عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے نوآبادیاتی منصوبے کو روکنے کے لئے مداخلت کرے، حریت کانفرنس
اشاعت کی تاریخ: 3rd, March 2025 GMT
ترجمان حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ بھارت 27 اکتوبر 1947ء کو جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کے بعد سے مقامی کشمیری آبادی کو پسماندہ رکھنے اور ختم کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت علاقے میں اپنے نوآبادیاتی منصوبے پر اسی طرح تیزی سے عمل پیرا ہے جس طرح اسرائیل فلسطین میں ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت زمینوں پر قبضوں، آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور معاشی طور پر کشمیریوں کا گلا گھونٹنے کی پالیسیوں کے ذریعے منظم طریقے سے مسلم اکثریتی جموں و کشمیر کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت 27 اکتوبر 1947ء کو جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کے بعد سے مقامی کشمیری آبادی کو پسماندہ رکھنے اور ختم کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیریوں کی املاک پر غیر قانونی قبضوں، سرکاری ملازمتوں سے برطرفی اور علاقے میں غیر کشمیری ہندئوں کی آباد کاری سمیت بھارتی اقدامات کشمیریوں کو سیاسی، ثقافتی اور اقتصادی طور پر کمزور کرنے کے وسیع تر ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ حریت ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیاں جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں جن کی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا آخری ہدف کشمیری تشخص کو مٹانا اور ہندو آبادکاروں کی ایک کالونی کا قیام ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مقبوضہ علاقے میں بھارت کے نوآبادیاتی منصوبے کو روکنے اور کشمیری عوام کے حقوق کو برقرار رکھنے کے لیے عالمی مداخلت پر زور دیا۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: حریت کانفرنس علاقے میں کہ بھارت نے کہا
پڑھیں:
کانفرنس کے مقررین کا کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا
مظفر آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی قومی کانفرنس کے مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر کاز کو مسخ کرنے کے لیے پروپیگنڈہ کا بڑے پیمانے پر سہارا لے رہا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی قومی کانفرنس نے علاقائی امن، تزویراتی استحکام اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ ذرائع کے مطابق یہ کانفرنس ”آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ“ کی چھٹی برسی کے موقع پر منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں بھارت کے عسکری عزائم، سرحد پار اشتعال انگیزیوں اور اقلیتوں پر منظم جبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ 27 فروری 2019ء کے آپریشن سائفٹ ریٹارٹ نے بھارت کے روایتی برتری کے دعووں کو خاک میں ملایا، پاکستان کی ڈیٹرنس پوزیشن کو تقویت بخشی اور کسی بھی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کے عزم کو ظاہر کیا۔ مقررین نے کہا کہ بھارت کشمیر کاز کو مسخ کرنے کے لیے پروپیگنڈہ کا بڑے پیمانے پر سہارا لے رہا ہے۔ ”27 فروری، کشمیر تنازعہ، امن اور استحکام پر پاکستان کے حل کا اثبات“ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد سنٹر فار انٹرنیشنل اینڈ سٹریٹیجک سٹڈیز (سی آئی ایس ایس) نے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی میں کیا تھا۔
آزاد جموں و کشمیر کے قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر مہمان خصوصی تھے۔ قائم مقام صدر نے 27 فروری 2019ء کے واقعات کو یاد کیا اور کہا کہ پاکستان کے ردعمل نے روایتی فوجی برتری کے بھارت کے دعووں کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھی غیر متزلزل طور پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ لطیف اکبر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ عالمی سرمایہ داری کے معاشی مفادات کیوجہ سے کشمیریوں اور فلسطینیوں کے مصائب کی طرف توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ پالیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نے اپنی علاقائی سالمیت کے دفاع اور کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں حمایت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک پاکستانی سکھ رہنما رمیش سنگھ اروڑہ نے بھارت کو سرحد پار دہشت گردی کا مرکز قرار دیا اور وہاں اقلیتوں پر جبر کو اجاگر کیا۔ انہوں نے 27 فروری 2019ء کے واقعات پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے ایک اہم لمحہ قرار دیا، جو بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی فوجی تیاری کو ثابت کرتا ہے۔ میجر جنرل (ر) سید شہاب شاہد نے خبردار کیا کہ بھارت فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہا ہے جس سے علاقائی تزویراتی توازن کو خطرہ ہے۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) سرفراز ستار نے کہا کہ جھوٹ اور پروپیگنڈہ پر مبنی بھارتی بیانیے کیوجہ سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا ہے۔