رمضان المبارک کے دوران کن اوقات میں گیس ملے گی؟ شیڈول جاری
اشاعت کی تاریخ: 2nd, March 2025 GMT
لاہورمیں رمضان المبارک کے دوران گیس فراہمی کے لیے نیا شیڈول نافذالعمل کر دیا گیا۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی نے سحری و افطاری کے اوقات میں پریشر کے ساتھ گیس فراہمی کا فیصلہ کر لیا۔
سحری کے لےی رات اڑھائی سے لے کر صبح 8 بجے تک پریشر کے ساتھ گیس ملے گی، افطاری کے اوقات میں دوپہر اڑھائی سے لے کر رات 10 بجےتک گیس دی جائے گی۔
کمپنی نے رمضان المبارک میں بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے 100 ٹیمیں تشکیل دے دیں، جنرل مینجر لاہور ایسٹ راشد عنایت کے مطابق ٹیمیں 24گھنٹےفرائض انجام دیں گی۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
حکومتی دعوے دھرے کے دھرے، کراچی کے مختلف علاقوں میں سحر و افطار کے وقت گیس غائب
کراچی:ماہ رمضان کی پہلی سحری کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی سحر و افطار کے وقت بند رہی، حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے شہریوں کو سحری کے وقت کھانا پکانے میں مشکلات پیش آئیں۔
تفصیلات کے مطابق ملیر رفاع عام سوسائٹی، ناظم آباد، گلبہار اور رنچھوڑ لائن جیسے علاقوں میں گیس غائب تھی جس سے سحری کے اوقات میں شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، افطار سے قبل ایل پی جی کی دکانوں پر شہریوں کا رش لگا رہا ،گیس سے محروم علاقوں کے مکینوں نے بازار سے اشیاء خرید کر روزہ افطار کیا۔
ایس ایس جی سی نے رمضان میں رات 3 بجے سے صبح 9 بجے تک گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، مگر اس کے باوجود سحر و افطار کے اوقات میں گیس کی فراہمی میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ شہریوں نے ایس ایس جی سی سے مزید اقدامات کی توقع کی ہے تاکہ رمضان میں گیس کی فراہمی میں کوئی خلل نہ آئے اور عوام کو اس پریشانی سے نجات مل سکے۔
رمضان کے مہینے میں کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو سحری اور افطاری کے اوقات میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عزیز آباد، حسین آباد، دستگیر، واٹر پمپ، انچولی، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، گلزار ہجری، ملیر جعفر طیار سوسائٹی، لیاقت اسکوائر، جناح اسکوائر، ایف ساؤتھ، جی ایریا، اردو نگر، کھوکرا پار اور دیگر علاقوں میں گیس کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کا پریشر انتہائی کم ہے اور اکثر علاقوں میں گیس مکمل طور پر بند ہو جاتی ہے۔ اس صورتحال نے خواتین کو افطاری اور سحری کے کھانے پکانے میں مشکلات کا سامنا کروا دیا ہے۔
علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ اعلان کردہ اوقات میں بھی گیس دستیاب نہیں جن علاقوں میں گیس مہیا کی جارہی ہے وہاں بھی شیڈول سے پہلے ہی گیس بند کردی گئی۔