’’ تم جیتو یا ہارو ہمیں تم سے پیار ہے‘‘
اشاعت کی تاریخ: 2nd, March 2025 GMT
جب کھلاڑیوں کو یہ باورکرا دیا جائے کہ ’’ تم جیتو یا ہارو، ہمیں تم سے پیار ہے‘‘ تو چیمپئنز ٹرافی میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو برا کہنے والے لاکھوں تماشائی اور کروڑوں پاکستانی کون ہوتے ہیں؟
یقینا پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی سکت کے مطابق 241 رنزکا اسکور کھڑا کر دیا تھا، اب اگر بھارتی کھلاڑی اسے خاطر میں نہیں لائے اور انھوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے تیزی سے رنز بنائے اور پھر ان کے ایک منجھے ہوئے کھلاڑی نے جو پچھلی چیمپئنز ٹرافی میں فلاپ ہوگیا تھا اب موقع غنیمت جان کر ایک سنچری بنا ڈالی تو اب بھارتی کھلاڑیوں سے کیا گلہ کیا جائے؟ جب انھیں اپنی مرضی کے مطابق نرم ٹیم ملی تو وہ کیوں فائدہ نہ اٹھاتے۔ انھوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور وہ بھی ایسا کہ پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی سے باہر نکلنے کی بنیاد رکھ دی۔
ہمارے وزیر اعظم نے انھیں نصیحت کی تھی کہ ’’ دیکھو بھارتی ٹیم کو پچھاڑ کر ہی واپس آنا‘‘ مگر کھلاڑیوں نے ان کے فرمان کے برعکس ہی کیا لیکن شاید اس کی وجہ یہ رہی کہ جب کرکٹ کے کرتا دھرتا یعنی منتظم اعلیٰ جن سے کھلاڑیوں کا براہ راست واسطہ تھا وزیر اعظم کی نصیحت سے ہٹ کر یہ مشورہ دیں کہ ’’ تم جیتو یا ہارو ہمیں تم سے پیار ہے‘‘ تو وہ کیونکر ان کا کہنا ٹالتے۔
پھر دوسری طرف بھارت کو ہرا کر کیوں بھارتیوں کا دل توڑتے اور اگر بھارتی ٹیم ہار جاتی تو اس کی تو شامت ہی آ جاتی کیوں کہ بھارتی کھیلوں کے وزیر سے لے کر کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار نے بھی انھیں بتا دیا تھا کہ پاکستان سے ہارنا سخت منع ہے، چنانچہ انھوں نے اپنے منتظمین کے کہنے پر عمل کیا، ورنہ بھارت پہنچ کر ان کی وہ رسوائی اور کھنچائی ہوتی کہ اور کہا جاتا کہ تم سب سے ہارتے مگر پاکستان سے کیوں ہارے؟ جب کہ دوسری طرف پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ایسی کوئی پابندی نہیں تھی۔
اس میں شک نہیں کہ کرکٹ کا کھیل گرگٹ کی طرح رنگ بدلتا رہتا ہے ،کبھی کسی ٹیم کی طرف پلڑا جھک جاتا ہے تو کبھی دوسری کی طرف۔ ہمارے کھلاڑی اتنے سیدھے سادھے نکلے کہ وہ کرکٹ کے پیچ و خم سے ہی واقف نہ نکلے کہ کس وقت کیسی بیٹنگ کرنا ہے اور کیسی بالنگ کرنا ہے۔
تاہم یہ بات تمام کھلاڑیوں پر صادق نہیں آتی ہے، البتہ بالکل نووارد اور سفارشیوں پر ضرور لاگو ہوتی ہے۔ وہ بھی تو کھلاڑی تھے جنھوں نے گزشتہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کو ناکوں چنے چبوا دیے تھے اور شکست سے دوچار کردیا تھا۔
افسوس کہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں ان میں سے صرف دو کھلاڑی یعنی بابر اعظم اور شاہین شاہ کے علاوہ تمام کھلاڑی نئے تھے حتیٰ کہ کپتان محمد رضوان بھی نووارد ہیں۔ نئے کھلاڑیوں نے ابھی تک کرکٹ کے کسی اہم ایونٹ یعنی ورلڈ کپ، ٹی 20 یا چیمپئنز ٹرافی میں حصہ نہیں لیا ہے۔
جب چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ سے شکست کھا گئی تھی تو بی بی سی کے ایک مبصر نے کہا تھا اسٹیڈیمز بنانے کے جنون میں اسٹیڈیمز تو جیسے تیسے بن گئے مگر اس تگ و دو میں منتظمین ٹیم کا بنانا بھول گئے جس کا نتیجہ آج آگیا۔
پاکستان اس بار چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگیا ہے مگر ہمیشہ ہی ایسی صورت حال نہیں رہے گی بشرطیکہ ٹیم پر بھرپور توجہ مرکوزکی جائے۔ بہرحال اس وقت تو مایوس کن صورت حال ہے اور پوری قوم مایوسی کے سمندر میں ڈوبی ہوئی ہے مگر اسے آگے ضرور خوشیاں دیکھنا نصیب ہوں گی۔
ایک سوال یہ بھی ہے کہ کیا کھلاڑیوں کا سلیکشن درست نہیں ہوا؟ تو کہا جا رہا ہے کہ سلیکٹرز کی جانب سے سراسر غلطیاں سرزد ہوئی ہیں۔ حال ہی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو یکسر نظرانداز کیا گیا ان کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔
خوش دل کسی طرح بھی صائم ایوب کا متبادل نہیں تھا ۔ اس نے ہی شبھمن گل کا کیچ ڈراپ کرکے ٹیم کے ہارنے کی بنیاد رکھ دی تھی، پھر سعود شکیل نے بھی شریاس آیئرکا کیچ چھوڑ کر ٹیم کو مزید مایوس کیا۔ اگر یہ دونوں کیچ پکڑ لیے جاتے تو شاید میچ کا رخ تبدیل ہو سکتا تھا اور اگر پاکستان نہ بھی فاتح ہوتا تو کم سے کم بھارت آسانی سے میچ نہ جیت پاتا مگر اسے کیا کہا جائے کہ نہ تو پاکستان کی بالنگ ہی چل سکی اور نہ ہی بیٹنگ کوئی کارنامہ انجام دے سکی۔
پاکستان کے سب سے قابل اعتماد بالر شاہین آفریدی نے بہت ہی مایوس کن بالنگ کی، انھوں نے 74 رن دے کر دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ بلے بازوں کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہے کہ میچ کی کل 300 بالز میں سے انھوں نے صرف 147 کو کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ بلے بازوں کے بارے میں کئی مبصر کہہ رہے ہیں کہ وہ ایسے ڈر ڈر کرکھیل رہے تھے جیسے پچ میں بارودی سرنگیں بچھی ہوئی تھیں، حتیٰ کہ بابر اعظم جیسا منجھا ہوا کھلاڑی اتنی احتیاط سے کھیل رہا تھا کہ رن بنیں نہ بنیں کہیں وہ آؤٹ نہ ہو جائے ورنہ وہ پہلے سے کہیں زیادہ تنقید کا نشانہ نہ بن جائے گا۔
اسے اوپنر بھیج کر بھی اچھا نہیں کیا گیا۔ ٹیم کی کارکردگی پر تو پہلے ہی سوال اٹھائے جا رہے تھے اور کہا جا رہا تھا کہ ٹیم کا جیتنا مشکل ہے۔ گزشتہ چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے کپتان سرفراز جیسے کتنے ہی کھلاڑی ابھی کرکٹ کھیل سکتے ہیں مگر جلد ہی فارغ کر دیا گیا ۔
ٹیم کے سلیکشن میں تو غلطی کی ہی گئی ادھر کوچنگ بھی اطمینان بخش نہیں رہی۔ کھلاڑیوں میں مستقل مزاجی اور پروفیشنل ازم کا فقدان تھا۔ امریکا کے ساتھ میچ ہارنے کے بعد ہی انتظامیہ کو ٹیم کی خراب کارکردگی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت تھی۔
بھارتی عوام سے کہیں زیادہ بھارتی حکومت پاکستان کے ہارنے سے بہت خوش ہے۔ پہلے تو اس نے سر توڑ کوشش کی تھی کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی منعقد ہی نہ ہونے پائے۔ اس میں تو اسے ضرور شکست ہوئی مگر اب پاکستانی ٹیم کے میچ سے ہی باہر ہونے پر انھیں بہت سکون ملا ہوگا تاہم وہ ابھی بھی چین سے نہیں بیٹھے ہیں وہ پاکستان میں ہونے والے باقی میچوں کو بھی دبئی منتقل کرانے کی سازش کر رہے ہیں۔
اس سلسلے میں بھارتی چینلز پر زور و شور سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کا خطرہ ہے اور کسی بھی وقت دہشت گرد کھلاڑیوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ اب بتائیے کہ بھارت کی انتہا پسند حکومت پاکستان دشمنی میں کتنی آگے نکل چکی ہے اور ہم اس سے تعلقات کو بحال کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ لگتا ہے بھارت کو بھی اس نظریے سے دیکھا جا رہا ہے کہ تم دوستی کرو یا دشمنی، ہمیں تم سے پیار ہے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
چیئرمین پی سی بی کی ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں سے ملاقات
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے کرکٹ کی مہارتوں، پرفارمنس، ڈائٹ پلان، فٹنس اور ٹریننگ کے امور کے بارے تفصیلی بات چیت کی۔
کھلاڑیوں نے ہائی پرفارمنس سنٹرز میں تربیت، فنٹس اور ڈائٹ پلان کے حوالے سے مسائل کے بارے آگاہ کیا جس پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے مسائل کے حل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔
یہ بھی پڑھیے: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو کونسا نیا عہدہ ملنے جارہا ہے؟
چیئرمین پی سی بی نے ان کھلاڑیوں کو تمام اکیڈمیز تک رسائی دینے کافیصلہ بھی کیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی فٹنس کے لیے خصوصی طور پر ڈائٹ پلان تیار کرنے اور ان کے فزیکل ٹریننگ کے لیے ٹریننرز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی ملاقات
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے کرکٹنگ سکلز۔ پرفارمنس۔ ڈائٹ پلان۔ فٹنس اور ٹریننگ کے امور کے بارے تفصیلی بات چیت کی
کھلاڑیوں نے ہائی پرفارمنس سنٹرز میں تربیت ۔… pic.twitter.com/RRTOuFR9J1
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) March 2, 2025
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آپ پاکستان کے مستقبل کے سٹارز ہیں، آپ کے لیے وسائل کی فراہمی پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔
اس موقع پر ایڈوائزر عامر میر، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ بھی موجود تھے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
چیئرمین پی سی بی ڈومسٹک کرکٹ