, March 2025 GMT
وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا لاقانونیت، دہشتگردی اور کرپشن میں سبقت لے رہا ہے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ ایک سال میں 365دن ہوتے ہیں اور کے پی حکومت نے 625منصوبے ایک سال میں شروع کردئیے؟ گنڈاپور سرکار کے 625 منصوبے بھی ایک ارب درختوں کی طرح ہونگے۔انہوں نے کہا کہ ایک سال میں ایک دن بھی کے پی حکومت کے کسی وزیر یا وزیراعلی کو نئے منصوبے کا افتتاح کرتے نہیں دیکھا ، ایک سال میں 625 دفعہ تو وزیر اعلی دفتر تک نہیں آئے تو کیا یہ منصوبے موکلات نے شروع کروادئیے؟عظمی بخاری نے کے پی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس صوبے کے پاس یونیورسٹیوں کو چلانے کا بجٹ نہیں اس کو یونیورسٹیوں کی زمینیں بیچنا پڑیں وہ 625منصوبے شروع کرنے کا جھوٹ مت بولے، خیبرپختونخوا میں سرکاری ملازمین تنخواہوں کیلئے اور بلدیاتی نمائندے فنڈز کیلئے ہر ہفتے احتجاج کرتے ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ علی امین کی ترجیحات میں صوبے کے غریب عوام نہیں اڈیالہ کا قیدی ہے ، خیبرپختونخوا میں کرپشن اپنے عروج پر ہے،احتساب کمیٹی کے لوگ خود اس میں ملوث ہیں ، گھڑیاں،انگوٹھیاں اور 190ملین کے ڈاکے مارنے والے کی احتساب کمیٹی خود قابل احتساب ہے۔لیگی رہنما نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کو وفاق سے ملنے والے فنڈز صرف جلسے،دھرنے اور بندربانٹ کی نذر ہورہے ہیں ، وفاقی حکومت کو خیبرپختونخوا کو دیئے فنڈز کا آڈٹ کروانا چاہیے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ایک سال میں
پڑھیں:
انتخابات کب ہوں گے؟وفاقی وزیرنےبتادیا
سوات(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر اور وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو یوکرینی صدر زیلنسکی کے ساتھ روا رکھے گئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے رویے سےسبق سیکھنا چاہیے۔اگلے عام انتخابات 2029 میں ہی ہوں گے، اپوزیشن تب تک انتظار کرے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا امیر مقام نے سوات کے علاقے اسلام پور میں نادرا سینٹر کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران احمد خان نیازی کو ڈونلڈ ٹرمپ کے یوکرینی صدر کے ساتھ رویے سے سبق سیکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خطوط کا انجام صرف باسکٹ ہی ہوگا، کوئی پڑھنے والا نہیں، عوام ذاتی مفادات پر مبنی اتحادوں کو خوب جانتے ہیں۔
اپوزیشن کے اتحاد سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ اتحاد کسی پائیدارمقصد کے لیے نہیں بلکہ محض ذاتی مفادات کے حصول کے لیے بن رہے ہیں، اگر اتحاد بنانا ہے تو ملک میں دہشت گردی، معاشی مسائل اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے بنایا جائے۔
امیرمقام کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو سول ملٹری الائنس ہضم نہیں ہو رہا ہے اور وہ اس حوالے سے بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے خطاب میں کہا کہ اگلے عام انتخابات 2029 میں ہی ہوں گے، اپوزیشن تب تک انتظار کرے۔پی ٹی آئی کی حکومت کے پاس صوبے کے عوام کے لیے کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں ہے، یہ محض اقتدار کے حصول میں مصروف ہیں، پہلے اسلام آباد پر قبضے کے خواب دیکھ رہے تھے، اب وزارتوں کے لیے سرگرداں ہیں مگر انہیں خیبرپختونخوا کے عوام کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام پی ٹی آئی کی حقیقت جان چکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کی مقبولیت کا گراف تیزی سے گر رہا ہے اور اوورسیز پاکستانیوں نے بھی پی ٹی آئی کی کال کو مسترد کر دیا ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اب ان کی حقیقت جان چکے ہیں۔انہوں نے گرینڈ الائنس کے حوالے سے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد کس مقصد کے لیے بنایا جا رہا ہے؟ حقیقت میں یہ لوگ پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کو ہضم نہیں کر پا رہے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملکی استحکام و ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔