کراچی سمیت مختلف شہروں میں سحری میں گیس غائب
اشاعت کی تاریخ: 2nd, March 2025 GMT
کراچی کے مختلف علاقوں میں سحری کے اوقات میں گیس غائب رہی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی سحری میں گیس بندش کی شکایات موصول ہوئیں۔ سوئی ناردرن نے دعویٰ کیا تھا کہ گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر لیے ہیں، سحر و افطار اور دوپہر کے وقت گیس بلاتعطل فراہم کی جائے گی۔ سوئی سدرن نے بھی اعلان کیا تھا کہ رمضان المبارک میں سحری میں رات سے صبح 9 بجے تک گیس دستیاب ہوگی، دوپہر ساڑھے 3 سے رات 10 بجے تک گیس دستیاب ہوگی تاہم پہلے روزے کی سحری میں ہی گیس کی بلا تعطل فراہمی کے سوئی گیس حکام کے دعوے غلط ثابت ہوئے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پنجاب کے مختلف شہروں سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 6 ملزمان گرفتار
لاہور:ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن میں 3 اشتہاری بھی شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد عارف حسین، ابرار علی، امتیاز علی، محمد ایان بٹ، آصف رضا اور ذکا اللہ عرف احسان اللہ سیفی کے ناموں سے ہوئی۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو جہلم، ڈسکہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم ابرار علی نے 6 شہریوں کو یورپ بھجوانے کا جھانسہ دے کر 2 کروڑ روپے سے زائد کی رقم وصول کی اور انہیں وزٹ ویزے پر موریطانیہ بھجوا دیا، جہاں سے انہیں کشتی کے ذریعے یورپ بھیجنے کی کوشش کی گئی، تاہم شہریوں نے غیر قانونی سفر سے انکار کر دیا اور واپس آ گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم آصف رضا سال 2022 سے اشتہاری تھا اور شہریوں کو یورپ بھجوانے کے لیے 1 کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد بٹورے، مگر انہیں یورپ کی بجائے آذربائیجان بھجوا دیا۔ آذربائیجان میں ملزم کے ساتھیوں نے شہریوں کو محصور کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور تاوان کا مطالبہ کیا، تاہم ایک ماہ بعد شہری کسی طرح جان بچا کر واپس پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔
ملزم امتیاز نے ایک شہری کو اٹلی میں ملازمت دلوانے کے نام پر 8 لاکھ روپے وصول کیے، جبکہ ملزم ایان بٹ نے ایک شہری کو برطانیہ بھجوانے کے لیے 60 لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیا لی۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم عارف حسین اور ذکا اللہ سال 2012 سے انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں اشتہاری تھے۔ ملزم عارف حسین نے شہری کو بیرون ملک ملازمت کے بہانے 1 لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد رقم وصول کی، جبکہ ذکا اللہ نے 2012 میں ایک شہری کو دبئی بھجوانے کے نام پر 1 لاکھ 80 ہزار روپے وصول کیے، مگر ملزمان اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں اور جلد مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے نے شہریوں کو غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔