پختونخوا میں سردی لوٹ آئی، برفباری کے مناظر نے دل موہ لیے؛ ویڈیوز دیکھیں
اشاعت کی تاریخ: 3rd, March 2025 GMT
پشاور:
خیبر پختونخوا میں سردی لوٹ آئی جب کہ بارش اور برف باری کی وجہ سے موسم کی شدت کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور سمیت خیبر پختون خوا میں گزشتہ رات ایک مرتبہ پھر سے وقفے وقفے سے بارش شروع ہوئی، جس سے موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے 4 مارچ تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور سرد ترین پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اتوار کے روز دن بھر تیز دھوپ رہی تاہم افطار سے کچھ دیر پہلے گہرے بادل چھا گئے اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔پچھلے کئی ماہ سے مسلسل خشک موسم کے بعد پچھلے ایک ہفتے سے بارشوں کا موسم جاری ہے۔
اُدھر دیر کے شہری علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوا ہے، جس سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی۔
وادی کمراٹ، لواری ٹنل، شاہی بن شاہی، کلپانی، لڑم عشیرئی درہ اور دیگر بالائی علاقوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے کئی سڑکیں بند ہو گئی ہیں جب کہ بارش اور برفباری کے بعد بجلی غائب ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
علاوہ ازیں رستم کے علاقے تحصیل بھر اور مضافاتی علاقوں گزشتہ شب سے بارش جاری ہے۔ مسلسل اور موسلادھار بارش سے موسم دوبارہ ٹھنڈا ہوگیا۔ سڑکوں اور نشیبی علاقے مسلسل بارش کی وجہ سے زیر آب آ چکی ہیں۔
پشاور میں گزشتہ شب بارش کے ساتھ ہی شہر کے بیشتر علاقوں کی بجلی بھی غائب ہو گئی۔ رات 9 بجے ہوا چلی اور بارش ہوئی جس کے ساتھ ہی بجلی بند کی گئی جو آج صبح تک بحال نہیں کی گئی تھی۔ بجلی بندش کی وجہ سے شہریوں کو سحری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ملک کے مختلف علاقوں میں آج اور کل شدید بارش، ژالہ باری کا امکان
فائل فوٹوملک کے مختلف علاقوں میں آج اور کل شدید بارش اور بعض مقامات میں ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں شدید موسمی صورت حال کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
اٹک، چکوال، گجرات، جہلم میں آندھی طوفان اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب اور میانوالی بھی شدید موسم کی زد پر آ سکتے ہیں۔
لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا اور شیخوپورہ کے لیے بھی موسم کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔
آئندہ 48 گھنٹے میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش و برفباری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارش برفباری سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کاخدشہ ہے۔